وحدت نیوز(ڈی آئی خان) ڈیرہ اسماعیل خان اہدافی قاتلوں کے رحم و کرم پر ہے، تھانہ چھاونی کی حدود میں ایک ہی دن میں چار اہل تشیع افراد کو شہید کر دیا گیا۔ جس سے شہر بھر میں بالعموم اور اہل تشیع میں باالخصوص انتہائی تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ مغرب کی نماز سے چند منٹ قبل مریالی موڑ کے علاقے میں مختیار حسین بلوچ اور اختر علی کو نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شہید کیا۔ دونوں دوست ایک شادی (نکاح) کی تقریب میں شرکت کی غرض سے جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار ٹارگٹ کلرز نے فائرنگ کر دی۔ متعدد گولیاں لگنے سے اختر علی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ مختیار حسین بلوچ کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جانے کی کوشش کی گئی، مگر وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔ اس وقوعہ کے تیس منٹ بعد گرڈ سٹیشن کے علاقے میں دو زیدی سادات کو فائرنگ کرکے شہید کیا گیا۔ جن میں سے ایک معروف وکیل سید مستان شاہ زیدی کے داماد محمد علی ایڈووکیٹ اور سید عباس زیدی کو موٹر سائیکل پر سوار دو ٹارگٹ کلرز نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔ ایک ہی دن میں، ایک ہی تھانے کی حدود میں چار اہل تشیع افراد کے بہیمانہ قتل پر شہریوں نے انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور فوج سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں شہداء کی نماز جنازہ کے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔