نون لیگ کے دور میں ہم سے زیادتی ہوئی، پی ٹی آئی حکومت سے یہ توقع نہیں تھی، بیوروکریسی نے یزید کا کردار ادا کیا،علامہ احمد اقبال رضوی

15 جون 2021

وحدت نیوز(لاہور) متحدہ علماء بورڈ سمیت سرکاری اداروں اور کمیٹیوں میں شیعہ نمائندگی کم کئے جانے کیخلاف شیعہ علمائے کرام میدان میں آ گئے۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی دفتر وحدت سیکرٹریٹ میں شیعہ علما کرام نے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی، صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ متحدہ بورڈ میں شیعہ مسلک کیساتھ زیادتی ہو رہی ہے، پاکستان کے بانی، پیسہ خرچ کرنیوالوں اور قربانیاں دینے والوں میں شیعہ شامل تھے، شیعیانِ حیدر کرار اس ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں  افراتفری کیلئے ماضی میں مذہبی منافرت پھیلائی گئی، گزشتہ حکمرانوں نے ملک کو تقسیم کیا، گزشتہ چالیس سال سے فرقہ وارانہ جنگ شروع ہے، ہمیں ہر لحاظ سے سائیڈ پر کرنے کی کوشش کی گئی مگر تشیع دشمن ناکام رہے۔

 علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے ملک سے وفاداری کی پاسداری کی ہے، اپنے ملک کیلئے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی وطن کی حرمت کیلئے ہم ہی قربانیاں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ بھر فرقہ ورانہ جنگ چھیڑی جا رہی ہے، عزاداروں کو غیر آئینی اور غیر قانونی طور پر ہابند سلاسل کیا گیا، عزاداری سید الشہدا ہماری عبادت ہے، ہم اس سے کسی طور بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ کے دور میں ہم سے زیادتی ہوئی، پی ٹی آئی حکومت سے یہ توقع نہیں تھی، بیوروکریسی نے یزید کا کردار ادا کیا۔

 علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ متحدہ علما بورڈ  میں اہلسنت کی تعداد دس، الحدیث کی تعداد  چھ اور ہماری تعداد پانچ ہے، متحدہ علما بورڈ میں ہماری تعداد آدھی کر دی گئی ہے، ہماری بات کو سنجیدگی سے سنیں اور اس پر عمل کریں. امتیازی ناروا سلوک نا قابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ علما بورڈ میں ہمارے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے جس کیخلاف اسمبلی میں توجہ دلاو نوٹس لا چکے ہیں، سب نے حمایت کی لیکن کوئی ردعمل نہیں آیا، گورنمنٹ اس حساس ایشو کی طرف توجہ دے۔

انہوں نے کہا کہ آج یہاں علمائے کرام کا اکٹھا ہونا ہمارا احتجاج ہے، اگر توجہ نہ دی گئی تو ہم پُرامن احتجاج کریں گے، جب تک متحدہ علماء بورڈ میں ہمارے علماء کی تعداد دوسرے مسالک کے علما کرام کے برابر نہیں کی جاتی ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے باہر اکیس جون کو احتجاج ہو گا، پھر اس کے بعد پچیس جون کو علامتی احتجاج ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پھر بھی توجہ نہ دی گئی تو پنجاب بھر سے کارکنان کو لاہور داخل کریں گے اور پر امن احتجاج ہو گا، یہ زیادتی نا قابل قبول ہے۔

پریس کانفرنس میں مرجع تقلید آیت اللہ حافظ بشیر نجفی حفظہ اللہ کے پاکستان میں نمائندے علامہ امجد علی عابدی، علامہ حسن رضا ہمدانی، علامہ گلزار فیاضی، علامہ مبشر نقوی،علامہ عقیل سیال، علامہ مظہر حسین، علامہ اقبال بہشتی، علامہ نیاز حسین علوی، علامہ علی تجمل تلہاڑا، علامہ ثقلین حیدر عابدی سمیت پنجاب بھر سے آئمہ جمعہ و جماعت علماء نے شرکت کی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree