یمن پر سعودی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور سنگین جارحیت ہے، 03اپریل کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کر لی،جمعیت علما ء پاکستان

01 اپریل 2015

وحدت نیوز (کراچی) جمعیت علماء پاکستان سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ عقیل انجم قادری اور کراچی کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یمن پر سعودی عربیہ سمیت دیگر اتحادی عرب ممالک کی جانب سے کیا جانے والا فضائی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی جبکہ سنگین جارحیت ہے، یمن پر سعودی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس موقع پر ان کے ہمراہ جمعیت علماء پاکستان کے رہنماؤں میں مفتی محمد رفیع الرحمان نورانی، علامہ محمد بشیر القادری، علامہ عبد الغفار، مولانا شوکت مغل ، علامہ خلیل احمد نورانی، سید زاہد قادری، علامہ غلام گولڑوی، مولانا عبد القدیر قادری، عبدالوحید یونس، مفتی نواز نعیمی اور دیگر بھی موجود تھے۔

 

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان کے رہنماؤں علامہ عقیل انجم اور علامہ قاضی احمد نورانی نے یمن پر سعودی یلغار کو امریکی اور اسرائیلی ایجنڈے کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو چاہئیے کہ مسلم امہ کے جذبات کا خیال رکھے اور اسلام دشمن قوتوں امریکہ اور اسرائیل کے اشاروں پر مسلم امہ کے اتحاد کو تاراج کرنے سے گریز کرے، انہوں نے کہا کہ عرب حکمران اپنی بادشاہتوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے حرمین شریفین کو داؤ پر لگا رہے ہیں اور مسلم دنیا میں فرقہ واریت کو ہوا دے کر امریکی اور اسرائیلی ایجنڈے کی تکمیل کرنے پر تلے ہوئے ہیں، انہوں نے سعودی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان پوری دنیا میں متحد ہیں اور یمن میں بھی کسی قسم کا کوئی فرقہ وارانہ مسئلہ موجود نہیں ہے۔

 

عرب لیگ کے کردار پر بات چیت کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستا ن کے رہنماؤں نے کہا کہ عرب لیگ اس وقت کہاں ہوتی ہے جب غاصب اسرائیل مظلوم فلسطینیوں کا خون پانی کی طرح بہاتا ہے اور گذشتہ سال رمضان المبارک میں ہزاروں فلسطینیوں کے قتل عام پر نہ تو سعودی حکومت نے کوئی کردار ادا کیا اور نہ ہی عرب لیگ اس مسئلہ پر متحد ہوئی لیکن افسوس کی بات ہے کہ جب بھی مسلمان ممالک میں دہشت گردانہ اقدمات انجام پاتے ہیں تو یہی عرب لیگ سعودی قیادت میں سر گرم عمل ہو جاتی ہے۔انہوں نے نے واضح طور پر کہا کہ یمن پر سعودی اور عرب ممالک کے حملوں سے کسی کو فائدہ نہیں پہنچے گا بلکہ مسلم امہ کا نقصان ہو گا جو کہ واضح طور پر امریکی او ر اسرائیلی ایجنڈا ہے۔

 

یمن پر سعودی حملے اور اس حوالے سے حکومت پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کی مدد کے لئے ممکنہ طور پر پاک افواج کو بھیجے جانے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان کے رہنماؤں نے حکومت پاکستان کے ہر ایسے اقدام کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کو یمن پر سعودی جارحیت کا حصہ دار نہیں بننا چاہئیے اگر حکومت کچھ کرنا ہی چاہتی ہے تو یمن پر سعودی جارحیت کو رکوانے اور امن قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاک فوج کو دوسرے ممالک کی جنگ میں جھونکنے سے گریز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے یمن پر سعودی حملوں کی مدد کے لئے پاک افواج کو سعودی عرب روانہ کیا تو ملک بھر میں سراپا احتجاج بن جائیں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree