ملک میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندی جبکہ دہشتگرد تنظیموں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے، علامہ مقصود ڈومکی

25 نومبر 2024

وحدت نیوز(ٹھل) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں پر پابندی ہے جبکہ ملک بھر میں کالعدم دہشت گرد جماعتوں کو شرانگیزی کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھل میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایک وفد کے ہمراہ تحصیل ٹھل کے علاقوں مبارک پور، رانجھا پور اور میر پور برڑو کے دورے کے موقع پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی حیات طیبہ عالم بشریت کے لئے اسوہ حسنہ ہے۔ سیدہ کائنات کے دامن عصمت میں جن بچوں نے تربیت پائی وہ عالم بشریت کے رہبر و رہنماء قرار پائے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں جس طرح سے آئین، قانون اور جمہوری قدروں کو پامال کیا جا رہا ہے، وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ اظہار رائے پر قدغن لگا کر لوگوں کے بنیادی حقوق سلب کئے گئے ہیں۔ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے۔ پرامن احتجاج کرنے والوں کے خلاف وسیع پیمانے پہ پکڑ دھکڑ غیر جمہوری عمل ہے۔ اس وقت وطن عزیز پاکستان میں سینکڑوں سیاسی کارکنوں کو بلاجواز قید کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں پر پابندی ہے۔ جبکہ ملک بھر میں کالعدم دہشت گرد جماعتوں کو شرانگیزی کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے کالعدم تکفیری گروہ فتنہ انگیزی کر رہے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کالعدم تکفیری جماعتوں کے جلسے جلوس اور شرانگیزی کو روکا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلع جیکب آباد کے جن 27 دہشت گردوں کے نام نیکٹا کے دہشت گردوں کی لسٹ میں ہیں ان کی نقل و حرکت اور عوامی اجتماعات میں شرکت پر پابندی عائد کی جائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید غلام شبیر نقوی نے کہا کہ اتحاد بین المومنین وقت کی ضرورت ہے۔ ضلع جیکب آباد کی تمام تنظیموں نے اتحاد بین المومنین کا گلدستہ تیار کیا ہے۔ تقریب سے مجلس علماء مکتب اہلِ بیت کے ضلع صدر علامہ سیف علی ڈومکی، مجلس وحدت مسلمین تعلقہ ٹھل کے صدر غلام حیدر برڑو، جعفریہ الائنس کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری زوار شاہنواز منگی، سید الطاف حسین شاہ، سید محبوب علی شاہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree