وحدت نیوز(آرٹیکل) نبوت ختم ہوگئی، حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اللہ کے آخری نبی اور رسول ہیں، آپ عالمین کے آخری نبی اور اسلام تمام زمانوں کے لئے آخری دین ہے۔ پیغمبر اسلام ﷺ کے وصال کے بعد دینِ اسلام کی حفاظت اور تبلیغ کے لئے مسلمانوں کے ہاں بارہ اماموں کا نظریہ پایا جاتا ہے۔ صحیح بخاری،صحیح تر مذی،صحیح مسلم ،صحیح ابی داؤد اور مسند احمد وغیرہ میں ایسی احادیث موجود ہیں  جو نبوت کے بعد خلافت و امامت کے وجود پر دلالت کرتی ہیں۔

مثال کے طور پر،اہل سنت کی مشہور ترین کتاب صحیح بخاری میں اس سلسلے میں  یوں آیا ہے کہ ”جابر بن سمرة“کہتے ہیں  کہ میں نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سنا کہ آپ نے فر مایا:

”یکون اثنا عشرامیراً۔فقال کلمة لم اسمعھا فقال ابی انہ قال۔کلھم من قریش۔“ (صحیح بخاری ،ج۹،کتاب الامقام،ص۱۰۰)

”میرے بعد بارہ امیر ہوں گے۔اس کے بعد ایک جملہ فر مایا کہ میں سن نہ سکا ۔میرے والدنے مجھے کہا کہ پیغمبر نے فر مایا تھا :”وہ سب قریش میں سے ہیں “

نبوت کے بعد امامت کا تصور ختمِ نبوت پر مہر تصدیق ثبت کرتا ہے اور یہ اس بات کا اعلان ہے کہ اب کوئی نبی نہیں آئے گا اور اگر کوئی نبوت کا دعویٰ کرے تو وہ کذاب اور جھوٹا ہے۔

نظریہ امامت پر سارا جہانِ اسلام متفق ہے اور یہ امامت کی تفصیل  ہے کہ امام کو کیسا ہونا چاہیے؟ امام کا انتخاب کیسے ہوگا؟  امام معصوم ہوگا یا غیر معصوم وغیرہ وغیرہ۔۔۔

جہانِ اسلام کے معروف ترین اور مقبول ترین آئمہؑ میں سے ایک حسین ابن علیؑ ہیں۔ آپ کی مقبولیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ مسلمانوں کے علاوہ غیر مسلم بھی آپ سے عشق و عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔ آپ سے عشق و عقیدت رکھنے والے جانتے ہیں کہ    ۶۱؁ ھ میں دینِ اسلام کی حفاظت کی ذمہ داری آپ کے کاندھوں پر عائد ہوئی۔

یہ وہ زمانہ تھا جب اسلام ، دینِ ملوکیت بن چکا تھا، دینِ بادشاہت بن چکا تھا، ملوکیت و بادشاہت کسے کہتے ہیں عصرِ حاضر میں اس کا نپا تلا جواب آپ کو خصوصی طور پر  مولانا مودودی ؒ اور یاپھر شیخ الحدیث  ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملے گا۔

حسین ابن علیؑ نے اکسٹھ ھجری میں دینِ اسلام کی اصلی تعلیمات کی حفاظت کے لئے  اپنی ذمہ داری کو اداکیا، اگر اس وقت حضرت امام حسینؑ کی جگہ خود پیغمبرِ اسلام حضرت محمدﷺ بھی  ہوتے تو وہ وہی کچھ کرتے جو حسینؑ ابن علی نے کیا ہے اور یزید ابن معاویہ نبی اکرمﷺ کے ساتھ بھی وہی کچھ کرتا جو اس نے  حسین ابن علیؑ کے ساتھ کیا ہے۔ چونکہ نبی اکرم ﷺ بھی اگر چہ تنِ تنہا رہ جاتے لیکن وہ  ہر گز کسی کو یہ اجازت نہ دیتے کہ وہ دینِ اسلام کو ملوکیت و بادشاہت میں تبدیل کرےاور یزید کبھی  دینِ اسلام کو ملوکیت میں تبدیل کئے بغیر چین سے نہ  بیٹھتا۔

حضرت امام حسینؑ نے  ملوکیت سے ہیبت زدہ  ایک ایسی فضا میں قیام کیا کہ جہاں لوگ  ملوکیت کو باطل سمجھتے ہوئے بھی اس کے خلاف آواز بلند کرنے پر آمادہ نہیں تھے۔

دوسری طرف امام حسینؑ یہ جانتے تھے کہ اگر اس وقت دینِ اسلام کی حقیقی شکل اور تعلیمات کی حفاظت نہ کی گئی تو عالمِ بشریت ظہورِ اسلام سے پہلے والے زمانے یعنی زمانہ جاہلیت کی طرف پلٹ جائے گا، اسلامی قوانین لغو ہوجائیں گے اور اولاد آدم بھٹکتی پھرے گی ۔ چنانچہ آپ نے ہر قیمت پر دینِ اسلام کو بچانے کا فیصلہ کیا۔

اس فیصلے کی وجہ سے آپ کو اور آپ کے اعوان و انصار کو تہہ تیغ ہونا پڑا لیکن اسلام کی تعلیمات ہمیشہ کے لئے محفوظ ہو گئیں۔ جب آپ کی شہادت اور  قربانی کی خبر جہانِ اسلام میں پھیلی تو  لوگ نفسیاتی طور پر اس سے شدید متاثر ہوئے ۔ آپ کے قیام کی سب سے پہلی تاثیر یہ سامنے آئی کہ لوگوں کے اندر سے موت کا خوف ختم ہوگیا اور لوگ باطل کو باطل اور غلط کو غلط کہنا شروع ہوگئے جس کی وجہ سے جہانِ اسلام کے اطراف و کنار میں مختلف قیام سامنے آئے۔

اس قیام ، قربانی اور شہادت کی دوسری تاثیر یہ سامنے آئی کہ لوگوں نے اہلبیت ؑ سے عشق و محبت کا اظہار دوبارہ سے شروع کردیا اور یوں جگہ جگہ جہاں پر  امام حسینؑ کی قربانی کا ذکر ہوتا وہیں دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات کی تبلیغ بھی ہوتی اور   یزید  نے دینِ اسلام میں جوانحرافات ایجاد کئے تھے ان کا بھی ذکر ہوتا۔

ہم ناصبیوں کی بات نہیں کرتے ، ناصبیوں کے علاوہ مجموعی طور پرمسلمانوں  نے دو طرح سے اس قربانی کو دیکھا ، کچھ  نے اس قربانی سے ہمدردی ، عشق اور درد کا رشتہ قائم کیا اور کچھ نے اس سے ہمدردی ، عشق اور درد کے ساتھ ساتھ تعلیم اور درس کا ناطہ بھی جوڑا۔

بالکل ایسے ہی جیسے اگر پانچ بچوں کا باپ فوت ہوجائے تو ان میں سے ہر ایک کا رد عمل مختلف ہوتا ہے، کوئی مہمانوں اور تعزیت کے لئے آنے والوں کے ساتھ اٹھتا بیٹھتا ہے، فاتحہ پڑھتا ہے، اپنے باپ کی باتیں دہراتا اور مہمانوں کو سناتا ہے، دوسرا صرف روتا اور پیٹتا ہے، تیسرا کھانا پینا چھوڑ دیتا ہے، چوتھے کی نیند ختم ہوجاتی ہے اور پانچواں قبرستان میں جا کر قرآن خوانی کرتا رہتا ہے۔ یہ پانچوں اپنی اپنی طرز پر اور اپنی اپنی نفسیات کے مطابق اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کر رہے ہوتے ہیں۔ان میں سے کسی کے بارے میں یہ نہیں کہا جا سکتا کہ فلا ں مرحوم کا زیادہ سگا بیٹا ہے اور فلاں کو زیادہ غم ہے۔ حقیقت حال یہ ہے کہ سبھی کو غم ہے اور سبھی مرحوم کے حقیقی بیٹے ہیں۔

اسی طرح امام حسینؑ بھی تمام علام اسلام کے رہبر و رہنما اور محسن  ہیں اور سارے مسلمان ، آپ سے محبت کرتے ہیں اور آپ کی شہادت کے موقع پر اپنے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہیں، جذبات کا یہ اظہار مختلف نوعیت کا ہوتا ہے ، کسی کی مظلومانہ شہادت پر جذبات کا اظہار ایک فطری امر ہے۔

فطری امر ہونے کی وجہ سے غیر مسلم بھی اس میں شامل ہو جاتے ہیں اور یوں پوری دنیا مل کر حسین ابن علی ؑ کو سلام پیش کرتی ہے۔دنیا کا ہر منصف مزاج انسان یہ سمجھتا ہے کہ آج اگر دنیا میں اسلام کی تعلیمات اور نام و نشان باقی ہے تو یہ امام حسینؑ کی قربانی کا نتیجہ ہے۔

 بقول شاعر

ڈوب کر پار اتر گیا اسلام

آپ کیا جانیں کربلا کیا ہے

(یگانہ)


تحریر:نذر حافی

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.

 

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظ اللہ نے یوم عاشورمحرم الحرام 1440ھ کے موقع پر عالم اسلام کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ امام حسین ؑان ہستیوں میں سے ہیں جن پر اللہ نے انعام کیاہے، اما م حسین ؑیقیناًصادقین میں سے ہیں، جن کا ہمیں ساتھ دینا چاہئے، جن کی معائیت میں ہمیں چلنا چاہئے،جن کی ہمیں ہمراہی کرنی چاہیے،کربلا ہمیں ہمت، حوصلہ، شجاعت اور جرائت دیتی ہے،آج ہمیں میدان میں حاضر رہنے کی ضرورت ہے ، فرعونوں، یزیدوں اور شدادوں کے خلاف، کربلا میں چند افراد کو قتل نہیں کیا گیا بلکہ کربلا عدل وسچائی، انسانی شرافت اور اقتدار کو قتل کیاگیا، کربلا میں امام حسین ؑکے اصحاب وانصارکاگلانہیں کاٹا گیابلکہ سچائی کا گلا کاٹا گیا، جو لاشیں کربلا کے میدان میں پامال ہوئیں وہ عدل وانصاف کی لاشیں تھیں، یہ جن مخدرات عصمت وطہارت کو رسن بستہ کیا گیا دراصل یہ انسانی غیرت ، حمیت اور کرمت کو رسن بستہ کیا گیا،وفا اور حیاءکو قتل کیا گیا۔

علامہ راجہ ناصرعباس نے کہاکہ امام عالی مقامؑکا قیام پوری عالم انسانیت اور بشریت کیلئے تھا، ان کاقیام مخصوص لوگوں ، حالات یا علاقےکے حوالے سے نہیں تھابلکہ تاقیام قیامت ہر شخص کیلئے تھا، امام حسین ؑکا قیام ہمیں بتلاتاہے کہ تم اکیلے ہی کیوں نا ہوں، قلیل تعدادمیں ہی کیوں ناہوتمہیں مایوس نہیں ہونا چاہئے، گھبرانا نہیں چاہئےبلکہ ہرحال میں اٹھا چاہئے ، قیام کرنا چاہئے ،ظلم کے مقابلے میں فریاد بلند کرنی چاہئے،اگر حجرت کرنی پڑے تو حجرت کرنی چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ عاشوراکربلامیں امام حسین ؑکی قربانی کی اوج اورمعراج ہے،عاشورامیں ہمارے کیلئے بے شمارپیغامات پوشیدہ ہیں ،عاشورامیں ہمارے لیئے ہدایت کا عظیم زخیرہ موجود ہے،کربلا ، عاشورااور شہادت امام حسین ؑہمیں ظلم سے نفرت سکھاتی ہے، یہ ہمیں دعوت دیتی ہے تم عدل کے نفاذکیلئے اٹھو، ظلم کے خلاف، خود خواہی کے خلاف اٹھو، اپنی خواہشات میں توازن لائو، امام ؑنے واضح فرمایاتھاکہ یزید کی بیعت ذلت ہے جسے میں کسی صورت قبول نہیں کروں گا، فرار اختیار نہیں کروں گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ کربلا کی طرف سفرحقیقت میں تمام انسانی فضیلتوں کی طرف سفر ہے، یہ عاشقانہ سفرہے،یہ عارفانہ سفرہے ، جو عاشوراکی طرف ہے جو مولاحسین ؑکی طرف ہے،آج سب سیاہ پوش، مردوزن سیاہ پوش ہیں،کربلا ضیافت بلاکا نام ہے، یہاں مشکلات سے ٹکرانے کا حوصلہ ملتاہے،یہاں ہمت ملتی ہے یہاں شعور اور بصیرت ملتی ہے،کربلائی اور عاشورائی بصیرت کے ذریعے انسان تاریخ کے تمام کے تمام یزیدوں اور فرعونوں کو پہچان لیتاہے،ان کے مکروہ چہرے سے نقاب اتارلیتاہے۔

آخرمیں انہوں نے کہاکہ ہرسال کربلا اور عاشوراہمیں نیاءجوش وولولہ اور جذبہ دیکر جاتے ہیں،ہمیں نئی زندگی دیکرجاتے ہیں ،انشاءاللہ بیداری کایہ سلسلہ جاری رہے گا اور ایک ضرور آئے گاجب اس دنیا سے ظلم مٹ جائے گا،عدل کا نفاذہوگا، پوری بشریت منتظر ہے کہ کب وہ امام حسین ؑکی نسل کریمہ سے تعلق رکھنے والاوہ امام زمان عج آئے گااور دنیا کو عدل وانصاف سےپر کرے گا، تاریخ ایک حساس مرحلے میں داخل ہوچکی ہے،آج عزاداری اور عاشوراکے اجتماعات خصوصاًاربعین کا فقید المثال جلوس ہمیں روز بروز ظہور امام زمان عج سے نذدیک ترکررہاہے، جلد وہ وقت آئے گاکہ جب ہمارا امام عج یا لثارات الحسین ؑکی صدابلند کرکے خانہ کعبہ سے نکلے گاتودنیا بھرسے عشاق کے قافلے اس سے ملیں گے اور دنیا بھرسے ظالموں کو شکست فاش دیکر اللہ کی زمین پر اللہ کی حکومت قائم کریں گے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ سیکرٹری جنرل علامہ مقصودڈومکی شہید عارف حسین الحیسی ہاوس میں کربلا شناسی کے موضوع پر مجلس عزاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کربلا ایک دن کی جنگ کا نام نہیں بلکہ یہ انبیاء کی تحریک کا تسلسل ہے۔کربلاحق و باطل کے معرکہ کا نام ہے۔کربلا دین کی سربلندی کے لیے پراپنا سب کچھ نچھاور کرنے کا درس دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسفہ کربلا سمجھنے کی ضرورت ہے۔ کربلاہم سے عصر حاضر کی یزیدیت کے خلاف ڈٹ جانے کا تقاضہ کرتی ہے۔امام عالی مقام نے یزید کی بیعت سے یہ کہہ کر انکار کیا تھا کہ مجھ جیسا اس جیسے کی بیعت نہیں کر سکتا۔امام حسین علیہ السلام کا یہ جملہ کربلا کے فلسفے کو سمجھنے کے لیے کافی ہے اور ہر دور کے لیے اپنے اندر کربلا کا مکمل مفہوم سمیٹے ہوئے ہے۔یزیدی فکر ہر دور میں سر اٹھاتی رہی اور حسینی یزیدیت کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ علما کا یہ شرعی فریضہ ہے کہ وہ اپنے مومنین کو حالات حاضرہ سے آگاہ رکھیں۔ مجالس عزا میں غم حسین علیہ السلام بیان کرنے کے ساتھ ساتھ استعماری طاقتوں کی اسلام دشمنی کو بھی آشکار کرنا چاہیے۔غدیر و کربلامحض واقعات نہیں بلکہ اپنے اندر وسیع مفہوم اور فلسفہ سمیٹے ہوئے ہیں۔ مقصد کربلا کو سمجھ کر عزاداری کرنا خاندان رسالت کی معرفت عطا کرتا ہے۔دنیا و آخرت کی کامیابی کا سفر معرفت کے زینوں سے گزر کر طے ہوتا ہے جو اہلبیت اطہار علیہم السلام کی پیروی کے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے کہا مجالس و جلوس خود سازی کا بہترین ذریعہ ہے۔ محرم وصفر کے مہینے میں سب کو تجدید عہد کرنا ہو گا کہ ہم اپنی زندگیوں کو آئمہ اطہار علیہم السلام کے مطابق بسر کریں گے۔

وحدت نیوز  (مانٹرنگ ڈیسک)  سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حسینیت اور یزیدیت کی جنگ آج بھی جاری ہے، امریکہ عہد حاضر کی یزیدی قوتوں کا سرغنہ ہے، پیغام حسینؑ کو سمجھنے، اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے، سانحہ کربلا سے طاغوتی طاقتوں کیخلاف جدوجہد کا درس ملتا ہے، اہل حق کیلئے حسینی فکر مشعل راہ ہے، خاندان رسول(ص) کیساتھ والہانہ محبت ایمان کی بنیاد ہے، حضرت امام حسینؑ جرات و استقامت اور حریت و عزیمت کا استعارہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ فیصل آباد میں پیغام حسینؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ شہدائے کربلا کی لازوال قربانیاں تاریخ اسلام کا روشن باب ہے۔ فاسق و فاجر حکمرانوں کی مزاحمت کرنا درس کربلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حسینیت حق اور یزیدیت باطل کا نام ہے، محرم کے ایام میں وحدت امت کا پیغام عام کرنے کی ضرورت ہے، تمام مکاتب فکر کے علماء بین المسالک ہم آہنگی کیلئے اپنا کردار ادا کریں، حکومت محرم کے دوران سیکورٹی کے فُول پروف انتظامات کرے۔ منبر و محراب سے نفرت نہیں محبت کا پیغام دیا جائے۔ حسینیت کا پرچم تا قیامت سر بلند رہے گا۔ اہل حق حسینی جذبے سے سرشار ہو کر ہر دور کی یزیدی قوتوں کی مزاحمت جاری رکھیں گے۔ سانحہ کربلا کے تذکرے سے دلوں میں شوق شہادت بیدار ہوتا ہے۔ استعماری طاقتوں کی سرکوبی کیلئے حسینی فکر کو مشعل راہ بنانا ہو گا۔ نواسہ رسول نے سر کٹوا کر حفاظت دین کا حق ادا کر دیا۔ ہر سچا مسلمان شہدائے کربلا سے محبت و عقیدت کو اپنا سرمایہ حیات سمجھتا ہے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے، ملک بھر میں عزاداری کے اجتماعات کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، ملک بھر میں کالعدم جماعتوں کے رہنماؤں کا الیکشن لڑنا نیشنل ایکشن پلان کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے، بزرگ علماء کرام کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالنا، علامہ مرزا یوسف کی گرفتاری، ریاستی جبر کیخلاف آواز حق بلند کرنے والے علماء و ذاکرین کے خلاف بے بنیاد ایف آئی آر کاٹنا ریاستی اداروں کی کالعدم جماعتوں کی سرپرستی کا ثبوت ہے، ریاستی ادارے شیعہ آبادیو ں میں مسلسل چھاپے مار رہے ہیں، ہمیں وجہ بتائی جائے اور گرفتار شدگان کوورثاء کو ملنے کی اجازت دی جائے۔ ان خیالات کا اظہارایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، علامہ صادق جعفری، میر تقی ظفر، ناصر حسینی نے وحدت ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ایک ایسی جماعت ہے جو ہمیشہ دہشت گردی اور تکفیریت کے خلاف رہی ہے، جو ادارے اور شخصیات دہشت گردی کے خلاف ہیں ہم ان کے ساتھ ہیں، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومت نے بیلنس پالیسی کے نام پر ایک عجیب منطق اپنائی ہے جس کے بناء پر دہشت گردوں کو پکڑ کر رہا کیا جاتا ہے اور ہمارے پر امن علماء اور اہم شخصیت کے نام فورتھ شیڈول میں ڈال کر انہیں حراست میں لیا جاتا ہے، علامہ مرزا یوسف حسین سمیت مختلف اہم شخصیات کو گرفتار کیا جاتا ہے اور انہیں ہتھکڑیاں پہنا کر ایک مجرم کی طرح عدالتوں میں پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دہشت گرد جو ملک میں انتشار پھیلاتے ہیں، دہشتگردانہ واقعات میں ملوث ہوتے ہیں، سرے عام تکفیریت کو فروغ دیتے ہیں اور وارداتوں کے بعد اخبارات میں بیانات دے کر ذمہ داریاں قبول کرتے ہیں ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوتی اور قاتل کو مقتول کے ساتھ ایک ہی صف میں کھڑا کر کے دونوں کے ساتھ ایک سا رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی خواہشات پر ملت جعفریہ کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، آغاز ایام عزاء سے اب تک 13 اہل تشیع مرد، خواتین اور معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، لیکن کالعدم دہشت گرد تنظیموں اوران کے سیاسی و مذہبی سرپرست سہولت کا سندھ حکومت کے تحفظ میں آزاد گھوم رہے ہیں اور آزادانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، لیکن اب تک اہل تشیع مسلمانوں کے قاتل کسی دہشت گرد کی گرفتاری نہ ہونا وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نا اہلی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ سندھ کے مختلف شہروں میں دہشتگردوں کے ٹریننگ کیمپس اور اڈے موجود ہیں، کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیاں جاری ہیں، کراچی سمیت سندھ بھر میں کالعدم تنظیمیں ناصرف آزادانہ فعالیت جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ آئے روز محب وطن اہل تشیع مسلمانوں کو دہشتگردی و بربریت کا نشانہ بنائے ہوئے ہے، سندھ سمیت ملک بھر میں افراتفری و بدامنی پھیلانے کی سازشوں میں مصروف کالعدم دہشتگرد تنظیمیں ہی ملکی سالمیت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں، محب وطن ملت تشیع کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، صورتحال جاری رہی تو ملت جعفریہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف صوبے بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوگی، لہٰذا پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت حکومتی صفوں میں موجود کالعدم تنظیموں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کرکے ملت جعفریہ کے تحفظات دور کرے۔

رہنماؤں نے کہا کہ ریاستی ادارے کالعدم جماعتوں کیخلاف کاروائی کرنے سے گریزاں ہیں، کالعدم جماعتیں انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، یہ وہی لوگ ہیں کہ جنہوں نے پاکستان کے اثاثوں اور ریاستی اداروں پر دہشت گردی کی کاروائیاں کی ہیں، حکومت نیشنل ایکشن پلان کی روح کے مطابق ان کیخلاف کاروائی کرے، حکومت پاکستان ملک میں دہشت گردی ختم کرنا چاہتی ہے تو کفر کے فتوے بلند کرنے والے افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لائے، وہ علماء جنہوں نے میشہ پاکستان کی سلامتی کی بات کی، جو وطن دوستی کا سبق پڑھاتے ہیں، علامہ مرزا یوسف جنہوں نے ہمیشہ امن دوستی کا پیغام دیا، اتحاد بین المسلمین کا پرچار کرتے رہے، تمام مکاتب فکر کے ساتھ مل کر دہشت گردی کیخلاف آواز بلند کی، محض بیلنس پالیسی کے تحت انہیں پابند سلاسل کیا گیا اور جن لوگوں نے اس ظلم کے خلاف آواز بلند کی ان پر بھی بے بنیاد ایف آئی آر بنادی گئی، یہ کونسا قانون ہے کہ آپ قاتل اور مقتول کو ایک ہی صف میں کھڑا کررہے ہیں، نیشنل ایکشن پلان دہشت گردوں کیخلاف بنا تھا لیکن اس کا رخ پرامن عوام کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔

رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہونا تو یہ چاہیئے کہ شہر کراچی میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ سندھ حکومت بیلنس پالیسی کی بنیاد پر شیعہ آبادیوں میں چھاپے ماررہی ہے، جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ہم سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ چہلم امام حسین (ع) پر کراچی سمیت سندھ بھر میں سیکورٹی کو فول پروف بنایا جائے، اربعین امام حسین کے موقع پر سندھ بھر میں ماتمی جلوس برآمد ہونگے جن کی سیکورٹی ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے، شیعہ آبادیوں میں بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے، علامہ مرزا یوسف حسین سمیت دیگر شیعہ اکابرین پر بے بنیاد مقدمات کو فوری واپس لیا جائے، کالعدم جماعتوں کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے ان کے الیکشن لڑنے والے افراد کو ناہل قرار دیا جائے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے پاراچنار میں ایف سی کی فائرنگ سے چار افراد کی شہادت پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا پارا چنار میں پولٹیکل انتظامیہ کے حکم سے فرنٹیر کانسٹیبلری اور لیویز کے اہلکاروں کی جانب سے پُرامن احتجاج کے شرکاء پر اندھا دھند فائرنگ ریاستی دہشت گردی ہے۔ کچھ نادیدہ طاقتیں کرم ایجنسی کے محب وطن باسیوں کو ملک دشمنی پر اکسانے کے لئے مشتعل کر رہی ہیں۔ ان مذموم ہتکھنڈوں کے مرتکب ملک دشمن ایجنٹوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ولادت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر پاکستان کے مختلف شہروں سے علماء، نعت خوان اور شعراء حضرات کرم ایجنسی میں مدعو تھے۔ جنہیں محض اس لئے علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا، تاکہ حالات کو دانستہ طور پر کشیدہ کیا جا سکے۔ اس ناانصافی پر صدائے احتجاج بلند کرنے والوں پر فائرنک کرکے متعصب پولٹیکل انتظامیہ نے چار افراد کو شہید جبکہ دس سے زائد افراد کو شدید زخمی کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے شہریوں کو احتجاج کا قانونی و آئینی حق حاصل ہے، لیکن پولٹیکل انتظامیہ پاکستانی آئین سے کھلم کھلا انحراف برت رہی ہے۔ پارا چنار کے عوام کے ساتھ اس ظالمانہ سلوک کا مذکورہ انتظامیہ کو جواب دینا ہوگا۔

علامہ احمد اقبال کا کہنا تھا کہ یہ سانحہ پولٹیکل ایجنٹوں کی شرپسندی کے باعث پیش آیا۔ کرم ایجنسی میں ہر سال اس اہم موقع پر پولٹیکل انتظامیہ کی طرف سے جان بوجھ کر فساد برپا کیا جاتا ہے۔ ملک دشمن عناصر اپنے ان آلہ کاروں کے ذریعے قبائلی علاقوں کو غیر مستحکم کر رہے ہیں۔ کرم ایجنسی کے مکینوں نے ہمیشہ حب الوطنی کو مقدم رکھتے ہوئے اعلی مثالیں رقم کی ہیں، انہیں محب وطن ہونے کی سزا گولیوں سے چھلنی کرکے دی جا رہی ہے، جو ناقابل برداشت ہے۔ ملت تشیع ایک طرف دہشت گردوں کے نشانے پر ہے اور دوسری طرف ریاستی جبر سے انہیں دبایا جا رہا ہے، جو سراسر ظلم اور غیر منصفانہ طرز عمل ہے۔ پولٹیکل انتظامیہ نے فرنٹیر میں اپنی بادشاہت قائم کر رکھی ہے، وہاں میڈیا کے لوگوں کو بھی ان مظالم کے خلاف کھل کر بولنے نہیں دیا جاتا۔ حکومت کی مصلحت پسندی کے باعث ملت تشیع کے لئے پورے ملک میں حیات تنگ کی جا رہی ہے۔ چند روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ہی دن میں چار شیعہ ماہرین کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ اسی طرح کراچی میں سول سوسائٹی کے ممتاز رہنما خرم ذکی کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔

ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ گذشتہ تین دہائیوں میں ستر ہزار سے زائد افراد دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ ہم کب تک لاشوں کو کندھے دیتے رہیں گے۔ ہمارا چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، کور کمانڈر پشاور اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ ہے کہ پارا چنار میں نہتے شہریوں پر گولیاں برسانے والے اہلکاروں اور ذمہ داران کے خلاف فوری ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے اور کرم ایجنیسی کے رہائشیوں کے ساتھ امتیاز سلوک بند کیا جائے۔ آئین کی رو سے ہر شخص مذہبی آزادی حاصل ہے، اس آزادی کو سلب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ملک بھر میں شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگز اور امتیازی سلوک کے خلاف جمعہ کے روز مجلس وحدت مسلمین نے "یوم احتجاج" منانے کا بھی اعلان کیا۔ اس روز بعد از نماز جمعہ احتجاجی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ پریس کانفرنس میں پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اصغر عسکری، سید اسد نقوی، نثار فیضی اور علامہ علی انصاری بھی موجود تھے۔

Page 3 of 4

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree