وحدت نیوز (گجرات) پنجاب کے ضلع گجرات کے شیعہ آبادی پر مشتمل نواحی گاؤں شادیوال میں تکفیری دہشت گردوں کی فائرنگ سے 7 افراد شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے، علاقے میں شدید اشتعال۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع گجرات کے شیعہ نشین علاقے شادیوال میں جسوکی کے علاقے میں تکفیری دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں علاقے کی معروف شخصیت اور مرکزی مجلس عزا کے بانی فضیلت حسین شاہ المعروف پھول شاہ سمیت 7 افراد شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ ایک عینی شاہد کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا کہ جب تمام شہداء سید پھول شاہ کے ڈیرہ پر موجود تھے، ایسے میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار دہشت گردوں نے سید پھول شاہ کا نام دریافت کرنے کے بعد ان پر اور جائے وقوعہ پر موجود دیگر افراد پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سید پھول شاہ کے بیٹے، دو پوتے اور بھتیجے سمیت دیگر عزیز شہید ہوگئے، شہداء کے نام فضیلت حسین شاہ المعروف پھول شاہ، غلام عباس، اعجاز علی، غضنفر حسین، سید سجاد شاہ، ارجز شاہ، اعجاز حسین شاہ، علی وقاص ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں میاں شفقت علی اور میاں نزاکت علی، رضوان شاہ، عاشق شاہ، رانا ساجد حسین شامل ہیں۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ شیخ سخاوت کا وحدت نیوز کے نمائندے سے کہنا تھا کہ سید پھول شاہ اور ان کے دیگر عزیز و اقارب کی شہادت کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دہشت گردوں کے مراکز پر آپریشن نہیں کرسکتی تو اسے حکومت کا کوئی حق نہیں ہے، ملک بھر میں فرقہ واریت کے نام پر تکفیری دہشت گردوں کو فعال کیا جارہا ہے، تاکہ پاکستان میں امت مسلمہ کو دست و گریبان کیا جاسکے لیکن پاکستان کی غیور عوام مذہبی انتہاء پسندوں کے سیاسی پشت پناہوں کو اپنے اتحاد سے مایوس کرے گی اور وطن عزیزکی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والے ناکام و نامراد ہوں گے۔