وحدت نیوز(سکردو)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے سکردو میں حالیہ سیلاب کے متاثر ین کے مسائل کے حوالے سے  ڈی سی سکردو سے ملاقات کی اور متاثرین کی امداد کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے سکردو میں مختلف مقامات جن میں سدپارہ، رگیول، حسین آباد، روندو اور دیگر مقامات شامل ہیںپر سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے حکومتی اقدامات کو ناکافی قرار دیا اور زور دیا کہ سیلاب زدگان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔

اس موقع پر ڈی سی سکردو نے سیلاب زدگان کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی ، اور کہا بند روڈز کو دو دن کے اندر بحال کیا جائے گا، پانی کی فراہمی کے لیے بھی فوری طور پر عوام کے تعاون سے فوری طور پر کام شروع کیا جائے گا۔ جبکہ لاپتہ افراد کی بحالی کے لیے پہلے سے ہی ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔اس موقع پر متاثرین کی مکمل بحالی کے لیے معاوضہ سمیت دیگر اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اسد عاشورا کے موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان  بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کربلا عزت سے جینے اور عزت سے مرنے کا درس دیتا ہے۔ کربلا کے ماننے والے کبھی کسی طاغوت اور ظالم کے آگے سر نہیں جھکا سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی تمام شیطانی طاقتوں نے مل کر داعش جیسی جماعت کی بنیاد ڈالی لیکن یہ کربلائی جوان ہی تھے جنہوں نے عراق اور شام میں داعش کو شکست فاش سے دوچار کردیا ۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں داعش اپنا اثر رسوخ بڑھانے کی کوششوں میں ہے۔ سکیورٹی اداروںکو وطن دشمن طاقتوں کی سرگرمیوں پر کڑی نگرانی کرنی چاہیے اور دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن ردالفساد کو تیز کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت  بلتستان اس وقت ملک کا حساس ترین مقام بن چکا ہے۔ سی پیک کی وجہ سے دشمن کی نگاہیں جی بی پر ہیں۔ لیکن افسوس کیساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ گلگت  بلتستان کے عوام کو یہاں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔ ایک طرف خالصہ سرکار کے نام پر عوامی ملکیتی اراضی پر شب خون مارا جا رہا ہے اور دوسری طرف ذرائع کے مطابق ہزاروں کنال اراضی آل سعود کی حکومت کو دینے کی پس پردہ سازشیں چل رہی ہیں۔عالمی سامراجی طاقتوں کی نگاہیں جی بی پر ہیں عوام اور ریاستی اداروں کو ہو ش میں رہنے کی ضرورت ہے ۔ہم گلگت بلتستان کی ایک ایک انچ اراضی پر کسی کو قابض ہونے نہیں دیں گے۔ دوسری طرف سی پیک میں خطے کو مسلسل نظر انداز کرنا بھی کسی طور قابل قبول نہیں۔ ہم سی پیک میں جی بی کے لیے حصہ بقدر جثہ چاہتے ہیں۔ سی پیک میں حصہ لینے کے لیے جدوجہد کو سی پیک کی مخالفت قرار دینے والے اصل میں خطے کے دشمن ہیں۔

 آغا علی رضوی نے کہا کہ وزیراعظم کی نااہلی پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور وزیراعظم کشمیر کی پریس کانفرنس میں ریاستی اداروں بلخصوص فوج اور عدلیہ کو زیر سوال لانے کے بعد بھی انکے خلاف کوئی اقدام نہ اٹھانا افسوسناک ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ایکشن پلان کے نام پر جی بی میں جاری سیاسی انتقام کا رخ علاقہ دشمن عناصر کی طرف کیا جائے تاکہ ریاست کی سلامتی یقینی ہو ۔ آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ امریکہ کی جی بی میں جاری سرگرمیوں پر ریاستی ادارے نگاہ رکھیں امریکہ عوام میں اثر نفوذ پیدا کر چکا ہے اور حساس ادارے خاموش ہیں۔ امریکہ خطے کی سلامتی کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم اسکردو کے سربراہ مولانا ذیشان نے کہا کہ کربلا کی یاد منانے کا مقصد سن 61ہجری کے یزید ی فوج اور ظالموں کو برا بھلا کہنا ہی نہیں بلکہ عہد کے یزیدوں اور ظالموں کے کردار کو پہچاننا اور ان کی شر سے معاشرہ کو بچانا ہے۔ واقعہ کربلا کو منانے کے مقصد اپنی ذمہ داروں کا تعین ہے۔ کربلا انسان کو میدان عمل میں ڈٹ جانے اور ظالموں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر پیغام حق پہنچانے کا درس دیتا ہے۔ 

وحدت نیوز(اسلام آباد) سانحہ پارہ چنار کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام آج ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔آئمہ مساجد نے جمعہ کے خطبات میں سانحہ پارہ چنار پر حکومتی بے حسی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارا چنار کے معاملے پروزیر اعظم کی خاموشی تکفیری قوتوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے ہے۔ریاست کے شہریوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔جو حکومت عوام کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی اس کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔اگر پارا چنار کے لوگوں کے مسائل کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جاتا تو آج اس علاقے کو دہشت گردی کا المناک واقعات کاسامنا نہ کرنا پڑتا ۔پارہ چنار کے عوام سے حب الوطنی کی بھار ی قیمت وصول کی جا رہی ہے۔

نماز جمعہ کے بعد اسلام آباد، لاہور،کراچی،کوئٹہ،ملتان، گلگت بلتستان  اور پشاور سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں بھی نکالی گئیں جن میں سینکڑوں کی تعداد دمیں لوگوں نے شرکت کی۔شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پارا چنار کی عوام کی حمایت اور حکومت کے خلاف نعرے درج تھے،اسلام آباد میں مرکزی ریلی امام بارگاہ اثنا عشری G-6/2 سے نکالی گئی جس کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماؤں نے کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اصغر عسکری نے کہا نواز شریف نے پارا چنار کو نظر انداز کر کے وزارت عظمی کے عہدے سے غداری کی ہے۔وزیر اعظم کا تعلق کسی مخصوص فکر یا طبقے سے نہیں ہوتا بلکہ پورے ملک کی عوام سے ہوتا ہے۔پارا چنار کے لوگوں کی تضحیک ناقابل برداشت ہے پارا چنار کے لوگ مظلوم ہیں مگر حق کے لیے آواز بلند کرنا جانتے ہیں۔ ان مظلومین کی آواز کو طاقت یا اختیارات کے ناجائز استعمال سے دبایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے اور پارا چنار کے عوام اپنے آئینی حق کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ہم پورے عزم کے ساتھ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ان کے مطالبات کی منظور ی بغیر ہم اپنے اصولی موقف سے ایک انچ پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارا چنار جا کر یہ ثابت کیا ہے انہیں عوامی مسائل کا بخوبی درک ہے ۔دہشت گردی کے خلاف ان کی بلاتفریق کوششیں لائق ستائش ہیں۔

دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہرقائم دھرنا کیمپ پانچویں روز بھی جاری رہا  ، دھرنے میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینٹر تاج حیداور فرحت اللہ بابر، معروف مذہبی اسکالر علامہ شیخ شفا ءنجفی اور علامہ محمد حسین اکبر  بھی شریک تھے، جنہوں نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے ملاقات کی اور اپنے اپنے خیالات کا اظہاربھی کیا۔

وحدت نیوز(سکردو)  مجلس وحدت مسلمین ضلع سکردوکے زیر اہتمام پاراچنار کے شہداء اور ورثاء سے اظہار یکجہتی کیلئے علامتی احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔ دھرنے میں مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماوٗں نے شرکت کیں۔ شرکت کرکے خطاب کرنیوالے علماء و رہنماوٗں میں مجلس وحدت کے صوبائی و ضلعی رہنماوٗں آغا علی رضوی، شیخ فدا علی ذیشان ، شیخ فدا حسین عابدی، اسلامی تحریک کے رہنماوٗں شیخ فدا حسن عبادی، سید اکبر شاہ رضوی، آغا باقر الحسینی، سابق امیدوار حلقہ نمبر ایک شیخ زاہد حسین زاہدی، سابق ڈپٹی سکریٹری جنرل سید مظاہر موسوی، ڈویژنل صدر آئی ایس او سید اطہر موسوی و دیگر شامل ہیں۔ پی ٹی آئی، پی پی ، اور دیگر جماعتوں کے رہنماوٗں نے بھی دھرنے میں شرکت کیں اور پاراچنار کے شہداء کیساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔

 آغا علی رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے اپنے درمیان چھپے کالے بھیڑوں کو پہچان کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لائیں۔ ہم متنبہ کرتے ہیں کہ اس ملک میں ایک ہی مکتبہ فکر کے خلاف بار بار ظلم ہوتا رہا اور حکومتی سطح پر اسے چھپانے اور نظر انداز کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھا جارہا۔ وفاقی حکومت متعصب ہے اور یہ بار بار ثابت ہوتا رہا ہے۔ بہاولپور میں آئل ٹینکر میں جاں بحق ہونیوالے یقینا امداد کے مستحق ہیں، لیکن ان میں اور ریاستی اداروں کی نا اہلی وجہ سے دہشت گردی کاشکار ہونیوالوں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ اس کے باوجود ان کو میڈیا پر اور حکومتی سطح پر اہمت نہ دینا ایک طرف مخصوص مکتبہ فکر کو دیوار لگانے کے مترادف ہے تو دوسری طرف ملکی سالمیت کو چیلنج کرنیوالے درندوں کو شہہ فراہم کرکے انکی حوصلہ افزائی کرنے کے بھی مترادف ہے۔ حکومت کو فی الفور اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرکے مجرموں کا تعاقب کرنے، ایف سی کے ان مجرموں کو پکڑنے کی جنکی نا اہلی کی وجہ سے اتنا بڑا ظلم برپا ہوا، اور جن اہلکاروں اور افسران کی وجہ سے پر امن افراد پر گولیاں چلائی گئیں ، انکو پکڑ کر دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات چلاکر سزا دینے کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف کو چاہئے کہ اپنے زیر نگرانی چلنے والے ادارے سے کالی بھیڑوں کو قرار واقعی سزا دلوئیں اور عوامی اعتماد کو بحال کریں۔

 آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ اگر ان کالی بھیڑوں کو پکڑا نہیں جاتا تو عوام کا اعتماد ان اداروں سے اٹھ جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ہمارا مشترکہ مطالبہ یہی ہے کہ پاراچنار میں دھماکے کا شکار ہونیوالوں کے ورثاء کے مطالبات پر من و عن عملدر آمد کیا جائے ۔جب تک پاراچنار میں دھرنا جاری ہے، ہمارا احتجاج بھی جاری رہیگا۔ اور ہم حکومت کو میڈیا وار کے ذریعے اتنے بڑے سانحے چھپانے کی سازش کامیاب ہونے نہیں دینگے۔ مقررین نے اس موقع پر کہا کہ حکومتی غفلت قابل مذمت ہے ، اور ہم تمام جماعتیں اور علماء اس بات پر متفق ہیں کہ قانون کی بالادستی سب کیلئے برابر ہونی چاہئے اور حکومت کی جانب سے متعصبانہ پالیسیاں کسی صورت قابل قبول نہیں۔

دھرنے کے شرکاء تمام علماء اور سیاسی و مذہبی جماعتوں نے طے کر لیا کہ بروز جمعہ ، نماز جمعہ کے فورا بعد مرکزی جامع مسجد سکردو سے یاد گار شہداء تک احتجاجی ریلی نکالی جائیگی ، اور شہدائے پاراچنار کے حق میں بھرپور مظاہرہ ہوگا۔ واضح رہے ، ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح بلتستان بھر میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے احتجاجات کا سلسلہ یوم القدس کے دن سے جاری ہیں اور کئی جگہوں پر احتجاجی مظاہرے، دھرنے اور شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پروگرامز منعقد کئے جارہے ہیں۔گمبہ سکردو میں تین دن سے روزانہ کی بنیاد پر علامتی دھرنے دیئے جاتے رہے ہیں جن سے ضلعی سکریٹری جنرل شیخ علی محمد کریمی سمیت علماء کرام خطاب کررہے ہیں۔ضلع کھرمنگ میں بھی جگہ جگہ احتجاجی جلسے اور دھرنے دیئے گئے، جن سے تنظیمی رہنماوں شیخ اکبر رجائی، کاچو ولایت علی خان ، سید مبارک موسوی و دیگر نے خطاب کئے۔

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل ور معروف عالم دین سید علی رضوی اور ضلع سکردو کے سیکریٹری جنرل شیخ فدا علی ذیشان نے حالیہ دنوں حکومتی نا اہلیوں کے خلاف احتجاج کرنیوالے علمائے دین و عوام خصوصا معروف عالم دین علامہ حافظ زبیری اور شیخ حسن جوہری کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کو علاقے کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی سازش اور بنیادی شہری حقوق کو سلب کرنے کی کوشش قراردیتے ہوئے کہا ان علماء کو گرفتارکرنے کی کوشش ناقابل قبول ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ حکومت اور مقامی انتظامیہ ہوش کے نا خن لیں اور اپنی حدود میں رہیں، ایسا نہ ہو کہ انکی عوام و علاقہ دشمن اقدامات سے علاقہ بد امنی کی طرف جائے اور حالات خراب ہوں، ھم نہیں چاہتے کہ علاقے کا امن و امان مخدوش ہو، لیکن جرائم پیشہ افراد، دہشت گردوں، کرپٹ عناصر، منشیات فروشوں اور عزتوں کو نیلام کرنیوالوں کو چھوٹ دیتے ہوئے پر امن اور عوام کی حقوق کیلئے آواز اٹھانے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرکے عوام کا استحصال کرنا شروع کریں توحکومت اور انتظامیہ کا اصل چہرہ عوام میں پیش کرنے پر مجبور ہونگے۔ ایسا نہ ہو کہ حالات خراب ہوں اور انتظامی افسران کی کوتاہیاں اور نا اہلیاں ان کا ذمہ دار قرار پائے۔ شیخ فدا علی ذیشان نے اپنے بیان میں کہا کہ جرائم پیشہ افراد کو کھلی چھوٹ دیکر حق گو اورحق پرست افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور ایف آئی آر درج کرنا مقامی انتظامیہ اور قانون کی بالادستی کے کھوکھلے نعرے لگانے والی انتظامیہ کے منہ پر طمانچہ ہے۔ مقامی انتظامیہ جان بوجھ کر حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے لہٰذا ہم متنبہ کرتے ہیں کہ کسی بھی عالم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو حالات خراب ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری مقامی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

وحت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکریٹری جنرل اور معروف عالم دین علامہ سید علی رضوی نے مقامی اخبار میں چھپنے والی خبر کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پی پی کی سابق حکومت اور ان کے کارتوتوں کوعوام میں عیاں کرکے انکوشکست فاش سے دوچار کرنیوالا مجلس وحدت مسلمین ہی تھا۔ ایسے میں کیسے ممکن ہے کہ ہم ان کے وزرااور ذمہ داران سے خفیہ ڈیل یا ملاقات کرے۔ آغا علی رضوی نے سختی سے ان باتوں کی تردید کی کہ شیخ نثار سے انتہائی خفیہ ملاقات ہوئی ہو، بلکہ حقیقتا ان سے جو ملاقات ہوئی وہ مقامی علماء اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اتفاقیہ تھی، اور ملاقات کے دوران کئی افراد ساتھ تھے۔ ڈیڑھ ماہ قبل شیخ نثار سرباز سے انکے علاقے کے دورے کے دوران ملاقات ہوئی اور یہ ایسی ہی بات ہے جیسے کسی بھی دیگر سیاسی و سماجی اور علاقائی سرکردہ افراد سے ملتے ہیں، لیکن اس پر مرچ مسالے لگا کر ، اور مستقبل قریب میں خوش خبری ملنے کی بے سروپا باتیں منسوب کرکے عوام میں سسپنس پھیلانا صحافتی اقدار کے منافی اقدام ہے جس کی سختی کے ساتھ تردید اور مذمت کرتے ہیں۔

واضح رہے گزشتہ حکومت میں پیپلز پارٹی کے عوام دشمن اقدامات کو مجلس وحدت مسلمین نے ہی عوام میں اٹھایا، اور گندم سبسڈی کے خاتمے،محکمہ تعلیم میں اقرباپروری سمیت ہر اس عمل کی پرزور مذمت کی گئی جو عوامی امنگوں کے منافی تھا۔نتیجتا پانچ سال حکومت کرنے والی جماعت کو کئی حلقوں میں الیکشن میں ٹکٹ لینے والا بھی نہیں ملا، اور یہی حالت اس موجودہ حکومت کی بھی ہونیوالی ہے جس میں ابن الوقت افرادجمع ہوکر عوامی حقوق کو روندنے ، علاقائیت اور دیگر متعصب کردار نبھاتے ہوئے عوام پر روز نئی زیادتیاں کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔اسلئے ہم متنبہ کرتے ہیں کہ حکمرانی ملتے ہی سیاسی جماعتیں اپنی اوقات نہ بھولیں، کیونکہ عوام کی عدالت میں کھڑے ہونے میں زیادہ وقت نہیں لگتا۔

Page 12 of 16

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree