وحدت نیوز (کراچی) عراق میں امریکی جارحیت کا نشانہ بنے والے امت مسلمہ کے عظیم لیڈر قاسم سلیمانی،ابومہدی المہندس ودیگر شہداء کی رسم چہلم کے سلسلے میں مرکزی اجتماع کا انعقاد ”چہلم شہدائے مدافعان حرم اہل بیتؑ“ کے عنوان سے نشتر پارک کراچی میں ہوا۔اجتماع میں ملک کی نامور مذہبی جماعتوں بشمول امامیہ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن،مجلس وحدت مسلمین،شیعہ علما کونسل،ہیت آئمہ مساجد،ذاکرین امامیہ،جعفریہ الائنس،مرکزی تنظیم عزاء،مرکزی تنظیم عزاداری کے قائدین، علما کرام، سیاسی و صحافتی شخصیات سمیت ہزاروں کی تعداد میں مرو و خواتین،بزرگوں اور بچوں نے شرکت کی۔
جبکہ اجتماع سے خصوصی خطاب سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصرعباس ، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا،، مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان عارف حسین الجانی، جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی ، شیعہ علماکونسل سندھ کے صدرعلامہ ناظرعباس تقوی ودیگرنے خطاب کیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےسنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہاقاسم سلیمانی کا نام قیامت تک زندہ رہے گا۔ قاسم سلیمانی حریت کی وہ داستان تھا جس کی تاریخ قیامت تک پڑھائی جائے گی،خدا اور رسول ؐاور دین اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی جانیں ہتھیلی پر لیئے پھرنے والوں میں سے ایک شخص قاسم سلیمانی تھا۔قاسم سلیمانی کی آرزوشہادت کا حصول تھا جوپوری ہوگئی،قاسم سلیمانی ک فلسفہ تکفیر کے خلاف جذبہ جہاد کو جاری رکھنا تھا جو تاقیامت جاری رہے گا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہاکہ فلسطین،لبنان،شام، روہنگیا، کشمیر سمیت پوری دنیا میں جاری بربریت میں کفار کے ساتھ عرب ممالک کا اہم کردار ہے۔داعش کے قیام سے لیکر آج تک اسے لوجسٹک سپورٹ اسرائیل اور سعودیہ عرب کی جانب سے ہی حاصل ہے ۔جنت البقیع اور مقدسات کی مسماری اس امر کی دلیل ہے کہ حرمین کو کسی اور سے خطرہ نہیں بلکہ اس کو اپنے حکمرانوں سے خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا نہ جا کر ہم نے مضبوط اسلامی بلاک بنانے کا موقع ضائع کیا۔محمد بن سلمان کی ایک کال سے حکومت اپنے فیصلے تبدیل کرنے پر مجبور ہو جاتی ہے۔ ہمارے حکمران محمد بن سلمان سے کہیں کہ کشمیر ی مسلمان ماؤں بہنوں پر بھارتی مظالم کے خلاف ایک مذہبی بیان ہی دے دے،انہوں نے کہا کہ اس قوم کا ہر بچہ قاسم سلیمانی ہے۔