وحدت نیوز(اسلام آباد) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے مشن کو زندہ رکھنے پر مجلس وحدت مسلمین تحسین کی مستحق ہے۔ علامہ عارف حسینی وحدت کے حوالے سے ایک معتبر نام تھے جن کا مشن آج بھی جاری ہے۔ پاکستان میں فرقہ واریت اور انتہا پسندی کا بانی کو ملک کی عدالت نے تو نااہل قرار دیا لیکن خدا کی عدالت میں بھی ابھی بہت سارے فیصلے ہونے باقی ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے ان خیالات کا اظہار شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کی 29ویں برسی کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام پریڈ گراونڈ اسلام آباد میں منعقدہ مہدی برحق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ممتاز قادری کو پھانسی دینا، پارا چنار کے مظلوم افراد کا قتل عام اور ماڈل ٹاؤن میں خواتین کو گولیاں مارنے کے جرم کا فیصلہ ابھی باقی ہے۔ حامد رضا نے کہا کہ نواز شریف ملک میں داعشی فکر کو پروان چڑھانا چاہتا تھا۔ داعش آج پاکستان کی سرحد پر کھڑی ہے۔ میں تمام کالعدم جماعتوں کو متنبہ کرتا ہوں کہ پاک فوج سے پہلے اس ملک کے دشمنوں کو ہم سے ٹھکرانا ہو گا جو انجام یزید کا ہوا وہی انجام ان دہشت گرد قوتوں کا ہوگا۔ حامد رضا نے کالعدم جماعت اہل سنت والجماعت (سپاہ صحابہ)، لشکر جھنگوی سمیت دیگر جماعتوں کا نام لیکر مذمت کی۔