علامہ مقصود ڈومکی کی چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز سے ملاقات ،نصاب تعلیم، درود شریف اور دیگر اہم موضوعات پر گفتگو

23 اگست 2022

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں وفد کی چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز سے ملاقات نصاب تعلیم، درود شریف اور دیگر اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگواس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کا وہ معتبر آئینی ادارہ ہے جس سے تمام مکاتب فکر کو یہ امید ہوتی ہے کہ وہ اتحاد بین المسلمین کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بسنے والے تمام  مکاتب فکر کے عقائد ونظریات کا احترام کرے گا اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے حالیہ فیصلوں میں درود شریف اور نصاب تعلیم کے حوالے سے وسعت نظری اور حکمت و تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کی تعلیمات کو اہمیت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کے ایک رسمی لیٹر میں تحریر شدہ عبارت کے باعث ایک غلط فہمی نے جنم لیا جو کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے حالیہ فیصلوں سے زائل ہوئی جس میں درود شریف کے حوالے سے اھل تشیع کے نقطہء نظر کو رسمی حیثیت دی گئی اور نصاب تعلیم کے حوالے سے کونسل کے سابقہ فیصلہ جات 1965 ڈھاکہ اجلاس اور 1966 لاہور اجلاس کی توثیق کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ کی نمائندہ جماعت کی حیثیت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ہر فورم پر اھل تشیع کے آئینی حقوق کا حکمت و تدبر اور دلائل کے ساتھ دفاع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے موجودہ چیئرمین قبلہ ایاز ایک بہترین منتظم ہیں جنہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل کو بہتر انداز میں آگے بڑھایا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ آئین اور دستور کی رو سے پاکستان مسلکی اسٹیٹ نہیں بلکہ ایک مسلم ریاست ہے۔ یہ سنی اسٹیٹ نہیں بلکہ مسلم اسٹیٹ ہے ملکی آئین کسی خاص فقہ مثلاً فقہ حنفی یا فقہ جعفری کی بالادستی کی بجائے قرآن و سنت کی بالادستی کی بات کرتا ہے اور قرآن و سنت کی وہی تفسیر و تشریح معتبر ہے جو  اھل سنت ،اھل تشیع کے ہاں معتبر اور تسلیم شدہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل میں پاکستان میں بسنے والے تمام مکاتب فکر شیعہ سنی دیوبندی بریلوی اور اھل حدیث مکاتب فکر کے جید علماء موجود ہیں اور ہمارے فیصلے وسعت نظری اور اتحاد بین المسلمین کا عملی اظہار ہوتے ہیں تاہم اگر کسی مرحلے میں آپ کی رائے مختلف ہو یا آپ سمجھتے ہوں کہ کوئی فیصلہ آپ کے مکتبہ فکر کی رائے سے متصادم ہے تو آپ تحریری طور پر لکھ سکتے ہیں اور ہم اس پر غور کریں گے ۔ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ چوہدری ضیغم عباس برادر شمس الدین کامل سیکرٹری اسلامی نظریاتی کونسل حافظ اکرام الحق ڈاکٹر اشفاق و دیگر شریک تھے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree