وحدت نیوز(کراچی) شہر قائد میں گلبہار کالونی کے علاقے کشمیری محلہ اور غریب نواز محلے میں بارشوں کے بعد تاحال کئی کئی فٹ گندا پانی اب بھی موجود ہے، صورتحال ایسی گھمبیر ہے کہ 1952ء میں قائم ہونے والی مسجد و امام بارگاہ میں پہلی بار عید کی نماز بھی نہیں ہو سکی، مجلس وحدت مسلمین کیجانب سے متاثرین میں راشن کی تقسیم۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں انتظامیہ اور سندھ حکومت کی بے حسی عروج پر پہنچ گئی، شہریوں کی عید خراب ہوگئی، گلبہار کالونی ڈوب گئی، کشمیری محلہ اور غریب نواز محلے میں کئی کئی فٹ پانی اب بھی موجود ہے، ہر طرف کچرے، گندگی اور غلاظت نے ڈیرہ جمایا ہوا ہے، صورتحال ایسی گھمبیر ہے کہ 1952ء میں قائم ہونے والی مسجد و امام بارگاہ میں پہلی بار عید کی نماز بھی نہیں ہو سکی۔ مجبور، بے بس اور پریشان لوگ خود پانی نکالنے پر مجبور ہیں۔ پانی اور گندگی اتنی بڑھ گئی ہے کہ رہائشی چھتوں پر رہ رہے ہیں۔ علاقے میں انتظامیہ یا حکومتی عملہ تاحال نہیں پہنچا۔ گزشتہ شب مجلس وحدت مسلمین کے ذیلی ادارے خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کراچی کی ٹیم نے سیکرٹری زین رضا کے ہمراہ بارش اور دو فٹ سے زائد کیچڑ اور نالے کے پانی کی موجودگی میں گهر گهر جا کر متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔ اس موقع پر عوام نے اس مشکل وقت میں ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا اور دعائیں دی، جبکہ خیرالعمل ٹرسٹ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔