وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما ندیم افضل چن اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی کیمپ میں ملاقات کی اور اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ بعدازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کا ہڑتالی کیمپ ملک کے ہر اس باشعور فرد کی ترجمانی کرتا ہے جو ملک میں جبر و ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ رکھتا ہے۔ مذہبی تنگ نظری اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کا موقف بالکل واضح ہے۔ دہشتگردوں کے سہولت کار ملک و قوم کے غدار ہیں۔ اس ظلم و بربریت کے خلاف ہم اپنی سوچ، نظریہ اور افرادی قوت کے ساتھ علامہ راجہ ناصر عباس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے شیعہ کمیونٹی کے پڑھے لکھے طبقے اور مختلف شعبوں کے ماہرین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دونوں سیاسی رہنماوں کی آمد پر شکریہ ان کا ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو کمزور کرنے کے لئے اسے گروہ در گروہ تقسیم کیا جا رہا ہے، حتی کہ مقتولوں کی شناخت بھی مذہب و مسلک کے ساتھ نتھی کی جا رہی ہے۔ ہندو، عیسائی، سکھ اور مسلمانوں سمیت کوئی بھی قتل ہو، یہ انسانیت کا قتل ہے، ہم اس ظلم کے خلاف ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیاں اس ملک کی تباہی کا باعث بنی ہوئی ہیں۔ ظلم، ناانصافی، ریاستی جبر اور حکومتی اداروں کا اختیارات سے تجاوز قومی بدحالی کا بنیادی سبب ہے۔ ہم نے انصاف کے حصول اور قومی سلامتی کے لئے جو مطالبات پیش کر رکھے ہیں، ان پر جب تک عمل درآمد نہیں ہوتا، تب تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ایک اعلٰی سطح کے وفد نے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا احمد اقبال رضوی کی قیادت میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے وزیر اعلٰی ہاوس پشاور میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزراء مشتاق غنی اور علی امین گنڈا پور بھی موجود تھے جبکہ مجلس وحدت کے مرکزی رہنما ناصر عباس شیرازی، اسد نقوی، آغا اقبال بہشتی، رکن بلوچستان اسمبلی آغا محمد رضا اور آغا سبطین حسین الحُسینی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آئی جی ناصر خان درانی، ہوم سیکرٹری، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور اور ہزارہ جات سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی اور دیگر اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں شہداء کے قاتلوں کی فوری گرفتاری، کیسز کی پیروی، اہم کیسز کو ملٹری کورٹس میں بھیجنے، شہداء کے خانوادوں کی مالی کفالت اور لواحقین کو ملازمتوں کی فراہمی سمیت اہم موضوعات پہ اتفاق کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے صوبے بھر میں ملت جعفریہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پانچ رکنی کوآرڈینشن کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دی جس میں صوبائی وزیر مشتاق غنی، علی امین گنڈہ پور، ایک رکن اسمبلی اور ایم ڈبلیوایم کی جانب سے ناصرشیراز ی اور اسد نقوی شامل ہوں گے، پرویز خٹک نے ایم ڈبلیوایم وفد کو یقین دہانی کرائی کے آئندہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ سے متاثرہ علاقوں میں آپریشن اور شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے کیسز کو ملٹری کورٹ بھیجنے کی سفارش بھی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ تین روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات میں ان کو یقین دلایا تھا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت انکی شکایات فوری طور پر دور اور قاتلوں کی گرفتاریوں کو یقینی بنائے گی اور آج وزیراعلٰی پرویز خٹک کے ساتھ ہونیوالی اعلٰی سطح ملاقات اسی سلسلہ کی کڑی تھی۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پاکستان میں دہشت گردی، شیعہ قتل عام اور تکفیری دہشت گردوں کے خلاف حکومتوں کی عدم کارروائی کے خلاف تیرہ مئی سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔

وحدت نیوز(شہدادکوٹ) شہداد کوٹ میں منعقدہ عوامی اجتماع اور ایم ڈبلیوایم کی بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حدود میں امریکی ڈرون حملہ سنگین جرم اور نا قابل معافی عمل ہے۔ پاکستان ایک آزاد اور خود مختیار ریاست ہے ،اسے شیطان بزرگ امریکہ کی کالونی نہ سمجھا جائے۔ امریکہ اپنے انسان دشمن رویے کے باعث اقوام عالم کی نظر میں منفور ہوچکا ہے۔ہم امریکہ اور اسرائیل کو تمام دہشت گرد تنظیموں کا بانی اور سر پرست سمجھتے ہیں،اور امریکہ، اسرائیل اور ان کے پالتو دہشت گرد تنظیموں سے نفرت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے جو جدوجہد کی ہے وہ لائق صد تحسین ہے۔قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے انتہائی جرائت اور بہادری سے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کی ہے، ان کی بھوک ہڑتال کو گیارہ دن گذر چکے ہیں۔ قائد وحدت نے حکم دیا تو سندہ سے ہزاروں عاشقان اہل بیت ؑ ان سے اظہار یکجہتی کے لئے اسلام آباد مارچ کریں گے۔ نواز حکومت دھشت گردوں کی ہمدرد بننے کی بجائے امن پسند قوتوں کا ساتھ دے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے وارثان شہداء پوچھتے ہیں کہ آخر ہمارے قاتلوں اور دھشت گردوں کو کب سزا ہوگی، اور آخر اس ملک سے دھشت گردی کا خاتمہ کیوں نہیں ہورہا۔ نیشنل ایکشن پلان کے باوجود کالعدم دھشت گرد جماعتوں کی سرگرمیاں کیوں جاری ہیں؟۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) عوامی مسلم لیگ پاکستان کے سربراہ شیخ رشید احمد نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی کیمپ میں ملاقات کی ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک نازک ترین صورتحال سے گزر رہا ہے۔امت مسلمہ باہمی خلفشار اورعدم استحکام کا شکار ہے ۔عالمی طاقتیں پاکستان میں ایسے ہی حالات پیدا کرنا چاہتی ہیں۔مذہبی ہم آہنگی اور وحدت و اخوت سے ان سازشوں کو شکست دینا ہو گی۔ملک اس وقت معاشی واقتصادی مسائل میں جھکڑاہوا ہے۔بلوچستان میں امریکی ڈرون حملہ اکنامک کوریڈور کے حوالے سے اہم پیٖغام ہے۔ اگلے چار ماہ انتہائی اہم ہوں گے۔ عید کے بعد ایک نیا سیاسی میدان سجے گا۔علامہ ناصر عباس قوم کی ایک مدبر قیادت اور اعلی فہم و فراست کی مالک شخصیت ہیں ۔میری ان سے درخواست ہے کہ ظلم و کرپشن کے خلاف اور وطن عزیز کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔علامہ ناصر عباس جعفری نے شیخ رشید کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کا رخ دہشت گرد قوتوں سے ہٹا کر پرامن شہریوں کی طرف موڑ نا ضرب عضب کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کی کوشش ہے۔ملک کے ہر مظلوم طبقے کو یہ امید تھی کہ نیشنل ایکشن پلان عام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کرے گا لیکن اسے انتقامی کاروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔میری جدوجہد مظلوم کی حمایت میں ہے چاہے وہ مظلوم سکھ ہو ،کافر ہو ،عیسائی ہو یا کسی بھی مکتبہ فکر سے اس کا تعلق ہو۔انہوں نے کہا کہ خرم ذکی ایک جرات مند محب وطن تھا ۔اس سے تکفیری قوتوں نے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ہم اس کی قانونی جنگ لڑیں گے اور اس کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔علامہ ناصر عباس نے شیخ رشید سے کہا کہ ملت تشیع کی ٹارگٹ کلنگ کے معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کا بھوک ہڑتالی کیمپ نویں روز بھی جاری،نمائش چورنگی پر جاری بھوک ہڑتالی کیمپ میں جشن ولادت امام مہدی علیہ السلام کا اہتمام،شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت ،مشہور منقبت خواں سمیت علمائے کرام اور خواتین کی شرکت،جشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی پولٹیکل سیکرٹری علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ انشااللہ امام مہدی علیہ السلام کے پیروکاروں کو کوئی بھی ظالم یا آمر جھکا نہیں سکتے ہم ظلم کیخلاف اور مظلوموں کی حمایت میں گھروں سے نکلے ہیں جب پاکستان کے تمام مظلوم متحد ہونگے تو ظالم و جابر قوتوں کی شکست یقینی ہے،ہمیں ظالموں کیخلاف قیام کا درس علی علیہ السلام کی شیر دل بیٹی زینب کبریٰ سلام اللہ علیہ نے دیا،پاکستان میں مسلسل شیعہ مکتب فکر اور محب وطن پرامن پاکستانیوں کے قتل عام کیخلاف آواز اُٹھانے کا یہی پر امن راستہ ہے ہم سڑکوں کو بلاک کر سکتے تھے ،لیکن ہم نااہل حکمرانوں کی بے حسی کی سزا عوام الناس کو نہیں دینا چاہتے،ہم تشدد کے راستے کو جائز نہیں سمجھتے،ملکی آئین و قانون کی پاسداری ہمارا شرعی فریضہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر کا یہ اعلان ہے کہ ان کا یہ احتجاج ہر اس مظلوم پاکستانی کے لئے ہے جو ان درندہ صف دہشت گردوں کا نشانہ بنے اور ان کے لواحقین اب تک حکمرانوں کی بے حسی اور مجرمانہ غفلت کا شکار ہیں اور انصاف کے لئے آج بھی منصفوں کی طرف دیکھ رہے ہیں،قائد کے پاکستان میں بسنے والے مظلومین اب بیدار ہوچکے ہیں اور ہم اپنا حق لے کر ہی دم لیں گے،خون کے آخری قطرے تک اس مقدس جدو جہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ یاد رکھیں ظالموں کے دن گنے جا چکے ہیں پاکستان کے مظلوم و محروم طبقہ اب بیدار ہو چکے ہیں،ہم نے ملکی سلامتی و بقا کے لئے اپنے چوبیس ہزار سے زائد پیاروں کی قربانی دی لیکن حکمران اور ریاستی ادارے ہمارے خون سے کھیلی جانے والی ہولی پر خاموشی تماشائی بنے رہے،ہم ارباب اقتدار سے سوال کرتے ہیں کہ یہ ظلم آکر کب تک چلے گا کیا ہمارے آباو اجداد کے بنائے پاکستان میں ہماری نسل کشی کر کے ہمیں حب الوطنی کا صلہ دیا جارہا ہے،ہم مزید ظلم سہنے کو تیار نہیں،انشاللہ آج ہم اپنے وارث امام زمانہ حضرت مہدی آخر علیہ السلام سے یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنے مظلوموں کو انصاف دلانے تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) شیعہ ٹارگٹ کلنگ اور حکومتی بے حسی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ نا صر عباس جعفری کی بھوک ہرتال کے گیارویں روز بھی ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی کیمپ میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے وفود اور عمائدین کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ملی یکجہتی کونسل پاکستان و جمیعت علمائے پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر ابو الخیر زبیر نے اپنے اعلی سطح وفد کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر جعفری سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مکتب تشیع کے خلاف ہونے والے ظلم و بربریت کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔سانحہ پارہ چنار کے ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی ہونی چاہیے۔پاکستان کے مظلومین کی حمایت میں قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس نے جو جدوجہد شروع کی اس میں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت مجلس وحدت مسلمین کے تحفظات کو دور کرے۔علامہ ناصر عباس ملک کی ایک باوقار اور محب وطن شخصیت ہیں۔ان کی بھوک ہرتال کے معاملے میں حکومت کا غیر سنجیدہ رویہ حکومتی مشکلات میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما ڈاکٹر امجد نے علامہ ناصر عباس کو مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ ملت تشیع کو درپیش مشکلات اور ان کے تحفظات دور کرنے کے لیے حکومت کو فورا مذاکرات کرنے چاہیے۔ڈاکٹر امجد نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے تمام مطالبات شیعہ کمیونٹی اور ملک و قوم کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ہم ان کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔علامہ ناصر عباس نے علامہ ابو الخیر زبیر اور ڈاکٹر امجد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہمارے پرامن احتجاج کوکمزوری نہ سمجھے۔ہم قوم کو کسی آزمائش میں نہیں ڈالنا چاہتے ۔ہم اپنے اصولی مطالبات کو آئینی جدوجہد کے ذریعے منوانے کے لیے کوشاں ہیں۔مگرموجودہ حکومت شرافت کی زبان کو بزدلی سمجھ رہی ہے۔ وطن عزیز کے مفادات اور عساکر پاکستان کے خلاف برسرپیکار دہشت گرد گروہوں کو حکومتی آشیرباد حاصل ہے جبکہ ملک کی محب وطن جماعتوں سے بات کرنے کا بھی حکومت کے پاس وقت نہیں۔ حکومت کو اپنی ترجیحات میں تبدیلی لانا ہو گی۔ حکومت اگر ہمارے مطالبات تسلیم کرنے سے گریزاں رہی تو ہم اپنے احتجاج کو ملک گیر تحریک میں بھی بدل سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں متعدد مذہبی و سیاسی جماعتیں ہمارے ساتھ کھڑی ہیں۔علامہ ناصر عباس نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک یہاں سے واپسی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree