وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام ڈیرہ اسماعیل خان میں ایڈووکیٹ شاہد شیرازی کے قتل کے خلاف نواں شہر چوک (ملتان) پر تین گھنٹوں کا علامتی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، یافث نوید ہاشمی اور آئی ایس او کے ڈویژنل صدر قاسم ہاشمی نے کی۔ دھرنے کے شرکاء نے نماز مغربین باجماعت چوک نواں شہر میں اداء کی۔ دھرنے کے شرکاء سے آئی ایس او کے ڈویژنل صدر قاسم ہاشمی، سابق مرکزی صدر یافث نوید ہاشمی، محمد عباس صدیقی اور علامہ اقتدار حسین نقوی نے خطاب کیا۔ رہنمائوں نے اپنے خطاب میں خیبر پختونخوا حکومت اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، رہنمائوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت طالبان اور قاتلوں کی ہمدرد اور خیرخواہ ہیں، پاکستان کے سکیورٹی ادارے اور ایجنسیاں جس مدرسے کو طالبان کی نرسریاں کہہ چکی ہیں، اُسے کروڑوں کا فنڈ دے کر ثابت کر دیا ہے کہ اس حکومت کا اور طالبان کا ایک ہی ایجنڈا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ اگر قائد وحدت کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو 17 جولائی کو ملک بھر میں خواتین احتجاج کریں گی اور 22 جولائی کو ملک بھر کو 8 گھنٹوں کے لئے جام کر دیا جائے گا۔