وحدت نیوز(اسلام آباد) ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر انجینئر حمید حسین طوری نے قومی اسمبلی میں گلگت بلتستان کیلئے آواز اٹھائی، معدنیات اور گرین ٹوور ازم پر تحفظات کا اظہار، ایف سی میں حصہ، جی بی کونسل اجلاس کا نہ بلایا جانا، سکردو میں پانی بجلی کے مسائل اور روڈز کے فنڈز بحال کرنے جیسے مطالبات پیش کیے۔
تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اور رکنِ قومی اسمبلی، انجینئر حمید حسین طوری نے قومی اسمبلی میں گلگت بلتستان کے عوام کی آواز بنتے ہوئے اہم قومی مطالبات پیش کیے۔ انہوں نے پوائنٹ آف آرڈر پر خطاب کرتے ہوئے سکردو میں جاری بدترین بجلی لوڈ شیڈنگ کا معاملہ اٹھایا اور وفاقی حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
انجینئر حمید حسین طوری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پہلے ہی بنیادی آئینی و سیاسی حقوق سے محروم ہیں، ایسے میں بجلی اور دیگر سہولیات سے محرومی ظلم ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی کی توجہ دلائی کہ گلگت بلتستان کونسل، جس کا سربراہ وزیر اعظم پاکستان ہوتا ہے، گزشتہ تین سال سے ایک بھی اجلاس نہیں بلا سکی، جو جی بی کے عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی اور مجرمانہ غفلت ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر گلگت بلتستان کونسل کا اجلاس بلائے، بجلی بحران کا خاتمہ کرے اور علاقے کے عوام کے آئینی و سیاسی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے تاکہ گلگت بلتستان کے عوام میں پھیلتی ہوئی بےچینی اور بداعتمادی کا خاتمہ ہو۔