وحدت نیوز (چنیوٹ) پاکستان بھر کی طرح مجلس وحدت مسلمین کے شعبہ وحدت اسکاوٹس کے زیراہتمام چنیوٹ میں رجوعہ سادات کے مقام پر، خاکی، سیاہ اور نیلی وردیوں میں ملبوس وحدت اسکاوٹس کے چاک و چوبند دستوں نے، یوم پاکستان کی مناسبت سے پاکستان کے خاکی سبز ہلالی پرچم کو سلامی دی۔ پریڈ کے مہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس اور ضلع چنیوٹ کے ڈی پی او تھے۔ سلامی کے چبوترے پر ڈی پی او چنیوٹ اور علامہ راجہ ناصرعباس کے ساتھ وحدت یوتھ ونگ کے انچارج سید فضل عباس نقوی اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری امور سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی موجود تھے۔ وحدت اسکاوٹس کے پانچ سو رضاکاروں کے کئی دستوں نے سلامی کے چبوترے سے گذرتے ہوئے قومی پرچم کو سلامی دی۔ سلامی دینے والے ایک دستے کی قیادت جامعہ بعثت رجوعہ سادات کے سربراہ مولانا مظہر کاظمی کر رہے تھے، جبکہ جامعہ بعثت کے نائب سربراہ مولانا مہدی کاظمی پریڈ کمانڈر کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔ واضح رہے کہ پریڈ کی تیاریوں کی سلسلے میں علما کی سرپرستی میں وحدت اسکاوٹس کی طرف سے ملک گیر سطح پر تیاریاں کی گئی تھیں، پریڈ کے کامیاب انعقاد میں ایم ٹی آئی رجوعہ سادات نے کلیدی کردار ادا کیا۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریب میں اہل علاقہ، طلاب اور علمائے کرام کی کثیر تعداد ایم ٹی آئی رجوعہ سادات کے پریڈ گراونڈ میں موجود تھی۔ مہمانوں نے یوم پاکستان کے موقع پر وطن عزیز کے ساتھ تجدید عہد کیا اور تقریب کے انعقاد کے لیے جامعہ بعثت کے تعاون اور وحدت اسکاوٹس کے ذمہ داروں اور کارکنوں کی کاوشوں کو داد تحسین دی۔