وحدت نیوز (تہران) اسلامی جمہوری ایران کے گیارہویں صدارتی انتخابات میں ڈاکٹر حسن روحانی کو ووٹوں کی گنتی ختم ہونے پر کامیاب قرار دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے 1،86،13،329 حاصل کئے جو کل ووٹوں کا 50.70 فیصد ہے۔ ان کے مقابلے میں موجود امیدواروں میں تہران کے میئر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف دوسرے نمبر پر رہے، جنہوں نے مجموعی طور پر 50،73،652 ووٹ حاصل کئے جو کل ووٹوں کا 15.76 فیصد ہے۔ ان کے بعد ڈاکٹر محسن رضائی، ڈاکٹر سعید جلیلی، ڈاکٹر علی اکبر ولایتی اور سید محمد غرضی ہیں جنہوں نے بالاترتیب 35،93،507 (11.16%)، 36،65،234 (11.38%)، 19،69،351 (6.11%)، 3،91،840 (1.21%) ووٹ حاصل کئے۔ ایران کے وزیر داخلہ مصطفیٰ محمد نجار کے مطابق 3 کروڑ 67 لاکھ 13 ہزار 329 افراد نے اپنے ووٹ ڈالنے کے حق کو استعمال کیا یعنی ووٹ ڈالنے کی شرح 72.7فیصد رہی، جو کی کسی بھی جمہوری ملک میں ایک ریکارڈ کی حیثیت رکھتی ہے۔