وحدت نیوز(کراچی) پاکستان کے تجارتی مرکزکراچی میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے مرکزی جلوس کے راستے میں بم دھماکہ ، خدا کے فضل و کرم سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تفصیلات کے مطابق آج دن تقریباً ساڑھے بارہ بجے نماز چورنگی سے چند سو گز دور امام بارگاہ علی رضا (ع)کے نذدیک زور دار بم کا دھماکہ ہوا ، دھماکا اتنا شدیدتھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ، دھماکے کے وقت نشتر پارک میں دوران مجلس مصائب سید الشہداء علیہ السلام پیش کیئے جا رہے تھے۔ دھماکے کی آوا ز سنتے ہی سکیورٹی اہلکاروں اور اسکائوٹ رضا کاروں کی بڑی تعداد نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا، دھماکے اور جلوس کے اس مقام تک پہنچنے میں تقریباً ڈھائی گھنٹے کا درمیانی وقت موجود تھا اس لیئے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا،واضح رہے کہ دھماکے سے چند قدم پیچھے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملا سراغ رساں کتوں کی مدد سے مشکوک اشیاء کی تلاش میں مصروف تھا ۔
بعد ازاں جلوس عزاء نشتر پارک سے برآمد ہو کرامام بارگاہ علی رضا (ع) پہنچا جہاں عزاداران امام مظلوم (ع) نے نماز ظہرین ادا کی ، جس کے انتظامات امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن نے کیا تھا ، جب کہ نماز ظہرین کی امامت مولانا شاہد رضا کاشفی نے کی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد جلوس عزاء اپنے مقررہ راستوں سے ہو تا ہوا باخیریت امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہو گیا۔