وحدت نیوز(جھنگ) مجلس وحدت مسلمین تحصیل احمد پور سیال کے زیراہتمام حکومت کی جانب سے چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر ایران و عرق جانے والے زائرین کے لیے زمینی راستے کی بندش کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر ملک بھر کی طرح جھنگ کی تحصیل احمد پور سیال میں بھی یوم احتجاج منایا گیا، زائرین امام حسین علیہ السلام کے لیے زمینی راستوں کی بندش کے خلاف امام بارگاہ گلشن زہرا اسلام والا سے اڈا پل گاگن تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ضلع جھنگ کے صدر مولانا سید روح اللہ کاظمی نے کی۔
ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے حکومت سے دہشتگردوں کے قلع قمع کرنے، زائرین کے لیے زمینی راستے کھولنے اور اُنہیں محفوظ بنانے کا مطالبہ کیا، رہنمائوں نے کہا کہ عین وقت پر جب زائرین کی روانگی ہوتی ہے زمینی راستے کی بندش سے لاکھوں زائرین کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔ رہنمائوں نے حکومت سے فی الفور فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔