گوٹھ آچرعمرانی کے گھروں‌ کو مسمار کرنیکا نوٹس لیا جائے، علامہ مقصود علی ڈومکی

01 جولائی 2014

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیوایم مظلوموں کی آواز ہے۔ جس نے ہمیشہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف حق کی آواز بلند کرتے ہوئے عوام کی ترجمانی کی ہے۔ آج کا یہ پریس کانفرنس بلوچستان میں ضلع جعفر آباد کے ایک گاوں گوٹھ محمد آچر عمرانی کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف صدائے احتجاج ہے۔ جہاں پورے گاوں کو جو تین ساڑھے تین سو افراد پر مشتمل ہے، کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا ہے۔ صرف اس بنیاد پر کہ اس گاوں سے تعلق رکھنے والے چند لوگوں نے ذاتی دشمنی کی بنا پر وہاں کے ایس ایچ او کے گھر پر حملہ کرکے اُن کے اہل خانہ کو قتل کر دیا تھا۔ جس کے بعد علاقہ ایس ایچ او اور ڈی پی او نے بجائے قاتلوں کی گرفتاری کے اپنی طاقت کا بےدریغ استعمال کرکے ماورائے قانون کاروائی کرتے ہوئے پورے گاوں کو مسمار کر دیا۔ جسکی وجہ سے وہاں کے عوام کا کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔ لوگوں کو اُن کے گھروں سے بےگھر کرکے سڑکوں پر لا کھڑا کر دیا گیا ہے اور پورا گاوں جو تین ساڑھے تین سو افراد پر مشتمل ہے۔ اس خوف سے کہ کہیں اُن کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ سب اپنے گھروں کو چھوڑ کر دوسرے علاقوں میں در بدر ہیں اور کئی ہفتوں سے اپنے گھروں سے دور دوسرے علاقوں میں بچوں اور خواتین کے ساتھ کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اور وسیع رقبے پر کاشت کی ہوئی فصلوں کا کوئی خیال رکھنے والا نہیں اور کھڑی کی کھڑی فصلیں خراب ہو رہی ہیں۔ جسکی وجہ سے وہاں کے عوام کا بھاری نقصان ہو رہا ہے اور ان کو ناکردہ گناہ کی سزا مل رہی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہم گاوں گوٹھ محمد آچر کے بےگناہ لوگوں کی حمایت کرتے ہوئے وہاں کے لوگوں سے مکمل ہمدردی کا اعلان کرتے ہیں اور چیف جسٹس بلوچستان جناب قاضی جائز عیسٰی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانون کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے اور وہاں کے معصوم عوام کو انصاف فراہم کیا جائے۔ اسی طرح ہم وزیراعلٰی بلوچستان جناب ڈاکٹر عبدالمالک سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیں اور طاقت کا ناجائز اور بےدریغ استعال کرنے پر ذمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہونے کیساتھ وہاں کے لوگوں کو اُنکے گھروں تک باحفاظت واپسی کا انتظام کیا جائے اور ان کیلئے نئے مکانات تعمیر کرانے کا بندوبست کیا جائے۔ اس حوالے سے وہاں کے علاقہ ایم پی اے اور اسپیکر صوبائی اسمبلی محترم جان محمد جمالی سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ اس واقعے میں ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے اس مسئلے کو حل کرنے اور مظلوموں کو انصاف دلانے میں اپنا کر دار ادا کرے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ایس ایچ او کے اہل خانہ کو قتل کرنے والے مجرم ہیں اور انہیں قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے عبرتناک سزا دی جائے۔ ہمیں ان قاتلوں سے کوئی ہمدردی نہیں۔ مگر اس واقعے کو جواز بنا کر پوری بستی کو اجاڑ دینا بھی انصاف کا قتل ہے۔ اگر انصاف کے رکھوالے اس طرح کی لاقانونیت کی مثال قائم کریں گے تو عوام انصاف کیلئے کہاں جائیں۔

 

علامہ ڈومکی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کا مضبوط موقف بالآخر ملکی قیادت، پاک آرمی اور سیاسی جماعتوں نے درست تسلیم کرئے ہوئے معصوم انسانوں کے قاتل دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا ہے۔ جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ بلوچستان میں بھی دہشت گردوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کیا جائے۔ فرقہ واریت کے نام پر نفرتیں پھیلانے والے دہشت گردوں کے ساتھی مجرم ہیں۔ ان کے خلاف بھی اقدام ہونا چاہیئے۔ پاکستانی قوم یہ پوچھنے میں حق بجانب ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پر واویلا کرنے والوں نے معصوم شہریوں کے قتل عام اور مساجد میں بم دھماکوں کے وقت کیوں چپ کا روزہ رکھا تھا۔ ہم دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے شھید ہونے والے پاک فوج کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کی کامیابی کیلئے دُعاگو ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ پوری قوم اس حساس موقعے پر اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree