وحدت نیوز (قم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان (شعبہ قم المقدسہ) کے زیراہتمام سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔ جس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شوریٰ عالی کے رکن اور کوئٹہ کے امام جمعہ علامہ سید ہاشم علی موسوی اور سیکرٹری جنرل قم المقدسہ علامہ غلام محمد فخرالدین نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں شہدائے کوئٹہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی یاد کو زندہ رکھنا ایک زندہ قوم کا شیوہ ہے اور جو قومیں اپنے شہداء کو بھلا دیتی ہیں وہ صفحہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں۔ مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے قم المقدسہ کے سیکرٹری جنرل علامہ غلام محمد فخرالدین نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمیں وہ امام نصیب ہوئے جو خود بھی شہید ہیں اور اُن کے ایسے جانشین ملے جنہوں نے کہا کہ شہادت ہمارا ورثہ ہے جو ہماری ماؤں نے ہمیں اپنے دودھ میں پلایا ہے۔