وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےزیر اہتمام لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقدہ قرآن واہل بیت ؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری جمعیت علمائے پاکستان (نورانی )پیر صفدر گیلانی پیر صفدر گیلانی نے کہا کہ ملت شیعہ ایم ڈبلیوایم کے پلیٹ فارم پر متحد ہورہی ہے ، یہ پیغام ہے استعماری قوتوں کے لئےکہ اب وہ اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔
ان کاکہنا تھاکہ شہید عارف حسینیؒ کے بارے میں جو میں نے پڑھا ہے اس کے بعد تین باتیں میرے زہن میں بیٹھیں وہ یہ تھیں کہ جس شخصیت نے ملت شیعہ سے ملت اسلامیہ بننے کا سفر اتحاد بین المسلمین کا پرچم تھام کر شروع کیا وہ شخصیت علامہ عارف حسین الحسینی تھے ۔انہوںنے شیعہ سنی مکاتب کے درمیان اتحاد ویکجہتی کیلئے شب وروز جدوجہد کی ، انہوں نے سیاسی کردار ادا کرنے کااعلان کرکے شیعہ قوم کو قومی سیاسی دہارے میں شامل کیا، انہوں نے امام خمینیؒ کے افکار کی روشنی میں قوم کو امریکا کے مکروہ چہرے سے روشناس کروایا ۔
علامہ عارف حسینیؒ کو خراج تحسین پیش کرنے کا جائز انداز یہی ہے کہ ہم ان کی راستے کو زندہ رکھیں، انشاءاللہ اہل سنت شہید عارف حسینی ؒ کے اتحاد المسلمین کے پرچم کو گرنے نہیں دیں گے ہم اہل تشیع کے شانہ بشانہ شہید عارف حسینیؒ کے راستے پر گامزن رہیں گے ۔