وحدت نیوز( چھلگری) شہدائے سانحہ چھلگری کی 9 نویں برسی کی مناسبت سے گنج شہداء امام بارگاہ چھلگری میں سالانہ مجلس عزاء منعقد ہوئی۔ مجلس عزا سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، شیعہ علماء کونسل کے صوبائی نائب صدر علامہ مشتاق حسین عمرانی ،مجلس علماء مکتب اھل بیت کے ضلعی رہنما علامہ حاجی سیف علی ڈومکی ،مولانا عبدالستار سومرو اور مولانا برکت علی چھلگری نے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شہدائے راہ حق نے دین خدا کی خاطر اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ آج فلسطین اور لبنان کے مجاہدین حسینی اور زینبی کردار ادا کرتے ہوئے وقت کے فرعون اور یزید سے برسر بیکار ہیں۔ شہید اسماعیل ہانیہ شہید سید حسن نصر اللہ شہید یحیی سنوار نے جس جرات اور بہادری کے ساتھ وقت کے ظالموں اور فرعونوں کا مقابلہ کیا وہ لائق صد تحسین ہے۔ بدترین ظلم اور بربریت کے باوجود اسرائیل اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سانحے کے روز اول سے لے کر اب تک چھلگری کے وارثان شہداء کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اس وقت مصیبت میں گھرے اپنے فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کی مدد کرنی چاہیے۔ اس موقع پر مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ فلسطین اور قبلہ اول کی تحریک ازادی کی حمایت کرنا ہر غیرت مسلمان پر فرض ہے۔ مجلس وحدت مسلمین مظلومین فلسطین اور لبنان کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے سانحے سے متاثرہ امام بارگاہ اور جامع مسجد کی ناقص سیکورٹی کے سلسلے میں ایس ایس پی کچھی دوست محمد بگٹی سے گفتگو کرتے ہوئے مسجد و امام بارگاہ کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔