تہران اسلام آبادکو تعلقات میں فروغ لانے کیلئے کسی کی اجازت کا منتظر نہیں رہنا چاہیے، امام سید علی خامنہ ای

13 مئی 2014

وحدت نیوز(تہران) پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے وفد کے ہمراہ آج رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا  کہ تہذیبی اور دینی اشتراکات ایران اور پاکستان کے عوام کے درمیان اچھے اور دوستانہ تعلقات کا اہم ترین سبب ہیں۔ انقلاب اسلامی کے سربراہ نے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون میں کمی آنے پر گلہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ حلقے مختلف طریقوں بالخصوص دونوں ملکوں کی طویل مشترکہ سرحد پر بدامنی پھیلا کر ایران اور پاکستان کے دوست عوام کے درمیان فاصلے  پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن اس بات کا موقع نہیں دینا چاہیے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات قائم کرنے کا سنہری موقع ہاتھ سے نکل جائے۔

 

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آيت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں توسیع کی ضرورت نیز گيس پائپ لائن سمیت بڑے اقتصادی منصوبوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نواز شریف کے دور میں دونوں ملکوں کے مابین مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانے کی اچھی کوششیں کی جائيں گی۔ انقلاب اسلامی کے سپریم لیڈر کا کہنا تھا  کہ تہران اسلام آباد کے مابین تعلقات میں فروغ لانے کے لئے کسی کی اجازت کا منتظر نہیں رہنا چاہیے اور امریکہ جس کی خباثت سب پر عیاں ہے، ان حکومتوں میں شامل ہے جو ایران اور پاکستان کے درمیان فاصلے پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ایران پاکستان مشترکہ سرحدوں پر بدامنی کے بعض واقعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ مہینوں میں بعض حلقوں نے جان بوجھ کر ایران پاکستان کی مشترکہ سرحدوں پر بدامنی پھیلانے کی کوشش کی ہے اور اسی وجہ سے یہ باور نہیں کیا جاسکتا کہ یہ واقعات اتفاقیہ اور غیر عمدی تھے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے تکفیری گروہوں کو تمام مسلمانوں کے لئے خواہ شیعہ ہوں یا اہل سنت خطرہ قرار دیا۔ آپ نے فرمایا اگر تکفیری گروہوں کا مقابلہ نہ کیا گيا تو وہ عالم اسلام کو مزید نقصان پہنچائيں گے۔

 

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں، پاکستان اور ایران کو ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ ایرانی سپریم لیڈر سید علی آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان اور ایران کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی سازشیں کر رہا ہے، سرحدوں پر کشیدگی بھی جان بوجھ کر دشمنوں کی جانب سے پیدا کی گئی ہے، تہران میں وزیراعظم نواز شریف نے ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور سرحدی معاملات سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران ایرانی سپریم لیڈر نے پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں حکومتوں کو ایران، پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سمیت تمام بڑے اقتصادی منصوبوں پر تعاون بڑھانا چاہیے۔

 

سید علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکہ سمیت کئی ایسی ریاستیں ہیں جو پاکستان اور ایران کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں اور وہ دونوں ممالک کے درمیان فاصلے بڑھانا چاہتی ہیں۔ پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے سید علی خامنہ ای نے کہا کہ یہ کشیدگی دشمنوں کی سوچی سمجھی سازشوں کا نتیجہ ہے۔ آیت اللہ العظمٰی سید خامنہ ای نے کہا کہ ایران کے عوام کی طرح پاکستان کے عوام بھی مجھے عزیز ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ روایات اور تاریخی تناظر میں خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے پاک ایران تعلقات کی بہتری کے لئے دعا کی اور ان پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے دورہ سے دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

 

اس دوران نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں اور پاکستان ایران سے اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ دونوں مسلم ممالک ہیں، جن کی روایات ایک جیسی ہیں، جن کی وجہ سے یہ رشتہ انتہائی خاص ہے۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران میں خطے کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم گذشتہ روز 2 روزہ سرکاری دورے پر تہران پہنچے تھے جہاں پر ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف اپنے 2 روزہ دورہ ایران کے آخری مرحلے میں پیر کو تہران سے مشہد مقدس پہنچے، مشہد پہنچنے پر گورنر جنرل صوبہ خراسان رضوی اور دیگر اعلٰی حکام نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا ہوائی اڈے پر خیر مقدم کیا، وزیراعظم اور ان کے وفد کے ارکان نے مشہد پہنچنے کے بعد حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضے پر حاضری دی اور نوافل ادا کئے، اس موقع پر وزیراعظم اور وفد کے ارکان نے امام رضا کے مہمان خانے سے ”لنگر“ بھی کھایا، وزیراعظم اور وفد کے ارکان نے یہاں نوافل ادا کئے اور پاکستان کی ترقی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعائیں کیں۔ وزیراعظم نواز شریف مشہد میں امام رضا کے روضے پر حاضری کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree