علامہ باقرعباس زیدی کی سربراہی میں ایم ڈبلیوایم وفد کی یوم آزادی پاک وطن پر مزار قائد پرحاضری

15 اگست 2022

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین  صوبہ سندھ کے وفد کی 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر صدر علامہ باقر عباس زیدی کی سربراہی میں علما و زاکرین کے ہمراہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا فاتحہ خوانی ملکی سالمیت اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ مختار امامی، علامہ علی انور جعفری،مولانا صادق جعفری، رہنما ناصر حسینی،زاہد عباس، قیصر عباس، راحیل عباس و دیگر موجود تھے۔

 علامہ باقرعباس زیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس آزاد و خودمختار پاکستان کا تصور علامہ اقبال نے پیش کیا اور جس کے قیام کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے انتھک جدوجہد کی اس ارض پاک کی تکمیل کے لیے پوری قوم کو اسی لگن، دیانتداری اور جذبے کے ساتھ اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا۔ پاکستان کا حصول محض کسی زمینی ٹکڑے کے لیے نہیں تھا بلکہ اس کا مقصد ایک ایسی اسلامی مملکت کا قیام تھا جو اپنے فیصلوں میں آزاد ہو۔ جس کے داخلی و خارجی فیصلے قومی مفادات کے تابع ہو۔گزشتہ چوہتر سالوں سے عالمی استکباری طاقتیں پاکستان کے معاملات اور ہمارے دیگر ممالک سے تعلقات کو اپنی مرضی کے تابع دیکھنے کی متمنی ہیں۔جو ریاست ملک وقوم کے وقار کو مقدم سمجھتی ہے وہ کسی بیرونی ڈکٹیشن کو خاطر میں نہیں لاتی۔ اس حقیقت کا ادارک صرف انہیں رہنماؤں کو ہوتا ہے جو باضمیر و باشعور عوام کی آنکھ سے معاملات کو پرکھنا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا پاکستان ہماری شناخت اور رب کریم کی طرف سے عطاکی گئی ایک عظیم نعمت ہے۔ہمارا یہ وطن ہماری مذہبی آزادی، ہمارے عقیدوں کے تحفظ اور نسلوں کی بقا کا ضامن ہے۔ہمیں اپنی جان و مال سے بڑھ کر اس کی حفاظت کرنا ہو گی۔حب الوطنی کے جذبے سے شرسار ہوکر ہر اس دشمن کے خلاف ہم نے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا ہے جو ہماری سالمیت اور بقا کا دشمن ہے۔ہم نے اپنے اتحاد،وحدت، باہمی احترام اور رواداری سے ملک دشمن سازشوں کو شکست دینا ہو گی انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر پاکستان کی بقاء،سلامتی اور خوشحالی تجدید عہد اور ملک دشمنوں سے جنگ کے عزم کا دن ہے یوم آزادی پر شہدائے پاکستان کو خراچ عقیدت پیش کرتے ہیں۔14اگست تجدید عہد وفا کا دن ہے کسی ملک و اسلام دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو اس ملک میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree