وحدت نیوز (صنعاء) تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک حوثی نے کہا ہے کہ یمن پر سعودی عرب کی جارحیت، امریکہ اور صیہونی مفادات کی تکمیل کے لیے ہے، ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق عبدالملک الحوثی نے جمعرات کی رات ایک بیان میں یمن پر سعودی عرب کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور سعودی عرب کو ظالم ہمسایہ قرار دیا- تحریک انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے کہا کہ یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں کا کوئی جواز نہیں ہے اور اس سے ان کی جارحیت اور وحشتی پن ظاہر ہوتا ہے- انہوں نے کہا کہ یمن پر سعودی عرب کے حملے صیہونی مفادات کی تکمیل کے لیے ہیں کیونکہ سب سے پہلے صیہونی حکومت نے انقلاب یمن پر تشویش کا اظہار کیا تھا- انہوں نے کہا کہ یمن میں اب سعودی عرب اور صیہونی حکومت کے مشترکہ مفادات وجود میں آ چکے ہیں- انہوں نے کہا کہ یمن پر حملہ کرنے والے عرب ممالک مغرب کی کٹھ پتلیاں اور پٹھو حکومتیں ہیں جو یمن کی تباہی اور اسکی تقسیم اور یمن کی قوم میں تفرقہ پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں- عبدالملک حوثی نے کہا کہ ان ملکوں نے یمن میں اپنے ایجنٹوں کو برسر اقتدار لانے کےلئے اربوں ڈالرخرچ کئے ہیں لیکن جب انہیں مالی، سیاسی اور میڈیا کی سطح پر ناکامی ہوئی تو انہوں نے اپنے مکروہ چہرے سے نقاب ہٹا کر یمن پر جارحیت شروع کر دی- انہوں نے کہا کہ جارح ممالک یمن پر حملے کر کے اس کے ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں-