وحدت نیوز(مشہد مقدس) موسسہ شھید عارف الحسینیؒ کی طرف سے دفتر مجلس وحدت مسلمین مشہد مقدس میں مبلغین کی تربیت کے لیے دورہ روش تبلیغ کا انعقاد کیا گیا، جس کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی سیکریٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان تھے۔
انہوں نے مبلغین سے اپنے خطاب میں کہاکہ آج دشمن جدید انداز میں دین اسلام کے خلاف اپنی کارستانیوں میں مشغول ہے،خصوصی طور پر نوجوان نسل کو دین سے دور کرنے کے لیے موبایل اور انٹرنیٹ کے ذریعے نت نئے طریقوں سے اسلام کے خلاف تسلسل سے حملہ ور ہے۔لہذا ضرورت ہے کہ آج کے دور کے تقاضوں کے مطابق میدان میں اترا جائے اور دشمن اسلام کو ترکی بہ ترکی جواب دینے اور نوجوان نسل کو اس کے شر سے نجات دینے کے لیے جدید وسائل سے استفادہ کرنا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی مبلغین کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے پر زور دیتے ہیں۔ پس ہمیں بھی دین مقدس اسلام کی تبلیغ اور نشر و اشاعت جو کہ انبیاء کا کام ہے، کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے صحیح انداز میں فائدہ اٹھانا چاہیے،پروگرام کے آخر میں اس تربیتی کورس میں شرکت کرنے والے مبلغین میں انعامات بھی تقسیم کے گئے۔