وحدت نیوز(سکردو)ممبر جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے یکم مئی یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ معاشرے میں محنت کش طبقے کی عزت وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔مزدوروں نے اپنے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ یکم مئی کو ہر سال یہ دن اس عہد کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ مزدوروں کے معاشی حالات تبدیل کرنے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں تاکہ معاشرے میں مزدور طبقہ خوشحال زندگی گزار سکے۔ترقی کے عمل میں محنت کشوں کے حقوق کے اعتراف کا احترام انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لیبر طبقہ ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہے۔