وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام اسلام آبادمیں فلسطین ،کشمیر اور دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت میں منعقدہ القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےپاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ اسرائیل خلیج کا نقشہ بدلنا چاہتا ہے۔کسی بھی عالمی جنگ کے ذمہ دار مسلمان نہیں تھے مگر بدلہ مسلمانوں سے چکایا جا رہا ہے۔کشمیر اور فلسطین کے مسئلے پر اقوام متحدہ کا دہرا معیار افسوسناک ہے۔اقوام متحدہ مسلمانوں کے لئے غیر موثر ادارہ بن کر رہ گیا ہے۔عرب اسرائیل جنگ میں پاکستان آج بھی کردار ادا کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کے پاس لیڈر شپ کی کمی ہے۔اسلامی طاقتیں مختلف بلاکس میں تقسیم ہوکر رہ اپنی طاقت کھو رہی ہیں جب کہ یہودی لابی مزید مضبوطی پکڑنے میں مصروف ہے۔امریکہ سمیت عالمی طاقتوں پر یہودیوں کا گہرا اثر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے علاقائی مسائل کے حل کے لیے ریجنل قوتوں کو قریب لانا ہو گا۔یورپی پارلیمنٹ اگر ہو سکتی ہے تو ایشین پارلیمنٹ کیوں نہیں بن سکتی۔ایشائی طاقتوں کو اس پہلو پر بھی سوچنا چاہئے ۔