وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سےآزادی? القدس کانفرنس کا انعقاد کراچی کے مقامی ہال میں کیا گیا۔ القدس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال، صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی، ایم کیو ایم رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار، میجر (ر) قمر عباس، جماعت اسلامی کے رہنماء اسد اللہ بھٹو، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی، مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے سربراہ علامہ مرزا یوسف حسین، سیدعلی حسین نقوی، یعقوب حسینی ، مولانا صادق جعفری، مولانا عبد اللہ جوناگڑھی ،علامہ صادق رضا تقوی، علامہ حیدرعباس عابدی اور دیگر رہنماء شریک تھے۔
آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم القدس منانے کی اہمیت گذشتہ سالوں کی نسبت کہیں زیادہ ہوگئی ہے کیونکہ عالمی استعمار امریکا نے اپنی ناجائزہ اولاد اسرائیل اور چند خائن عرب حکمرانوں کے ساتھ مل کر صدی کی ڈیل کے نام پر فلسطینیوں کی رہی سہی اور بچی ہوئی زمین کو بھی ہتھیانے کی سازش مکمل کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ڈیل کے نتیجہ میں امریکہ چاہتا ہے کہ پورے خطے پر صہیونی بالا دستی قائم ہو جائے اور مسئلہ فلسطین ہمیشہ ہمیشہ کے لئے امریکی خواہشات اور صہیونی من مانی کے مطابق ختم کر دیا جائے۔
قاسم شمسی نے کہا کہ اس نازک وقت میں جب عالمی سامراج فلسطینوں کے مزید حقوق سلب کرنے کی جدوجہد کررہا ہے ہمارا یوم القدس کو عظیم الشان طریقہ سے مناکر مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنا انتہائی ضروری اور واجب ہوگیا ہے۔ ہم دنیا بالخصوص امریکاو اسرائیل کو یہ باور کروانا چاہتے ہیں ہم کسی بھی قیمت فلسطین کے مسئلے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔