وحدت نیوز(اسلام آباد) وحدت یوتھ پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد یونس حیدری نے جشن آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے تہنتی پیغام میں کہا ہے کہ ملک کو باوقار، مستحکم اور پرامن بنانے کا عزم لئے مادر وطن کے ہر جوان سے 14 اگست کا دن تجدید عہد کا تقاضا کرتا ہے۔ وطن عزیز کا فرد فرد جب تک قائد اعظم اور علامہ اقبال کے فرمودات پر عمل پیرا ہونے کا عہد نہیں کرے گا پاکستان ہمیشہ بحرانوں کا شکار رہے گا اور وطن میں امن، اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کی فضا قائم نہیں ہو سکے گی۔ 14 اگست بانیان پاکستان کی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کو یاد کرنے اور شہدائے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔
انہوں نے کہاکہ وطن کے دشمنوں اور ان کی سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے کربلائی عزم و ارادہ رکھنے والے جوان مادر وطن کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کو ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔ محب وطن پاکستانی جوان ملک کی تعمیر ترقی اور وطن عزیز کو استعماری غلامی سے نجات دلانے کے لئے ہر ممکنہ قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ وطن عزیز پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں اور عظیم جدوجہد کا ثمر ہے مکتب اھل البیت کے پروردہ جوان اسے چوروں، لٹیروں اور نامحرموں کے ہاتھوں نیلام ہونے نہیں دیں گے۔