وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام فلسطین ،کشمیر اور دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت میں القدس کانفرنس کا انعقاد اسلام آباد پریس کلب میں ہوا جس میں وفاقی وزراء سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور دیگر نامور شخصیات نے شرکت کی۔ انسانی حقوق کی وفاقی وزیر شیریں مزاری نے ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین پر اقوام عالم کے آواز اٹھانے کا وقت آ گیا ہے۔مسئلہ فلسطین ایک نازک ایشو ہے جسے نظر انداز کرنا کسی ہولناک عالمی تصادم کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔القدس اور کشمیر مسلم امہ کے لئے ٹیسٹ کیسز ہیں ان دو مسائل پر اگر عالم اسلام متحد نہ ہوا تو ان کی اپنی بقا و سالمیت خطرے میں پڑ جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مظلوم نہتے مسلمانوں کے خلاف ظالمانہ کارروائیاں کر کے بھارت اور اسرائیل عالمی جنگی جرائم کے مرتکب ہورہے ہیں اسرائیل صدی کی بڑی ڈیل کے تحت غزہ کومستقل ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ٹرمپ اور نیتن یاہو کا اتحاد فلسطین کے عوام کو مستقل غلام بنانے کے لیے ہے۔اسرائیلی اقدام سے خلیج میں جنگ بھی چھڑ سکتی ہے۔مسلم ممالک کی قیادت کو آگے بڑھ کر اسرائیل کا منصوبہ ناکام بنانا ہوگا۔مسلم امہ اتحاد سے بھارتی و اسرائیلی عزائم ناکام بنائے ورنہ اپنی خیر منائے۔اگر آج فلسطین پر خاموشی اختیار کی گئی تو کل کشمیر پر بھی خاموش ہونا پڑے گا۔مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔