وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام رحمت اللعالمینؐ وحدت کانفرنس کا انعقاد اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہواجس میں ایم ڈبلیو ایم،ملی یکجہتی کونسل،جماعت اسلامی،شیعہ علما کونسل ، پاکستان عوامی تحریک، سنی اتحادکونسل، جمعیت علمائے پاکستان اور مختلف مذہبی جماعتوںکے رہنمائوںسمیت کثیرتعداد میں مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ امت کی بقاء اور دشمنوں کی شکست کے لیے اس طرح کے اجتماعات کی اشد ضرورت ہے۔طاغوت کے نمائندے مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کے لیے چالیں چل رہے ہیں۔محبت و رواداری کے جذبوں کو فروغ دے کر ایک دوسرے کومضبوط کیاجائے۔دشمنوں کامقابلہ کرنے کے لیے دشمن شناسی ضروری ہے۔