ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث دو خواتین کی زچگی ضائع ہونا قابل مذمت ہے،رکن جی بی اسمبلی بی بی سلیمہ

04 اگست 2015

وحدت نیوز (گلگت) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال غریب مریضوں کیلئے عزرائیل بن گیا ہے،لیڈی ڈاکٹرز کی عدم دستیابی اوروقت پر ہسپتال نہ پہنچنے کی وجہ سے اس ہفتے دو ڈیلوریز ضائع ہوگئیں،جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس سے مریض اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کو سخت تکلیف کا سامنا ہے۔دوائی نام کی کوئی چیز میسر نہیں ،وقت پر ڈاکٹرز اپنی ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوتے ہیں اور ایمرجنسی کیسز کیلئے گھروں سے ڈاکٹرز کو بلانا پڑتا ہے۔ایسا لگ رہا ہے کہ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا مریضوں کو زندگی کی نوید دینے والا یہ ادارہ بالکل بے آسرا ہے اورحکومت کی عدم توجہ نے اس ادارے کو بے حال کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین کی  رکن صوبائی اسمبلی بی بی سلیمہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے دورے کے بعد کیا۔

انہوں نے کہا کہ بیشتر ڈاکٹر ز اپنے ذاتی کلینک میں زیادہ ٹائم دیتے ہیں اور اکثر ہسپتال سے غائب رہتے ہیں جس سے مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال خواتین ونگ میں تین لیڈی ڈاکٹرز تعینات ہیں لیکن یہ اکثر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہتی ہیں اور اگر کوئی ایمرجنسی پیش آئے تو ان کو گھروں سے بلانا پڑتا ہے۔ ایک ایل ایچ وی نے تمام ہسپتال کا نظام سنبھالا ہوا ہے اور وہ بغیر ڈاکٹر کے تمام ڈلیور یز سرانجام دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کا واحد ہسپتال ہے جہاں مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد رخ کرتی ہے لیکن جدید سہولتوں اور ماہر ڈاکٹر ز کے فقدان کی وجہ سے آئے روز شکایات موصول ہوتی رہتی ہیں۔انہوں نے کہا اس ادارے سے قابل اور ماہر ڈاکٹرز کا فوری طور پر تبادلہ کیا جاتا ہے جو غریب مریضوں کے ساتھ انتہائی زیادتی ہے،ڈاکٹرز کی تعداد انتہائی کم ہونے سے مریضوں کو گھنٹوں لائن میں کھڑا رہ کر ا پنی باری کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے اور کمزور مریض اپنی باری آنے تک بے حال ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے وزیر صحت اور چیف سیکرٹری سے ادارے کو جدید سہولتوں سے مزین کرنے اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کی خاطر فوری نوٹس لینے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹرز کی تعداد بڑھائی جائے خاص طور لیڈی ڈاکٹرز ،جن کی کمی کی وجہ سے مریض انتہائی پریشان رہتے ہیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree