وحدت نیوز (کوئٹہ) پاکستان کے شورش زدہ صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں اتوار کے روز ہزارہ ٹاؤن میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے شہداء کی تعداد تیس ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پیر کی صبح اسپتال میں زیر علاج دو مزید زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں جس کے بعد سانحہ ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ میں ناصبی یزیدی طالبان دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے مومنین کی تعداد تیس ہوگئی ہے۔ حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار شہزادہ فرحت نے ذرائع کو بتایا ہے کہ اسپتال میں زیر علاج زخمیوں میں سے متعدد کی حالت ابھی بھی نازک بتائی جا رہی ہے جبکہ پیر کی صبح دو زخمی مزید شہید ہونے کے بعد شہداء کی تعداد تیس ہوگئی ہے۔سرکاری عہدیدار نے بتایا ہے کہ زخمیوں کا علاج معالجہ پاک فوج کے زیر انتظام اسپتال سی ایم ایچ میں کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب سانحہ کی تفتیش کے لئے چھ رکنی تفتیشی ٹیم ایس پی محمد طارق کی سر براہی میں قائم کر دی ہے جبکہ بم دھماکے کا مقدمہ بریری روڈ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ہزاڑہ ٹاؤن کی سیکورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے جبکہ علاقے میں پیرا ملٹری فورسز سمیت پولیس کی بڑ ی تعداد بھی موجود ہے۔ یاد رہے کہ اتوار کے روز ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ کے علی آباد بازار میں مسجد و امام بارگاہ کے قریب ہونے والے ناصبی یزیدی طالبان دہشت گردوں کے حملے میں اب تک تیس عزاداران امام حسین علیہ السلام شہید ہو چکے ہیں جبکہ 70سے زائد زخمی ہیں اور متعدد زخمیوں کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے۔ اسی سانحہ سے متعلق آج سوبے بھر میں مکمل سوگ کا سماں ہے اور کوئٹہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کے ساتھ ساتھ زندگی معطل ہے۔