وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں پر غداری کی جھوٹی ایف آئی آر درج کروانے والے پاکستان دشمن اور اس ملک کے وفادار نہیں ،الیکشن سے قبل تک ایمپاورمنٹ آرڈر کی مخالفت میں بیانات دینے والوں کو صرف اپنے مفادات سے غرض ہے۔ محب وطن افراد کو محض سیاسی مخالفت کی بناء پر پاکستان مخالف قرار دینے کی مذموم کوشش ہرگز کامیاب نہیں ہوگی۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی اور شیخ محمد بلال سمائری نے صوبائی،ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جھوٹی ایف آر کی آڑ میں مجلس وحدت مسلمین سے سیاسی انتقام لے رہی ہے جس کی انہیں بھاری قیمت چکانا پڑے گی،ہماری شرافت سے کوئی ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کرے۔ہم نے سیاست کو عبادت سمجھ کر سیاسی میدان میں قدم رکھا ہے اور مخالفین کی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف بغاوت کی جھوٹی ایف آئی آر سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے ،انتخابی عمل میں ن لیگ کی پالیسیوں کی مخالفت کی پاداش میں علماء کرام اور بے گناہ رہنماؤں کو پابند سلاسل کیا گیا ہے جو جمہوریت کی دعویدار جماعت کی قلعی کھولنے کے لئے کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت انتقامی کاروائیوں سے باز آئے اور خطے کی محرومیوں اور استحصال کا سد باب کرے ورنہ حکومت کی انتقامی پالیسیوں سے علاقے میں احساس محرومی اور آبادی کے مختلف طبقات کے مابین نفرتوں کی بنیاد جو حکمرانوں نے ڈالی ہے اس میں اضافہ ہوگا۔اجلاس میں علامہ امین شہیدی کے جھوٹے مقدمے میں وارنٹ گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

وحدت نیوز (گلگت) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال غریب مریضوں کیلئے عزرائیل بن گیا ہے،لیڈی ڈاکٹرز کی عدم دستیابی اوروقت پر ہسپتال نہ پہنچنے کی وجہ سے اس ہفتے دو ڈیلوریز ضائع ہوگئیں،جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس سے مریض اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کو سخت تکلیف کا سامنا ہے۔دوائی نام کی کوئی چیز میسر نہیں ،وقت پر ڈاکٹرز اپنی ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوتے ہیں اور ایمرجنسی کیسز کیلئے گھروں سے ڈاکٹرز کو بلانا پڑتا ہے۔ایسا لگ رہا ہے کہ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا مریضوں کو زندگی کی نوید دینے والا یہ ادارہ بالکل بے آسرا ہے اورحکومت کی عدم توجہ نے اس ادارے کو بے حال کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین کی  رکن صوبائی اسمبلی بی بی سلیمہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے دورے کے بعد کیا۔

انہوں نے کہا کہ بیشتر ڈاکٹر ز اپنے ذاتی کلینک میں زیادہ ٹائم دیتے ہیں اور اکثر ہسپتال سے غائب رہتے ہیں جس سے مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال خواتین ونگ میں تین لیڈی ڈاکٹرز تعینات ہیں لیکن یہ اکثر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہتی ہیں اور اگر کوئی ایمرجنسی پیش آئے تو ان کو گھروں سے بلانا پڑتا ہے۔ ایک ایل ایچ وی نے تمام ہسپتال کا نظام سنبھالا ہوا ہے اور وہ بغیر ڈاکٹر کے تمام ڈلیور یز سرانجام دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کا واحد ہسپتال ہے جہاں مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد رخ کرتی ہے لیکن جدید سہولتوں اور ماہر ڈاکٹر ز کے فقدان کی وجہ سے آئے روز شکایات موصول ہوتی رہتی ہیں۔انہوں نے کہا اس ادارے سے قابل اور ماہر ڈاکٹرز کا فوری طور پر تبادلہ کیا جاتا ہے جو غریب مریضوں کے ساتھ انتہائی زیادتی ہے،ڈاکٹرز کی تعداد انتہائی کم ہونے سے مریضوں کو گھنٹوں لائن میں کھڑا رہ کر ا پنی باری کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے اور کمزور مریض اپنی باری آنے تک بے حال ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے وزیر صحت اور چیف سیکرٹری سے ادارے کو جدید سہولتوں سے مزین کرنے اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کی خاطر فوری نوٹس لینے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹرز کی تعداد بڑھائی جائے خاص طور لیڈی ڈاکٹرز ،جن کی کمی کی وجہ سے مریض انتہائی پریشان رہتے ہیں۔

وحدت نیوز(لاہور) اسرائیلیوں کی جانب سے مظلوم فلسطینی بچے کو زندہ جلائے جانے کے و اقعہ کے بعد مسلم حکمرانوں کی خاموشی شرمناک ہے ، امریکہ کی جانب سے اسرائیلیوں کو لائنس ٹو کل دیا ہوا ہے اورایسا محسوس ہوتا ہے کہ فلسطینی عوام کا خون پانی سے بھی سستا ہے، اسرائیل کا وجود کسی مکڑی کے جالے سے بھی زیادہ کمزور ہے مگر افسوس اس امر کا ہے کہ عرب حکمران امریکی آلہ کاروں کا دوسرا نام ہے ،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے بیداری امت و استحکام پاکستان کانفرنس کے سلسلے میں رابطہ مہم میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب میں کیا انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے توجہ ہٹانے کے لئے یمن اور شام میں تنازعہ کھڑا کیا گیااور اب صیہونی ظالموں کو پوچھنے والا کوئی نہیں۔صہیونیوں نے ہمیشہ مسلمانوں کے خلاف شازشیں کی ہیں اور آج بھی دنیا بھر میں فساد کی وجہ صہیونی لابی ہی ہیں جو عالم اسلام کے خلاف ایک منظم منصوبے کے تحت کام کر رہے ہیں،داعش ،النصرہ،بوکوحرام،طالبان جیسے وحشی گروہوں کی سرپرستی اسرائیل اور امریکہ ہی کرتے ہیں تاکہ اسلام کا روشن چہرہ مسخ کر سکے، انہوں نے کہاکہ افسوس اس بات کا ہے کہ صیہونی طاقتوں کا سب سے بڑا آلہ کار اس وقت عرب ممالک بنے ہوئے ہیں اسرائیل کی بقا کے لئے امریکی اشارے پر یمن میں نہتے مسلمانوں پر شب خون مارا جارہا ہے جبکہ فلسطینیوں کو اسرائیلی مظالم سہنے کے لئے تنہا چھوڑ دیا گیاہے۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ مسلم حکمرانوں نے آج تک فلسطینیوں کے درد کو نہیں سمجھا بلکہ ہر ملک اپنے ذاتی مفاد اور تعصب کی جنگ لڑ رہاہے، قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلیوں کے مظالم کی روک تھام کے لئے تمام مسلمانوں کو ایک موقف اپنا نا ہوگا،دنیا میں امن اور انسانیت کی بقا کے لئے ضروری ہے کہ انبیاء ؑ کی سرزمین اور قبلہ اول پر قابض صہیونی دہشت گردوں کیخلاف متحد ہوں،اور انسانیت کو ان درندوں کی چنگل سے آزاد کرانے کے لئے کردار ادا کرے۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا (آغارضا)نے کہا ہے کہ ملک میں اسی ہزار بے گناہ لوگوں قتل کے بعد قومی ایکشن پلان پرعمل درآمد میں تیزی قوم کے لئے امید کی کرن ہے ،جون 2015ء میں شروع ہونے والے آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشتگردوں کی قوت میں نمایا ں کمی نظر آرہی ہے ہمارے سڑکوں پر گاڑیا ں روک کر شہریوں کو ہراسا ں کرنے والے اپنی جھاڑیوں کی طرف پلٹ گئے ہیں ہمارے شہروں میں امن کی ضمانت بڑھی ہے بلا شبہ اقتصادی راہداری منصوبہ ہمارے معاشی مستقبل میں نئے امکانات کا نقیب ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ اس منصوبے کو سیاسی قیادت کے علاوہ عسکری اداروں کی بھی پوری تائید حاصل ہے ۔پاکستانی ریاست ماضی میں دہشتگردی چاہے وہ تحریک طالبان کی ہو یا لشکر جھنگوی کی جسکا علم ملک اسحاق کے پاس تھا اسکے خلاف کھڑی ہونے کی ہمت نہیں رکھتی تھی وہ مبینہ طور پہ اپنے نیٹ ورک ذریعے پنجاب ،جنوبی پنجاب میں فرقہ وارانہ طور پر قتل کرنا بلکہ بلوچستان کی شیعہ ہزارہ قوم کو باقاعدگی سے ہدف بنا تا اور اسکی ذمہ داری بھی قبول کر لیتا تھا ،ملکی رہنما کوئٹہ جاکر ہلاک شدگان کے غم زدہ رشتہ داروں سے تعزیت کرتے سب جانتے تھے کہ ان حملوں کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے لیکن جنوبی پنجاب میں موجود ہ اس خوف ناک گروہ کیخلاف کبھی کچھ نہ کیا گیا لیکن اب لگتا ہے کہ ریاستی اداروں نے فیصلہ کر لیاہے کہ وہ ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کو ختم کرنے کا عزم کر چکی ہے ملک اسحاق اور اس کے بیٹو ں کی ہلاکت ایک اہم واقعہ ہے کیونکہ یہ نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ کا حصہ معلوم ہوتا ہے کیونکہ ریاست نے غیر ریاستی عناصر کو باتوں سے رام کرنے کی پالیسی ترک کر دی ۔اس وقت جس چیز کی کمی دکھائی دے رہی ہے وہ یہ کہ ان غیر ریاستی گروہوں کو مکمل طور پر بے اثر کر دیا جا ئیں ان سے ہتھیار کھوائیں جائیں اور ملکی قانون کے پابند کیا جائے تاکہ یہ آئندہ ریاست یا شہریوں کو دھمکانے کے قابل نہ رہیں ۔ اسکی ہلاکت سے یہ بات کم و بیش واضح ہو گئی ہے کہ اب ریاست اس تکفیری ٹولے کو قطعاً برداشت نہیں کرینگی اس میں کو ئی شک نہیں کہ آپریشن ضرب عضب نے ہی ملک کو تباہی کے گڑھے میں گرنے سے بچایا اس آپریشن سے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کمزور ریاست نہیں جب کچھ کرنے کا فیصلہ کر لے تو کر گزرتی ہے ۔

وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ترجمان الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائی پر اتر آئی ہے، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی کے وارنٹ گرفتاری انتقامی کارروائی کی کڑی ہے۔ حکومت کی کوتاہیوں اور برملا دہشت گردوں کی سرپرستی کے خلاف علامہ امین شہیدی کی زبان بندی کی یہ حکومتی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کی حقیقی داعی، مظلوموں کی حامی اور ظالم حکمرانوں کے خلاف برسرپیکار جماعت ہے۔ علامہ امین شہیدی میڈیا میں مظلوموں کی آواز اور ملک عزیز میں اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینے نیز ظالم طاقتوں کی نشاندہی اور پاکستان مخالف طاقتوں کی سازشوں کو بے نقاب کرتے رہے ہیں۔

مملکت خداداد پاکستان کی دگرگوں حالات میں علامہ امین شہیدی نے اتحاد امت کے سلسلے میں اپنی بساط کے مطابق ہر ممکن کوشش کی ہے اور ملی یکجہتی کے پلیٹ فارم سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ نواز حکومت اپنے کرتوتوں پر پردہ ڈالنے کی خاطر اور عوامی آواز کو دبا کر بادشاہت قائم کرنا چاہتی ہے۔ علامہ امین شہیدی کو پابند سلاسل کرنے کی حکومتی کوشش بزدلانہ اقدام ہے، جو حکومت کیلئے آسان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے طاقت کے زعم میں علامہ امین شہیدی کو گرفتار کرنے کوشش کی تو سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے اور شاہراہ قراقرم سمیت گلگت بلتستان کو جام کرینگے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ ) مجلس وحدت مسلمین کے کونسلرمحمد مہدی نے بینک ٹرانزکشن پر عائد و د ہولڈنگ ٹیکس کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اعلانیہ 6یا 3 % ٹیکس نہ فقد سرمایہ دار ، صنعت کار بلکہ عام شہری ، کسان ، تاجراور ملازمت پیشہ افراد پر بھی ظلم ہے۔ حکومت عالمی بینکوں کے غیر معقول مشوروں پر عوام پر روز بروز نت نئے تجربے کرتی رہتی ہے حکومت کو عوام پر تین فیصد ٹیکس کا ہی نفاذ کرنا تھا قوم کو بے وقوف بنانے کے لیے چھ فیصد اور تاجروں کے احتجاج کے بعد تین فیصد ٹیکس کا ریلیف دے کر تین فیصد ٹیکس برقرار رکھنے کا اعلان محض حکومتی فریب کاری ہے اور کچھ نہیں۔ ود ہولڈنگ ٹیکس عوام کی پیٹ میں چھرا گھونپنے کے مترداف ہیں ہم اس کالے قانون کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ پچاس ہزار سے زائد کی رقم پر تین فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اگر ٹیکس کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو تاجر اور عوام تمام سرمایہ بینکوں سے نکال لیں گے۔ ہر بینکنگ ٹرانزیکشن ود ہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ عوام کے ساتھ بہت بڑی نا انصافی ہے جس کی وجہ سے تاجروں نے بینکوں میں پیسہ رکھنا اور لین دین بند کر دیا ہے۔جس سے بینکوں کے دیوالیہ ہونے کے خدشات ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین بینک ٹرانزیکشن پر عائد غیر منصفانہ غنڈہ ٹیکس کو مسترد کرتی ہے اور احتجاج میں تاجر برادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک بھر میں تاجر برادری کے شٹرڈاون ہڑتال کی بھر پور حمایت کرتی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree