وحدت نیوز(آٹیکل) حزب اللہ کے گناہوں کی فہرست بہت لمبی ہے۔ پہلی بات یہ کہ اُس کا تعلق شیعہ مسلک سے ہے۔ یہ امر بھی قابلِ معافی ہوتا اگر یہ لبنانی تنظیم اتنی جنگجو (militant) نہ ہوتی۔ حزب اللہ نے لیکن اپنا لوہا میدانِ حرب میں منوایا ہے۔ دیگر عرب فوجوں کے برعکس‘ جنہیں ہر معرکے میں اسرائیل کے ہاتھوں شکست اُٹھانی پڑی‘ حزب اللہ مشرقِ وسطیٰ میں وہ واحد فوجی قوت ہے‘ جس نے اسرائیل سے نہ صرف برابر کی لڑائی لڑی بلکہ اُسے پسپائی پہ مجبور بھی کیا۔ یہ اعزاز کسی اور عرب فوج کو حاصل نہیں۔دوسرا نکتہ یہ ہے کہ حزب اللہ ایران کے قریب ہے۔ ایران اس کی مدد کرتا ہے۔ یہ قدر تو دونوں میں مشترک ہے کہ اِن کا تعلق شیعہ مسلک سے ہے۔ لیکن اس سے بڑھ کے وجہِ اشتراک ان کی اسرائیل اور امریکہ دشمنی ہے۔ بیشتر عرب ممالک نہ صرف امریکہ کے قریب ہیں بلکہ امریکہ ان کا گاڈ فادر اور محافظ ہے۔ بیشتر عرب ممالک کی اسرائیل سے دشمنی الفاظ کی حد تک ہے۔ عملاً وہ اس سے سمجھوتہ کر چکے ہیں۔ وہ اسرائیل یا امریکہ کے خلاف کوئی قدم اٹھانا تو دور کی بات‘ الفاظ کی حد تک بھی کچھ نہیں کہتے۔ حزب اللہ اور ایران البتہ کئی لحاظ سے اسرائیل اور امریکہ سے برسر پیکار ہیں۔ہم نے دیکھا کہ شام میں کیا صورتحال بنی۔ امریکہ اور دیگر مغربی طاقتیں بشارالاسد کو گرانا چاہتی تھیں‘ لیکن حزب اللہ بشارالاسد کی مدد کو پہنچی اوراس کے فوجی دستوں نے مملکتِ شام میں جا کے لڑائی میں حصہ لیا اور جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہی کچھ ایران نے کیا‘ اور روس بھی اپنی فوجی طاقت کے ساتھ بشارالاسد کے ساتھ کھڑا ہوا۔ شام میں مکمل طور پہ امن قائم نہیں ہوا‘ لیکن جو خانہ جنگی 2011ء سے شروع ہوئی‘ اس میں اب بشارالاسد کا پلڑا بھاری ہے اور انہیں ہٹانے کی تمام تر تدبیریں ناکام ہو چکیں۔

اگر روس، ایران اور حزب اللہ ایک طرف تھے تو دوسری طرف امریکہ، سعودی عرب، قطر اور کچھ حد تک ترکی‘ تھے‘ گو ترکی حالات کے جبر کے پیش نظر اپنی پالیسی میں تبدیلی لایا ہے اور صدر طیب اردوان اب وہ نہیں کہتے‘ جو وہ پہلے کہتے تھے یعنی‘ بشارالاسد کو جانا ہو گا۔ ظاہر ہے کہ اس تمام صورتحال سے سعودی عرب سخت پریشان ہے۔ شام میں بشارالاسد کی کامیابی کو وہ بجا طور پہ ایران اورحزب اللہ کی کامیابی سمجھتا ہے۔ عراق میں کئی حوالوں سے ایران کا اثر و رسوخ موجود ہے۔ آخر ایرانی فوجی دستوں نے داعش کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ایران کے جنرل قاسم سلیمانی نے عراق اور شام‘ دونوں میں فوجی کارروائیوں کی رہنمائی کی ہے۔ یمن میں دو سال پہلے سعودی عرب نے اپنے چند عرب اتحادیوں کے ساتھ مل کر حملہ اس لئے کیا تھا کہ حوثیوں (Houthi) کا قبضہ ملک کے شمال سے چھڑایا جائے۔ لیکن جلد نتائج کی بجائے سعودی فوجی مداخلت الٹا کارگر ہی ثابت نہ ہوئی اور سعودی عرب یمن میں تقریباً پھنسا ہوا ہے۔بجائے کسی ایک محاذ پہ توجہ دینے کے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کئی محاذ کھول لئے ہیں۔ یمن میں مداخلت کے وہی روح رواں تھے۔ پھر اُنہوں نے قطر کو تائب کرنے کی کوشش کی۔ مصر اور عرب امارات اُن کی اس کاوش میں معاون تھے۔ قطر سے مخالفت اس بنا پہ کی گئی کہ اس کے تعلقات ایران سے ہیں اور وہ ایسی تنظیموں کی مالی معاونت کرتا ہے جن سے مصر وغیرہ کو شکوہ ہے۔ یہ بیرونی محاذ ابھی گرم تھے کہ شہزادہ محمد نے ایک اندرونی محاذ بھی کھول ڈالا۔ جواز کرپشن کو بنایا گیا حالانکہ عام تاثر یہی ہے کہ وہ اپنے سیاسی مخالفین کو کچلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان اندرونی اقدامات کی بازگشت ابھی سنائی دے رہی تھی کہ پرنس محمد نے ایک اور کارنامہ کر دکھایا۔ لبنان کے وزیر اعظم سعد حریری کو ریاض بلایا گیا‘ اور مبینہ طور پہ دباؤ کے تحت اُن سے استعفیٰ کا اعلان کروایا گیا۔ فرانسیسی صدر ایمونیل میکرون اُن کی مدد کو آئے اور اب سعد حریری فرانس جا چکے ہیں۔ یہ ڈرامہ کیوں رچایا گیا؟ کیونکہ سعودی عرب چاہتا ہے کہ لبنان میں ایسی سیاسی تبدیلی آئے جس سے حزب اللہ کا اثر کم ہو اور لبنانی حکومت میںحزب اللہ کے نمائندے اپنی وزارتیں چھوڑ دیں۔ یہ بچگانہ خواہش ہے کیونکہ حزب اللہ لبنان میں نہ صرف ایک حقیقت ہے بلکہ سب سے مؤثر فوجی قوت بھی اُسی کی ہے۔ سعد حریری تو بے بس تھا۔ وہ بیک وقت لبنان اور سعودی عرب کی شہریت رکھتے ہیں۔ اُن کی تعمیراتی کمپنی 'اوجر‘ (Oger) مالی مشکلات میں پھنسی ہے اور ہزاروں کی تعداد میں اپنے ملازمین کی تنخواہیں نہیں دے پا رہی۔

سعد حریری کو تو وہ کرنا تھا جو سعودی اسے کہتے۔ حزب اللہ البتہ سعد حریری نہیں۔ اُس نے وہ کرنا ہے جو اُس کے مفاد میں ہو۔ جب وہ امریکہ اور اسرائیل کی نہیں مانتی تو سعودی شہزادوں کی اس نے کہاں سُننی ہے۔یاد رہے کہ اسرائیل جنوبی لبنان کے ایک ٹکڑے پہ قابض تھا اور اُس نے وہ علاقہ کبھی نہ چھوڑنا تھا‘ لیکن حزب اللہ نے ایسی مزاحمتی تحریک چلائی کہ اسرائیل وہ علاقہ خالی کرنے پہ مجبور ہو گیا۔ پھر 2006ء میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان باقاعدہ جنگ ہوئی۔ مہینہ بھر جنگ رہی اور اسرائیل‘ جو مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی فوجی قوت ہے‘ نے جو کچھ اُس کے پاس تھا اس جنگ میں جھونک دیا۔ بیروت اور دیگر شہروں پہ بے پناہ ہوائی بمباری ہوئی۔ 1200 کے لگ بھگ لبنانی سویلین اُس بمباری میں ہلاک ہوئے۔ لیکن میدان میں حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کو مزہ چکھا دیا۔ جنگ میں تقریباً ڈیڑھ سو اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے جو کہ اسرائیل کے لئے بہت بھاری نقصان تھا۔ جیسا ہمارا ٹینک الخالد ہے‘ ویسا اسرائیل کا بھاری ٹینک 'مرکاوا‘ ہے۔ ایسے کئی معرکے ہوئے جس میں 'مرکاوا‘ آتے تھے اور حزب اللہ کے مجاہدین نزدیک جا کر ٹینک شکن میزائلوں سے انہیں نشانہ بناتے تھے۔

ایک قصہ اسرائیلی اخبار Haaretz میں جنگ کے کچھ دن بعد رپورٹ ہوا۔ ایک اسرائیلی جرنیل نوجوان فوجی افسروں سے مخاطب تھا۔ اُس نے حزب اللہ کو برا بھلا کہا۔ نوجوان فوجی افسروں نے کہا: ہم حزب اللہ سے لڑے ہیں اور وہ بہادر سپاہی ہیں۔ یہ تب کی بات تھی۔ اب سرزمینِ شام میں کامیاب فوجی حکمتِ عملی کے بعد حزب اللہ کی حیثیت کو مزید تقویت ملی ہے۔ہماری فوج کے افسران بڑے شوق سے امریکہ اور برطانیہ میں کورس کرنے جاتے ہیں۔ انہوں نے وہاں سے کیا سیکھنا ہے؟ ہمیں تو سبق حزب اللہ کی تاریخ سے سیکھنا چاہیے، کیسے وہ منظم ہوئی، اُس کی قیادت کا کیا کردار رہا ہے اور وہ اسرائیل اور امریکہ کے سامنے کیسے ڈٹی ہوئی ہے۔ ایک بات بھول رہا تھا، حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کا بیٹا بھی ایک معرکے میں مارا گیا۔ معرکے میں اور ہلاکتیں بھی ہوئیں۔ حسن نصراللہ جب ہلاکتیں دیکھنے گئے تو اپنے بیٹے کا چہرہ اتنی دیر ہی دیکھا جتنا کہ دوسرے مجاہدین کے چہروں کو۔ روئے ہوں گے تو اکیلے میں، سامنے آنسو نہ بہائے۔چیئرمین ماؤ کا ایک بیٹا کوریا کی جنگ میں مارا گیا‘ کیونکہ جنگ جاری تھی۔یہ خبر چیئرمین ماؤ سے چھپائی رکھی گئی۔ کچھ عرصے بعد کوریا میں چینی افواج کا کمانڈر چیئرمین ماؤ سے ملنے آیا اور بغیر سوچے کہہ بیٹھا: مجھے افسوس ہے کہ آپ کے بیٹے کی حفاظت نہ کر سکا۔اس سے چیئرمین ماؤ کو اپنے بیٹے کی ہلاکت کا پتہ چلا۔ چہرے کا رنگ اڑ گیا، سکتے میں آئے لیکن جلد ہی اپنے آپ پہ قابو پا لیا اور گفتگو جاری رکھی۔ پھر بیٹے کا ذکر تک نہ کیا۔ ہمیں نصیب ہوئی ہیں اقاموں کی ماری قیادتیں۔لیکن ہمارے عرب مہربانوں کو بھی دیکھیے۔ غارت میں پڑی ہوئی ہے دنیائے اسلام‘ لیکن کوئی ڈھنگ اور ہمت کے لوگ اُبھرتے ہیں تو وہ اُنہیں برداشت نہیں کر سکتے۔


 تحریر۔۔۔۔ایاز میر( دنیا نیوز)

وحدت نیوز (لاہور) ناصرشیرازی ایڈوکیٹ اغواکیس کی لاہور ہائی کورٹ میں سماعت، پولیس آج بھی ناصرشیرازی کو پیش کرنے میں ناکام، اگلی سماعت 28نومبر بروزمنگل کو جسٹس قاضی محمد امین کی عدالت میں ہوگی، تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرشیرازی ایڈوکیٹ کے اغواءکیس کی چوتھی سماعت آج 22نومبربروز بدھ لاہور ہائی کورٹ کے فاضل جج جسٹس  قاضی محمد امین کی عدالت میں ہوئی ،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شان گل، ایس پی آپریشن رضوان گوندل ، ایس پی لیگل رانا لطیف اور ناصرشیرازی کے وکیل فداحسین رانا عدالت میں پیش ہوئے،لاہور پولیس ناصرشیرازی کو پیش کرنے میں آج پھر ناکام رہی جس پر معزز جج نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی صاحب آپ ریاست کے خدمتگار بن کر کام کریں،معزز جج نے کہاکہ میں اس کیس کو ڈے ٹو ڈے سنوں گا،مجھے کسی جماعت،مسلک،یا فرقے سے کوئی سروکار نہیں ایک پاکستانی شہری غائب ہے،درخواستگذار کے وکیل فدا حسین رانانے الیکٹرانک میڈیا پر نشر شدہ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ  کا ناصرشیرازی کے اغواء سے متعلق بیان عدالت کے سامنے پیش کیا،جس پر عدالت نے کہا کہ وزیر قانون اس مطلب سے اس سارے واقعے سے باخبر ہیں،اٹارنی جنرل اور ایس ایس پی نے ان کیمرہ بریفنگ کی استدعا کی جس پر عدالت نے ڈیڑھ بجے دوبارہ طلب کرلی،وقفے کے بعد اٹارنی جنرل نے کہا کہ فیڈرل گورنمنٹ سے پتہ کروایا ہے آئی بی اور آئی ایس آئی کے پاس ناصرشیرازی موجود نہیں،جسٹس قاضی محمد امین نے ناصرشیرازی گمشدگی کیس کی  اگلی سماعت کیلئے28نومبر بروزمنگل کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت اور اگلی پیشی پر ناصرشیرازی کو ہر صورت عدالت کے روبرو پیش کرنے کاحکم جاری کیا،سماعت کے موقع پر ناصرشیرازی کے وکیل فدا حسین رانا، مرکزی سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیوایم سید اسد عباس نقوی و علمائے کرام اور صوبائی رہنما موجود تھے۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان راجہ امجد علی نے کہا ہے کہ ملت جعفریہ کو حب الوطنی اور امن پسندی کی سزا دی جا رہی ہے، سید ناصر شیرازی ایک قومی سیاسی مذہبی جماعت کے اہم رہنما ہیں، اگر ایسی شخصیات کو تحفظ دینے میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے ناکام ہیں تو عام عوام کا اللہ ہی حافظ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پنجاب کے مرکزی سیکرٹریٹ شادمان آفس میں ناصر شیرازی کے اغواء کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سید ناصر شیرازی کے اغوا اور عدم بازیابی پر گہری تشویش کا اظہارکیا گیا۔ اجلاس میں ملک گیر دھرنوں وزیر اعلی ہاؤس کے گھیراو سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا گیا، 25 نومبر کو لاہور میں آل پاکستان شیعہ پارٹیز کانفرنس بلانے اور پوری قومی تنظیموں سے مل کر تحریک چلانے پر غور کیا گیا۔ حتمی فیصلہ 25 نومبر کو آل شیعہ پارٹیز کانفرنس میں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس ایجنڈے کے پیچھے بین القوامی قوتیں ملوث ہیں، ہم مملکت خداداد پاکستان کو کسی بھی عرب ریاست کی کالونی نہیں بننے دینگے، پاکستان کی سالمیت کو خطرہ امریکہ اور ان کے اتحادیوں سے ہے، سید ناصر شیرازی اس مادر وطن کا باوفا بیٹا ہے، وہ ہمیشہ ملک دشمنوں کیخلاف سینہ سپر رہے، ان کو اسی جرم کی پاداش میں عرب ممالک اور انڈیا کے کاسہ لیسی کرنیوالے حکمران جماعت نے اغوا کیا ہے۔

وحدت نیوز(آرٹیکل) داعش نامی گروہ کہ جس کا پہلی مرتبہ نام شام میں سنہ2011ء کے وسط میں سنا گیا تھا اور اس گروہ کا نعرہ تھا کہ شام و عراق میں اسلامی خلافت کا نظام قائم کرنا۔اس اسلام کے نام لیوا گروہ نے شام میں مسلح جد وجہد کا آغاز ایسے وقت میں کیا کہ جب تیونس سمیت مصر اور دیگر عرب ممالک میں اسلامی بیداری کی لہر عروج پر تھی اور اس گروہ کے منظر نامہ پر آنے کے بعد جہاں ایک طرف اسلامی بیداری کی تحریک کو نقصان پہنچا وہاں ساتھ ہی عالم اسلام اور بالخصوص اسلام کے خوبصورت چہرے کو ایک مرتبہ پھر بری طرح مسخ کرتے ہوئے اسلام کو مجموعی طور پر دنیا کے سامنے بدنام کرنے کی ناپاک کوشش کی گئی ،داعش نے شام و عراق میں دولت اسلامیہ یعنی اسلامی خلافت کے نظام کی بنیاد ڈالنے کا نعرہ لگایا لیکن اس داعش نامی گروہ کا ہر فعل اسلام اور اسلامی خلافت کے اصولوں کے بر عکس جاتا رہا۔بہر حال یہ دہشت گرد گروہ سنہ2011ء سے شام میں تباہ کن بربادی شروع کرنے کے بعد سنہ2014ء میں عراق میں داخل ہوا، اسی طرح سنہ 2016ء میں لبنان کے جنوبی و شمالی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لینے کی کوشش کی تا کہ پورے خطے کو نقصان پہنچا یا جائے ، اب ذرا غور کیجئے کہ ا س خطے میں سب سے زیادہ اہم اہداف کس ملک کے ہیں؟ مختصر تاریخ کا مطالعہ اور تحقیق کے بعد ہر ذی شعور اس نتیجہ پر پہنچ جاتا ہے کہ اس خطے کا غیر مستحکم ہونا در اصل امریکا اور براہ راست اسرائیل کے مفاد میں ہے اور یہی کام داعش کے ذمہ لگا کر امریکا اور اسرائیل نے انہیں پہلے شام پھر عراق اور بعد میں لبنان میں اتارا، اب حالیہ تازہ خبروں کے مطابق انہی چند ایک بچے کھچے دہشت گردوں کو امریکی و صیہونی حمایت میں افغانستان تک پہنچایا گیا ہے تاکہ اگلا ہدف افغانستان اور پھر اسی طرح پاکستان میں موجود داعش کے سلیپنگ سیلز کو جگانا اور پاکستان کو انارکی کی طرف لے جانا ہے ۔(خاکم بدھن)تحریر کے آغاز میں بیان کرنا ضروری ہے کہ آج تا دم تحریر ذرائع ابلاغ پر یہ خبریں نشر کی جا رہی ہیں کہ داعش نامی دہشت گرد گروہ کا شام و عراق سے مکمل خاتمہ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔یہ تحریر اسی پیراہے میں لکھی جا رہی ہے تا کہ قارئین کی خدمت میں عرض کی جا سکے کہ آخر یہ داعش نامی دہشت گرد فتنہ کس طرح اسلام و مسلمین کے خلاف سرگرم عمل تھا اور اپنے غیر ملکی آقاؤں امریکا و اسرائیل کی خوشنودی کی خاطر مسلمانوں کا خون بہانے میں مصروف تھا۔

بہر حال داعش کے وجود نے نہ صرف عرب دنیا میں اسلامی انقلابی بیداری کو امریکی ایماء پر متاثر کیا بلکہ مصر میں قائم ہونے والی اسلامی حکومت کا تختہ الٹنے کا زمینہ بھی فراہم کیا، لیبیا میں عدم استحکام پیدا کرنے اور امریکی بالا دستی قائم کرنے میں داعش کا کردار سر فہرست تھا،دوسری طرف شام و عراق میں معصوم انسانوں کے خون سے بد ترین انداز سے ہولی کھیلی جاتی رہی جس کی تاریخ میں اس سے زیادہ بد ترین مثالیں نہیں ملتی ہیں۔خلاصہ کلام یہ ہے کہ امریکی ایماء پر خطے میں اسلامی بیداری کا راستہ روکنا اور خطے میں امریکا اور اسرائیل کے اہداف کو محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ امریکا اور اسرائیل کے آنکھ میں کانٹے کی طرح چبھنے والی لبنانی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ اور فلسطینی حماس کو بھی ختم کرنا تھا جسے امریکا و اسرائیل گذشتہ کئی برس کی ناپاک سازشوں کے ذریعے انجام نہیں دے پائے تھے۔

داعش کے وجود اوراس کے دہشت گردوں کے ہاتھوں ہونے والی سفاکانہ کاروائیوں نے اوائل اسلام او ر اسلام کی آمد کے زمانے کے حالات کو تازہ کر دیا تھا کہ جب مشرکین و کفار اسلام کے خلاف سازشیں کرتے نظر آتے تھے اور منافقین مسلمانوں کی صفوں میں چھپ کر اسلام کا لبادہ اوڑھ کر مسلمانوں ہی کی پیٹھ میں خنجر گھونپ دیا کرتے تھے، جیسا کہ پیغمبر اکرم (ص) کے چچا سید الشہداء امیر حمزہ (رض) کی لاش کا مسلہ کیا جانا اور ہندہ کا ان کا جگر نکال کر چبانا ، ایسے ہی واقعات داعش کے اس خوارجی گروہ کے ہاتھوں انجام پذیر ہوئے تقریبا 6 سال قبل ٹھیک اسلام کے اوائلی زمانے کی طرح ایک خطرناک فتنہ کھڑا کیا گیا جس کے پیچھے اسلام دشمن عناصر بالخصوص امریکہ اور اسرائیل کی مدد سے ایک ویرانگر فتنہ پورے عالم اسلام میں پھیلانے کی کوشش کی گئی جس کو داعش کا نام دیا گیا تھا۔اس بات میں بھی کوئی شک نہیں کہ امریکا و اسرائیل کی جانب سے داعش کو اس لئے وجود بخشا گیا تا کہ پورے عالم اسلام میں نفاق اور فرقہ واریت کو ہوا دی جائے جبکہ دوسری طرف دنیا کے مسلمانوں کی مسئلہ فلسطین و القدس کی طرف بڑھتی ہوئی توجہ کو ختم کیا جائے تا کہ صیہونیوں کے خلاف کم سے کم مزاحمت سامنے آئے ۔داعش کا وجود اس لئے قیام عمل میں لایا گیا تھا تا کہ اسلامی ممالک میں مسلمانوں کو آپس میں لڑایا جائے اور داعشی دہشت گردوں نے ابتداء میں عراق اور شام کے ہزاروں جوانوں کو تہہ و تیغ کرکے اس ممالک کے شہروں اور دیہاتوں سمیت ہزاروں مربع کلومیٹر پر قبضہ جمالیا تھا اور ہزاروں سڑکیں، پل، ورکشاپس، فیکٹریاں، تیل اور گیس کے متعدد ذخائر، اسکول، ہسپتال، رہائشی مکانات اور بنیادی ڈاھانچے مکمل طور پر تباہ کردئیے گئے تھے۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ سب تباہ کاریوں کی انہیں اسلام محمدی نے اجازت دی تھی ؟ ہر گز نہیں اسلام محمدی ہر گز ایسا اسلام نہیں ہے کہ جس کا چہرہ داعش کے دہشت گردوں نے پیش کیا۔

عراق اور شام میں داعش کی جانب سے کی جانے والی تباہ کاریاں اس قدر زیادہ ہیں کہ ان کا حسا ب لگانا انتہائی مشکل کام ہے لیکن ایک اندازے کے مطابق کم ازکم 500 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ داعش دہشت گردوں کے مظالم قابل بیان نہیں ہیں، دہشت گردوں نے درندگی کی انتہا کردی تھی جیسے چھوٹے چھوٹے بچوں کا سرقلم کرنا، زندہ انسان کی کھال اتارنا، مردوں کو ان کی ناموس کے سامنے زندہ جلانا، جوان لڑکیوں کو اغوا کر کے خرید وفروش کرنا وغیرہ۔ عراق اور شام کے مظلوم عوام داعشی سفاکانہ مظالم کے سامنے بالکل بے بس ہوکر گھر بار سب کچھ چھوڑ کر دوسرے علاقے اور ملکوں کی طرف ہجرت کی اور جو نہ جاسکے ان کو بے دردی سے قتل کردیا گیا۔داعشی دہشت گردوں نے جس علاقے میں قدم رکھا وہاں کی تمام آثار قدیمہ، مساجد، امام بارگاہوں، چرچ سمیت دیگر مذاہب کے عبادت گاہوں کو بموں سے اڑا دیا جس میں ہزاروں بے گناہ نمازی اور عبادت گزار شہید ہوگئے۔

داعش نے 6 ہزار سے زائد مسلم نوجوانوں کو اسلام کے نام پر فریب دے کر خودکش حملے کروائے جس میں مساجد، مدارس، طبی مراکز، مسلمانوں کے عمومی اجتماعات کے مراکز، فیکٹریاں وغیرہ کو نشانہ بنایا گیا اور ان حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں مسلمان جام شہادت نوش کرگئے۔ان تمام تر ظلم و تشدد کے پیچھے امریکی حکام کا ہاتھ تھا جیسے کہ حال ہی میں امریکی اعلی عہدہ دار( صدر ٹرمپ) نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ داعش کو امریکی سابق حکمرانوں نے بنایا۔ اب بھی امریکی داعش کی بھرپور مدد کررہے تھے۔

خلاصہ یہ ہے کہ داعش کا آج اکیس نومبر 2017ء کو شام وعراق سے خاتمہ کا اعلان کیا گیا ہے درا صل یہ اعلا ن داعش کی شکست کا نہیں بلکہ امریکا و اسرائیل کی شکست کا ہے کہ جنہوں نے داعش کی پرورش کی اور اپنے مقاصد کی خاطر استعمال کرتے ہوئے اسلام و مسلمین کے خلاف سازشوں کا بازار گرم کیا، ہزاروں بے گناہوں کا قتل عام کیا، اس جرم میں جہاں امریکی و صیہونی شریک ہیں وہاں خطے کی خلیج عرب ریاستوں نے بھی امریکا کے ساتھ عہد وفا نبھاتے ہوئے داعش کی مالی و مسلح معاونت سمیت افرادی قوت پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے جس کی قلعی حالیہ دنوں قطری شہزادے حمد بن جاسم نے بی بی سی کو دئیے اپنے ایک انٹر ویو میں کھول دی ہے اور بتا د یا ہے کہ داعش کو امریکا و اسرائیل کے ساتھ ساتھ ترکی، قطر، سعودی عربیہ اردن اور دیگر کئی خلیج ریاستیں مدد فراہم کر رہی تھیں، بہرحال اب شام و عراق سے اس فتنہ کا خاتمہ یعنی امریکا و اسرائیل کو ایک اور شکست کا سامنا ہو اہے جو یقیناًداعش کی شکست نہیں بلکہ امریکا و اسرائیل کی شکست ہے۔

ماہرین سیاسیات کا کہنا ہے کہ داعش کی شکست کے بعد اس کے حامی (امریکا و اسرائیل )نئے منصوبوں پر کام کریں گے۔ شام وعراق میں داعش کا قیام در اصل گریٹر اسرائیل کی تشکیل اور علاقائی ممالک کی سرحدوں کی توڑ پھوڑ کے لئے بنایا گیا تھا جسے براہ راست امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب سمیت دیگر عرب حکومتوں کی حمایت حاصل تھی۔ ان عرب ممالک نے عراق اور شام کی تباہی کے لئے اربوں ڈالر صرف کئے ہیں۔ داعش کی شکست درحقیقت امریکہ، اسرائیل اورتمام ایسے عرب حکومتوں کی شکست ہے جو داعش کی حمایت کر رہے تھے،لہذا مذکورہ ممالک داعش کی شکست کے بعد خطے کے امن کو تباہ و برباد کرنے کے لئے نئے منصوبوں پر کام کریں گے۔ لہذا ان کے شوم منصوبوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔


تحریر۔۔۔ صابر ابو مریم

وحدت نیوز(آرٹیکل) انسان ، احساسات و جذبات سے عبارت ہے، بعض افراد اتنے حسّاس ہوتے ہیں کہ وہ اپنے گھر میں لگے پودوں اور پالتو جانوروں  و پرندوں کا اپنے بچوں کی طرح خیال رکھتے ہیں۔انسان جتنااحساسات و جذبات سے عاری ہوتا ہے اتنا ہی انسانیت سے بھی دور ہوتا ہے۔

اگر کسی کا ایک جانور گم  یا لا پتہ ہو جائےتو پورے گھر پر سوگ کی فضا چھا جاتی ہے، اب پوچھئے اُن بچوں سے جن کے والدکو لاپتہ ہوئے کئی ماہ گزر چکے ہیں اور محسوس کیجئے اُن ماں باپ کا اضطراب جن کے بچے کو  گم ہوئے کئی دِن ہو چکے ہیں۔

کیا آج ہزاروں سالہ پرانے فرعونوں کے دور سے بھی بدتر زمانہ آگیا ہے!!!؟؟؟ فرعون بنی اسرائیل کے بچوں کو قتل کروا دیتا تھا اور عورتوں کو زندہ چھوڑ دیتا تھا لیکن آج عورتیں اور مرد سب لا پتہ ہو رہے ہیں۔

بات فوجی اور سول کی نہیں،پولیس اور ایجنسیوں کی نہیں، جمہوریت اور آمریت کی نہیں بلکہ اس ملک کے حال اور مستقبل کی ہے اور اس ملت کی حالت زار کی ہے۔

بھلا کوئی حکومت اپنے عوام کے ساتھ ایسا رویہ بھی اپنا سکتی ہے کہ لوگ اشکوں میں تر کر کے نوالے  کھائیں،  سانسوں میں سسکیاں بھریں، اور کروٹ کروٹ دکھوں میں سلگیں۔

انگریزوں کی حکومت ہوتی تو اور بات تھی، ہندووں کی سلطنت ہوتی تو الگ مسئلہ تھا، طالبان کا نظام ہوتا تو دوسری نوعیت تھی لیکن یہاں تو نہ انگریز ہیں، نہ ہندو ہیں، نہ سکھ ہیں ، نہ عیسائی ہیں ۔۔۔

عوام کتنے ہی بُرے کیوں نہ ہوں، ایک اسلامی، فلاحی ، روشن خیال اور جمہوری سلطنت میں  اُن کے سینوں میں خنجر گھونپنا کسی طور بھی روا نہیں۔ کوئی بلوچ ہو، سندھی ہو، پٹھان ہو، پنجابی ہو ، شیعہ ہو یا سُنّی  ہو وہ اس ملک کا بیٹا ہے اور اس دھرتی کا فرزند ہے ۔    یہ زمین، یہ دھرتی، یہ ملک، یہ وطن ، یہ دیس اُس کی ماں ہے۔   اولاد جتنی بھی نافرمان ہو ماں کبھی بھی اپنے دامن کے سائے کو اُس کے سر سے نہیں ہٹاتی۔

کل تک جس طرح کچھ مذہبی جنونی بات بات پر دوسروں کی تکفیر کرتے تھے، دوسروں کو اسلام سے خارج کرتے تھے اور دوسروں کے خون کو مباح سمجھتے تھے پھر اس جنون سے ایسی آگ بھڑکی  کہ جس نے داتا دربارؒ سے لے کر آرمی پبلک سکول پشاور تک ہر خشک و تر کو جلا کر راکھ کر دیا۔

آج اُسی طرح مذہبی تکفیر کے بعد  اب سیاسی تکفیر  کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے،اب وطنِ عزیز میں ایسی رسم چلی ہے کہ  جس سے سیاسی اختلاف ہو  اُسے ملک کا دشمن کہہ دیا جاتا ہے،  جو   سیاسی میدان میں سر اٹھانے کی کوشش کرے  اُسے غدار کہہ دیا جاتا ہے،  جو  عوام کے حقوق کی بات  کرے اُس پر  قوم پرست  اور غیروں کے جاسوس کا لیبل لگا دیا جاتا ہے۔

ہم اربابِ حل و عقد کی خدمت میں مودبانہ طور پر یہ عرض کرنا چاہتے ہیں کہ جس طرح  لوگوں کو زبردستی اسلام سے خارج کرنے کا نتیجہ انتہائی بھیانک نکلا ہے اُسی طرح لوگوں کو زبردستی پاکستانیت سے خارج کرنے کا انجام بھی اچھا نہیں ہو گا ۔

لہذا  بحیثیت پاکستانی ہماری گزارش ہے کہ  مسائل کاحل تکفیر سے نہیں بلکہ  تدبیر سے کیاجانا چاہیے، سیاسی مخالفین کو زنجیر سے نہیں اخلاق سے اسیر کیا  جانا چاہیے اور   مشکلات کو جبروتشدد سے نہیں صبروتحمل سے حل کیا  جانا چاہیے۔

اگر سیاسی مخالفین کو دبانے کے لئے تکفیر کا یہ سلسلہ جاری رہا تو کل کو جب دو ہمسائے  بھی جھگڑا کیا کریں گے تو ایک دوسرے پر غداری اور مُلک دشمنی کا الزام  ہی لگایا کریں گے۔

 یقیناً یہ امر جہاں عوام میں بے چینی کا باعث ہے وہیں مُلک کی بدنامی کا سبب بھی ہے۔ گزشتہ دنوں سیاسی ٹسل کے باعث ایڈوکیٹ ناصر شیرازی کو بھی لا پتہ کر دیا گیا ہے۔ لوگوں کا اس طرح سے لا پتہ ہونا قانونی مسئلے کے ساتھ ساتھ دینی ، اخلاقی اور انسانی احساسات و جذبات کا مسئلہ بھی ہے۔ ہمارے نزدیک ملک و ملت کی مصلحت یہی ہے کہ اس سلسلے کو اب بہر طور رُک جانا چاہیے۔

کوئی مذہبی مخالف ہو یا سیاسی، تکفیر کے حربے سے اُسے راستے سے ہٹانے کے بجائے  اُس کے خلاف قانونی اور آئینی جدوجہد کرنی چاہیے۔

یہ تو ہم جانتے ہی ہیں کہ انسان جتنااحساسات و جذبات سے عاری ہوتا ہے اتنا ہی انسانیت سے بھی دور ہوتا ہے۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم  اپنے معاشرے میں  دوسروں کے مذہبی اور سیاسی  احساسات و جذبات کو مجروح ہونے سے بچائیں۔


تحریر۔۔۔۔نذر حافی

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.

وحدت نیوز(اسلام آباد) ملی یکجہتی کونسل کا مشاورتی اجلاس ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں  سیکریٹری جنر ل لیاقت بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی شوری عالی کے رکن علامہ عبدالخالق اسدی، سیکریٹری جنرل کےپی کے علامہ اقبال بہشتی اور سید محسن شہریار نے شرکت کی،ملی یکجہتی کونسل میں شامل تمام جماعتوں نے مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل برادر ناصر عباس شیرازی کے جبری گمشدگی کی بھر پور مزمت کی اور وفاقی و صوبائی حکومت سے تین ہفتے سے لاپتہ ناصرشیرازی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا،لیاقت بلوچ نے اجلاس کے شرکاء سے کہاکہ ناصرشیرازی کے اغواءپر ملی یکجہتی کونسل کو شدید تشویش ہے ، اس مسئلے پر کونسل اعلیٰ سطحی اجلاس جلد طلب کیاجائے گا، انہوں نے اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کی قیادت کو اپنی بھر پور حمایت کا یقین دلایا اور کسی بھی قسم کی احتجاجی تحریک میں بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree