وحدت نیوز(گلگت) خیر العمل ویلفیئر اینڈڈویلپمنٹ ٹرسٹ نے رمضان المبارک کے آخری عشرے کو عشرہ ایتام کے عنوان سے منانے کا عہد کیا ہے۔صوبائی سیکرٹریٹ گلگت اور جامع مسجد غلمت نگر میں خیر العمل ویلفیئر ایند ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کی جانب سے گلگت ڈویژن کے137 بچے بچیوں میں سکالرشپ تقسیم کئے جائیں گے۔
مجلس وحدت مسلمین کا شعبہ فلاح و بہبود خیر العمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کی جانب سے جامع مسجد غلمت نگر اور وحدت ہائوس گلگت میں یتیم خاندانوں میں سات لاکھ روپے تقسیم کئے جائیں گے۔صوبائی سیکرٹری خیرالعمل ویلفیئر اینڈڈویلپمنٹ ٹرسٹ علی حیدر نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا شعبہ فلاح و بہبود انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتاہے اور اس مرتبہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کو عشرے ایتام کے عنوان سے منایا جائیگا۔خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کے زیر اہتمام سال 2012 سے یتیم بچوں اور بچیوں میں ہر تین ماہ بعد سکالرشپ کا اجراء کیا جاتا ہے اور اس وقت تک تقریباً ایک کروڑ پچاسی لاکھ روپے یتیم خاندانوں کی کفالت کی مد میں تقسیم کئے جاچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت استور، ہنزہ نگر اور گلگت کے تقریباً 141 یتیم گھرانوں کی رجسٹریشن مکمل کی گئی ہے اور انشاء اللہ خدا کی تائید و نصرت اور مخیر حضرات کے تعاون سے بہت جلد ان یتیم خاندانوں کی کفالت کے فریضے سے سبکدوش ہونے کا شرف نصیب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان اور گلگت بلتستان میں خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ تعلیم، صحت، صاف پانی کی فراہمی ،قدرتی آفات ضرورت مندوں کی مدد اور معاشرے سے غربت و افلاس کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے۔