وحدت نیوز(اسلام آباد ) شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کی 29ویں برسی کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام پریڈ گراونڈ اسلام آباد میں منعقدہ مہدی برحق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمیعت علمائے پاکستان (نیازی) کے مرکزی رہنما ڈاکٹر امجد حسین چشتی نے کہا کہ آج اس اسٹیج پر شیعہ سنی علما کا اجتماع اس حقیقت کا عکاس ہے کہ شیعہ سنی میں کوئی اختلاف نہیں۔ ہمارے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے۔ جمیعت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما پیر عثمان نوری نے کہا کہ شیعہ سنی قوتوں نے مل کر اس ملک کی حفاظت کرنی ہے۔ اتحاد امت مصطفے کے صدر پیر شفاعت رسول نوری نے کہا کہ اتحاد امت کے لیے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا اخلاص لائق تحسین ہے، ہم اس اتحاد کے فارمولے کو تسلیم نہیں کرتے جس میں ظالم و مظلوم کو ایک صف میں کھڑا کیا جائے۔ ہمارے پاس اتحاد کا فارمولا محبت محمدﷺ و آل محمد ﷺ ہے۔ پاکستان کے سیاسی، مذہبی اور علمی حلقے یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ پاکستان کی بنیاد دو قومی نظریہ ہے، اس سے انحراف پاکستان کی بقا کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔