وحدت نیوز(رحیم یارخان) رحیم یارخان کی تحصیل صادق آباد کے علاقے بھونگ میں شرپسند عناصرومذہبی جنونیوں کی جانب سے مندر کو نقصان پہنچایا گیا۔ مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل غلام اصغر تقی وفد کے ہمراہ مندر پہنچے، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم رحیم یارخان کے ضلعی قائدین مولانا نیر عباس اور دیگر بھی موجود تھے۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے بھونگ میں ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان سے بھی ملاقات کی۔
وفد نے متاثرہ مندر کے منتظمین سے ملاقات کی اور انسانی ہمدردی کا اظہار کیا جس پر ہندو برادی نے ایم ڈبلیو ایم اور اہل تشیع کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔ بعدازاں ہندو برادری کے سرکردہ افراد کی قیادت میں وفد نے مقامی امام بارگاہ میں ایم ڈبلیو ایم کے قائدین اور اہل تشیع رہنمائوں سے ملاقات کی۔
ہندو کمیونٹی کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ہمارا مندر تو جل گیا لیکن ہماری جان و مال کو اہل تشیع نے بچایا ہے جس پر ہم اہل تشیع کمیونٹی کے مشکور ہیں۔ واضح رہے کہ بھونگ میں جس مندر کو نقصان پہنچایا گیا ہے یہ مندر امام بارگاہ کے بالکل قریب ہے۔ اہل تشیع کمیونٹی نے نہ صرف اپنے امام بارگاہ اور علم کی حفاظت کی بلکہ ہندو افراد کے گھرانوں کی بھی حفاظت کی، اس وقت بھونگ میں ہندووں کے 70 خاندان آباد ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل غلام اصغر تقی نے کہا کہ ہم سانحہ بھونگ کی مذمت کرتے ہیں اور متاثرین سے انسانی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان جہاں مسلمانوں کو حقوق دیتا ہے وہیں اقلیتوں کے حقوق کا بھی محافظ ہے، مٹھی بھر شرپسند عناصر کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت اس طرح کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے تاکہ اس طرح کے واقعات دوبارہ رونما نہ ہو سکیں۔