وحدت نیوز (مانٹرنگ ڈیسک) حرم اہلبیت اطہار ؑکی حفاظت میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ایران کے سات شہید کمانڈوز کے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات میں رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت امام خامنہ ای نے فرمایا کہ شہدائے مدافع حرم پوری قوم کیلئے باعث افتخار ہیں۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے شام میں حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے روضے کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہونے والے اسلامی جمہوریہ ایران کے سات شہید کمانڈوز کے اہل خانہ اور لواحقین سے ملاقات میں شہدا کے اعلی و ارفع مقام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ شہداء نہ صرف فوج بلکہ پوری قوم کے لئے باعث افتخار ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ ان شہداء کی تشیع جنازہ کے موقع پر بعض شہیدوں کی ازواج نے ایسے اعلی مفاہیم کی حامل باتیں کہیں جو مادی انسانوں کی سمجھ سے بالاتر ہیں۔
آپ نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ یہ شہدائے حرم ہی تھے کہ جنہوں نے دشمن کو دھول چٹائی اور ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا فرمایا کہ اگر بدخواہوں اور فتنہ پروروں کو جو امریکہ اور صیہونی حکومت کے آلہ کار ہیں حرم حضرت زینب سلام اللہ تک پہنچنے سے روکا نہ گیا ہوتا تو تہران، فارس، خراسان اور اصفہان میں انہیں روکنا پڑتا۔ واضح رہے کہ شہدائے حرم ان شہیدوں کو کہا جاتا ہے جنہوں نے شام میں نواسی رسول حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے روضے کا دفاع اور حفاظت کرتے ہوئے راہ خدا میں اپنی جان قربان کر دی۔