The Latest

وحدت نیوز (قم) ایم ڈبلیو ایم قم کابینہ کا دبیر کل مجلس وحدت مسلمین علامہ ناصر عباس جعفری کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں قم کابینہ کے مختلف شعبہ جات ی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مسائل و وسائل اور آئندہ کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے کیا گیا،جس کے بعد آفس  سیکرٹری مختار مطہری نے ایجنڈا پیش کیا اور ایم ڈبلیو ایم شعبہ قم کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام گلزار احمد جعفری نے قم کابینہ کی کارکردگی کا خلاصہ بیان کیا۔اس کے بعد تمام شعبہ جات کے مسئولین نے اپنے اپنے شعبہ جات کے حوالے سے دبیر کل مجلس وحدت مسلمین علامہ ناصر عباس جعفری کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر دبیرِ کل شعبہ جات کے مسئولین کے سامنے اپنے تجربات بھی بیان کرتے گئے اور انہیں مشورے بھی دیتے رہے۔

بعد ازاں دبیر کل مجلس وحدت مسلمین علامہ ناصر عباس جعفری  نے کابینہ سے تفصیلی گفتگو کی جس میں ایم ڈبلیو ایم کی پالیسیز ،پاکستان کو درپیش چیلنجز اور بین الاقوامی سیاسی صورتحال پر مفصل روشنی ڈالی گئی۔

اجلاس کے آخر میں سوال و جواب کا سلسلہ بھی شروع ہوا جس کے بعد تما م شہدائے اسلام،خصوصا شہدائے نائیجیریا،شہدائے پارا چنار اور حجۃ الاسلام سید ابرار نقوی کے ماموں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

وحدت نیوز (قم) نائیجیریا کی مظلوم عوام پر فوج کے وحشیانہ تشدد اور بے گناہ لوگوں کی شہادت  نیز آیت اللہ زکزاکی کے زخمی ہونے کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کے لئے ایم ڈبلیو ایم قم کے شعبہ سیاسیات و ارتباطات نے ایران میں آیت اللہ زکزاکی کے نمائندے نمائندے شیخ عبداللہ احمد زنغو اور انجمن بین المللی حرکت اسلامیہ طلاب نائجیریا کے سربراہ محمد امین آدم کے ساتھ خصوصی نشست رکھی۔

نشست کے دوران نظامت کے فرائض ایم ڈبلیو ایم قم کے سیکرٹری سیاسیات عاشق حسین آئی آر نے انجام دئیے۔

نشست سے پاکستانی طلّاب نے بھی گفتگو کی،پاکستانی طلّاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دینِ اسلام ہر ظالم کی مخالفت کرنے اور ہر مظلوم کی مدد و حمایت کرنے کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی برادری کو چاہیے کہ وہ وحدت اور اتحاد کے ساتھ سامراجی اور طاغوتی طاقتوں کا مقابلہ کرے۔

پاکستانی طلّاب نے  ملت پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نائجیریا کی نہتی عوام پر نائیجیرین  آرمی کے وحشیانہ تشدد کی بھرپور مزمت کی اور نائیجیریا کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ ملت پاکستان ،نائجیرین عوام کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔

 جس کے بعد نائیجیریا کے نمائندوں نے نائیجیریا کی سیاسی صورتحال،نائیجیریا میں اسلامی تحریکوں کے اتار چڑھاو اور آیت اللہ ابراہیم زکزاکی کی شخصیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے نائیجیرین آرمی کے  ظلم کے خلاف مظاہرے  کرنے والی تمام اقوام کا شکریہ بھی ادا کیا اور انسانی حقوق کے ٹھیکیداروں کی خاموشی کی مذمت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ سامراجی طاقتیں دنیا بھر میں اپنے مفادات کے لئے مہذب اور باشعور لوگوں کا قتلِ عام کروا رہی ہیں،یہ قتلِ عام کبھی بوکو حرا م اور داعش و طالبان جیسے وحشیوں سے کروایا جاتا ہے اور کبھی افواج اور پولیس کے ذریعے۔

پروگرام کے آخر میں ایم ڈبلیو ایم قم کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام گلزار احمد جعفری نے عالمِ اسلام کو درپیش مسائل اور نائیجیریا کے حالات پر مختصر روشنی ڈالی جس کے بعد  تمام شہدائے اسلام خصوصاً شہدائے نائیجیریا و پارا چنار ا کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

وحدت نیوز (جیکب آباد) قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر آج ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا پارہ چنار دھماکہ اور نائیجیریا میں معصوم انسانوں کے قتل عام کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے باوجود ملک کے مختلف شہروں میں بم دھماکے جاری ہیں ،جیکب آباد اور چھلگری کے بعد پارہ چنار بم دھماکہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آج بھی ملک بھر میں دہشت گردوں کے ٹریننگ کیمپس اور سہولت کار موجود ہیں لہٰذاملک بھر میں آپریشن ضرب عضب شروع کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں نیشنل پلان میں سنجیدہ نہیں ہیں حکمرانوں کا منافقانہ رویا اور سامراجی ممالک کی سر پرستی دہشت گردی کے خاتمے میں رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ OICکے ہوتے ہوئے سعودیا میں تشکیل پانے والا 34ممالک کا الائنس سوالیہ نشان ہے؟اس الائنس میں اینٹی امریکہ اسلامی ممالک کو کیوں شامل نہیں کیا گیا ۔کیا آٰممالک کی مشترکہ افواج فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کریں گی داعش کے بانی اور سرپرستوں سے کیسے توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ داعش کے خاتمے کے لیے صادقانہ کردارادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس الائنس کا حصہ نہیں بننا چاہیے کیونکہ اس الائنس سے امت مسلمہ کو کوئی فائدہ حاصل نہ ہوگا۔

انہوں نے اقوام متحدہ عالمی عدالت انصاف اور حقوق انسانی کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ نائیجیریا میں قتل عام کے ذمہ داروں کو بے نقاب کرتے ہوئے انہیں قرار واقعی سزا دیں اور شیخ محمد ابراہیم زکزاکی اور ان کے زخمی ساتھیوں کے علاج معالجہ اور رہائی کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔ملک گیر یوم احتجاج کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام گنداخہ،نصیرآباد اور صحبت پورمیں بھی یوم احتجاج منایا گیا۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں ممبر صوبائی اسمبلی آغا رضا نے کہا ہے کہ نئی نسل کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے تعلیم کے شعبہ کو اولین ترجیح دینی چاہئے ، یہ بات آغا رضا نے ہزارہ سوسائٹی ہائی سکول کے طلباء میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، انہوں نے کہا کہ تعلیم پر توجہ دے کر ہی ترقی کی منازل طے کی جاسکتی ہے۔ ہم غریب اور مستحقین کا حق انکے دہلیز تک پہنچانے کا عزم رکھتے ہیں ۔ کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ مستحقین کے حقوق پامال کرے تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستحق طلباء کی ہر ممکن مدد کی جائے گی اور انہیں تمام وسائل فراہم کیا جائے گا ۔ہمارا نصب العین بلا تفریق رنگ و نسل ، مذہب عوام کی خدمت کرنا ہے۔ ہم نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے ، ہمیں عوام کے مفادات عزیز ہیں نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے جس کا عملی ثبوت آج کی پروقار تقریب ہے جس میں تمام برادر اقوام سے تعلق رکھنے والے لوگ موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں مختص فنڈ میں غیر معمولی اضافہ کرنے کے ساتھ تعلیمی اداروں نظم و ضبط بہتر بنانے، تعلیمی ماحول کے ساتھ ساتھ تدریس کے عمل کو با معنی اور مثبت بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے۔بلوچستان کو خوشحال ، ترقی یافتہ بنانے کیلئے ہمارا وژن پڑھا لکھا بلوچستان ہونا چاہئے ، اس تقریب میں علاقے کے معتبرین اور لوگوں کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام پاکستان اور نائیجیریا میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا، ملتان میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیو ملتان سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ، ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدارحسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی اور دیگر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے مدنی چوک پر احتجاج بھی کیا۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نائیجیریا میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلندکرے، رہنماؤں نے نائیجیریا میں ہونے والے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے اوآئی سی اور اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ نائیجیریا کی حکومت اور فوج اسرائیلی حکمرانوں کے اشاروں پر قتل عام کررہی ہے، اُنہوں نے نائیجیریا کی حکومت سے آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزاکی اور اُن کے ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر سانحہ پاراچنا ر اور نائیجیریا میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف نعرے درج تھے۔ رہنماؤں نے کہا کہ نائیجیریا کی حکومت اسرائیل کے ایماء پر مسلمانوں کے خلاف کاروائی کررہی ہے، اس موقع پر اُنہوں نے اقوام متحدہ اور اوآئی سی سے مطالبہ کیا کہ نائیجیریا میں ہونے والے قتل عام کا نوٹس لیا جائے۔ علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی مذمت کی جاتی ہے دہشت گردوں کی نہیں ، حکومت کی منافقانہ پالیسی کی وجہ سے ہمارے ہزاروں بے گناہ لوگ شہید ہوچکے ہیں، اُنہوں نے اسرائیل اور امریکہ کے ایماء پر سعودی عرب میں بننے والے 34ممالک کے اسلامی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت پر مذمت کرتے ہوئے اسے عالم اسلام کے خلاف سازش قراردیا۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل عباس علی نے کہا ہے کہ جن حالات کا ہمیں سامنا ہے، اس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنی کارکردگی اور بہترین طرز حکمرانی سے اس جمہوری نظام حکومت کو مضبوط بنائیں۔ محض کھوکھلے نعروں اور الیکشنوں میں حاصل کئے گئے عوامی مینڈیٹ کی بنیاد پر کرپشن ، جرائم اور خراب طرز حکمرانی کی کھلی چھٹی نہیں دی جاسکتی ، یہ ٹھیک ہے کہ جمہوریت ہی ایک مثالی نظام حکومت ہے۔ جس میں عوام اپنے منتخب نمائندوں کے زریعے اپنے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں ۔ ہمارے سیاستدان جمہوریت کو حکومت کی مدت پوری کرنے سے تعبیر دیتے ہیں حالانکہ جمہوریت ڈلیور کرنے کا نام ہے ، لوگ جمہوریت میں گڈ گورننس دیکھنا چاہتے ہیں مگر المیہ یہ ہے کہ ہمارے جمہوری حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ وہ حکومت میں آنے کے بعد سیاہ و سفید کے مالک ہو گئے ہیں اور وہ کسی کے سامنے جواب دہ نہیں ہیں ۔ حکمران عوام کی امیدوں اور خواہشوں پر پورا اترے لوگوں کی یہ خواہش پوری نہیں ہو سکی کہ اچھی حکمرانی ہوانہیں روزگار ملے اور ان کے مسائل حل ہوں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ لوگوں کو امن بھی میسر نہیں آسکا ہے۔ہماری سیاسی جماعتوں کو وفاق کی یکجہتی کی علامت ہونا چاہئے تھا لیکن تمام سیاسی جماعتیں علاقائی حدود تک محدود ہو گئی ہیں ۔ دہشتگردی ، کرپشن اور بیڈ گورننس کے خاتمے سے لے کر علاقائی اور عالمی سیاست تک ہمارے سیاسی جماعتوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ۔ پاکستان کے عوام یہ سمجھتے ہیں کہ دہشتگردی کے ساتھ ساتھ کرپشن کا خاتمہ ہونا چاہئے، کیونکہ کرپشن ختم کئے بغیر نہ جمہوریت مضبوط ہو سکتی ہے اور نہ ہی پاکستان داخلی طور پر مضبوط ہوسکتا ہے ۔

وحدت نیوز (کوٹلی) محافل و مجالس ہماری عبادت ، کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں ، درود کی خوشبو سے بارود ختم ہو جائے گا،پیغام حسین ؑ و محافل میلاد مصطفی ؐ کا انعقاد عین عبادت ہے، یہ عبادت جاری و ساری رکھیں گے، ان خیالات کا اظہار ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے منڈیاری سیداں میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا ، انہوں نے کہا کہ ہم عزاداری سیدا لشہداء ؑ و میلاد خاتم الانبیاء ؐ کے ذریعے پیغام امن عام کرتے ہیں ، ہم بتاتے ہیں کہ ظالم کے خلاف ڈٹ جانا اسوہ حسینی ہے اور نعمات خداوندی کا شکر ادا کرنا کار مصطفوی ہے، تمام مشکلات کا حل امت واحدہ کی صورت میں اکٹھے ہونے میں ہے، اتحاد و اتفاق سے دشمن دین و وطن کو نابود کر دیں گے ، درود و سلام ، لبیک یا رسول ؐ اللہ و لبیک یا حسین ؑ ہمارے شعار ، بلند کرتے ہوئے دشمن کو بھگا دیں گے، علامہ تصور جوادی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اتحاد امت کے لیئے کوشاں ، ہر صورت بر سر پیکار رہے گی، مظلوم کی آواز بن کر ابھرنے والی جماعت ہر مظلوم کی آواز بنے گی ، ظالم کے مقابلے میں مظلوم کی حمایت ہی ہمارا شیوہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی دو روزہ دورے پر کوٹلی پہنچے جہاں ضلعی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین کوٹلی بردر طاہر بخاری نے اپنی کابینہ کے ہمراہ ان کا خیر مقدم کیا ، ریاستی سیکرٹری جنرل کے ہمراہ ریاستی سیکرٹری اطلاعات مولانا سید حمید نقوی ، ریاستی سیکرٹری تنظیم سازی ڈاکٹر عابد علی قریشی اور ریاستی سیکرٹری وحدت اسکاؤٹس برادر سید انصر عباس نقوی تھے، ریاستی سیکرٹری جنرل نے تنظیمی اجلاس میں خصوصی شرکت کے ساتھ ساتھ مجلس عزاو عوامی اجتماع سے خطاب کے علاوہ مختلف شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں ۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امریکی فرمائش پر 34 ممالک کا دہشت گردی کے خلاف الائنس عالم انسانیت کے ساتھ مذاق سے زیادہ کچھ نہیں۔ الائنس کی تشکیل پر امریکہ کا اظہار مسرت اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ یہ الائنس انہیں ممالک کی فرمائش پر بنا ہے، جنہوں نے گریٹر اسرائیل کی تشکیل کے لئے داعش کو جنم دیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو اس نام نہاد الائنس میں شمولیت سے گریز کرنا چاہیے۔جس کے اہداف اور مقاصد واضح نہیں۔ انہوں نے سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کے جرئت مندانہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک آزاد خود مختار ملک ہے اتحاد کے سلسلے میں پاکستان سے پیشگی مشاورت نہیں کی گئی تھی ۔ وزیراعظم کبھی قوم سے سچ بولیں اور ایک خود مختار اور آزاد قوم کی نمائندگی کا حق ادا کریں۔

در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہاہے کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر کل جمعہ 18دسمبر کو ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف یوم احتجاج منایا جائے گا۔ ملک گیریوم احتجاج کے موقع پر بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شہدائے سانحہ پارہ چنار اور نائیجیریا کے مظلوم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے معصوم انسانوں کے قاتل دھشت گردوں کے خلاف بھرپور عوامی نفرت کا اظہار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نائیجریا میں جاری قتل عام پر دنیا بھر کے عوام احتجاجا روڈوں پر ہیں، اور وہ نائیجریا کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے کونسلر کربلائی عباس علی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کے سرسری جائزے سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ ملک میں تمام خرابیوں کا بنیادی سبب مخلص اور دیانتدار قوی قیادت کا فقدان ہے سیاستدانوں اور حکمرانوں نے کبھی بھی اپنے ذات سے باہر نکل کر ملک و قوم کے مفادات کو قومیت نہیں دی۔ ان کی تمام سرگرمیاں اقتدار کے حصول اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے گرد گھومتی ہے۔ آنہوں نے سیاست کو سماجی خدمت کا ذریعہ بنانے کی بجائے ذاتی مفادات کے حصول کے لیے استعمال کیا اور عوامی مسائل سے لاتعلق رہے۔ یہی وجہ ہے کہ 68 سال گزرنے کے باوجود عوامی مسائل جوں کے توں ہیں۔ سب سے بڑی بات تو یہ ہے کہ ہمارے حکمران ملک میں سیاسی نظام کے ساتھ ساتھ اخلاقی نظام قائم کرنے میں بھی ناکام رہے ہیں۔ ہمارے زیادہ تر مسائل کا تعلق اخلاقی اور سماجی نظام سے ہے۔ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کے باوجود ہم اخلاقی گراونڈ سے دو چار ہیں۔ سو ہمیں ایسی قیادت میسر آتی ہے جیسے ہم خود ہیں ۔ ہم نے لاکھوں انسانوں کی قربانی دے کر یہ خطہ زمین اس لیے حاصل کیا تھا کہ یہاں قرآن و سنت کے زریں اصولوں کے مطابق نظام قائم ہوگا۔ ہماری زندگیاں اسلام کے مطابق ہوں گی لیکن ہمارا کردار اور عمل اسلامی تعلیمات سے کوسوں دور ہے۔ ناپ تول میں کمی ، ناجائز منافع خوری، ملاوٹ، دھوکہ بازی ، جھوٹ اور فریب جیسے برائیوں میں گرفتار ہیں۔ گزشتہ برسوں میں ہم بحیثیت قوم قیام پاکستان کے اصل مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ہی رہے ہیں لیکن اس ناکامی کا ملبہ دوسروں پر گرانے کی بجائے ہمیں سوچنا چاہیے کہ ہماری زندگیاں کس حد تک اخلاقی نظام کے پابند ہیں۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری سیاسیات کامران حسین ہزارہ نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی ، کرپشن اور بیڈ گورننس ہے حکمرانوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا لوگوں کے بنیادی حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرنا ہوگی ۔ ناقص پالیسیوں کے باعث مہنگائی ، بد امنی ، لوڈ شیڈنگ ، گیس کی بندش اور بے روزگاری میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ دہشتگردی کی ایک وجہ بھوک اور بے روزگاری بھی ہے جس ملک میں غریبوں کا استحصال ہو اور اقتدار میں ہمیشہ امیر ہی رہے ہیں اور ملک پرسرمایہ داروں اور جاگیرداروں کی حکومت ہو، حکومت کے پاس ملک و قوم کو غربت سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کا کوئی نظام نہ ہو اور وہ صرف سیاسی جوڑتوڑ میں لگی رہیں تو عوام کے اندر مایوسی بڑے گی جس کا نقصان سیاسی عمل کوپہنچے گاعوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں ، سیاست اور جمہوریت کی گاڑی تو چل رہی ہے مگر آگے نہیں بڑھ رہی ہے۔ عام آدمی کا مسئلہ آٹا، دال، چاول، چینی، گھی ،بجلی اور گیس ہے اسے اسمبلیوں اور سینٹ سے نہیں اپنے مسائل کے حل سے غرض ہے، بلا شبہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہوتا ہے ۔ تاہم اس وقت پاکستان کو جن مشکلات کا سامنا ہے انکا تقاضا ہے کہ وسیع تر قومی اتفاق رائے کو فروغ دیا جائے ،لہٰذا حکومت اوردیگر سیاسی جاعتوں کا فرض ہے کہ جس طرح سیاسی معاملات پر اتحاد کیا جاتا ہے عوام الناس کے مسائل کے حل کیلئے بھی وسیع تر اتفاق رائے تشکیل دیا جائے ۔ دیگر اہم سماجی معاشی اور سیاسی معاملات پر قومی اتفاق رائے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree