وحدت نیوز (لاہور) وحدت یوتھ پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ شیخ اعجاز حسین بہشتی کاکہنا تھا کہ جوان کسی بھی معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور پاکستان کی ترقی اور بیرون ملک امیج بلڈنگ میں جوانوں کا بہت بڑا کردار ہے ۔،زینب قتل کیس پر بات کرتے ہوئے علامہ اعجازبہشتی کا کہنا تھا کہ جوانوں کو ایسے واقعات سے سبق سیکھنا چاہیے اور مستقبل میں اپنے آس پاس کے ماحول سے با خبر رہیں تا کہ ایسے مزید واقعات پیش نہ آ سکیں ۔
انہوں نے کہا جوانوں کو زمانے کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہناچاہیے۔جامعہ پنجاب میں گزشتہ دنوں ہونے والے واقعات سے متعلق بات کرتے ہوئے علامہ اعجازبہشتی نے کہا کہ جامعات میں مثبت سیاسی سرگرمیوں کی جگہ شر پسندی نے لے لی ہے اور چند شر پسند عناصر جامعات کے ماحول کو خراب کر رہے ہیں جن کے خلاف قانونی کاروائی کر کے پنجاب یونیورسٹی سمیت تمام تعلیمی اداروں میں سے اس شر پسند مافیا کا خاتمہ کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رہبر انقلاب کے فرمان کے مطابق یونیورسٹیز میں زیرتعلیم تمام طلاب پر لازم اور فرض ہے کہ دنیا میں رونما ہونے والے واقعات سے باخبر رہیں اور اپنے آپ کو زمانے کے مطابق تیار کریں۔علامہ اعجاز بہشتی نے کہاکہ جوان طالب علموں کو چاہیے کہ اسلامی تنظیموں اور انجمنوں کے ساتھ تعلقات قائم کریں اور نوجوان جو بھی کام کریں وہ اللہ تعالی کی رضا کے لئے اپنا وظیفہ سجمھ کر کریں۔