ظہور امام مہدیؑ کے دشمن امریکہ، اسرائیل اور آل سعود ہیں، نواز شریف نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے، علامہ ناصرعباس جعفری

22 مئی 2017

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ظالموں کا مقابلہ کرنا اور مظلومین کا ساتھ دینا ہماری ذمہ داری ہے، دنیا پر اس وقت سب سے بڑا شیطان امریکہ مسلط ہے، دنیا میں کتنی جنگیں شروع کیں، لاکھوں بے گناہ عوام کا قتل عام کیا، امریکی نظام حکومت دنیا کو تباہ و برباد کر رہا ہے، جہاں پر ظلم اور کرپشن ہے، اُس کے پیچھے امریکہ ہے، پاکستان کی عوام مجبور ہیں، کیونکہ یہ نظام امریکی نظام ہے، ہمارے ملک کے حکمران اور منافقین امریکہ کے ساتھ ہیں، ظہور امام مہدیؑ کے دشمن امریکہ، اسرائیل اور آل سعود ہیں، پاکستان کو یمن، بحرین اور شام کی طرح کمزور کرنا چاہتے ہیں، آل سعود اور امریکہ یمن کے اندر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوچکی ہیں، کیونکہ یمن کی عوام نے حق کا ساتھ اور استقامت نہیں چھوڑی، پاکستان کو ایک نئے دلدل میں لے جانا چاہتے ہیں، آمر جنرل ضیاء جنگ کو ملک کے اندر لے کر آیا، ملک کو تباہ و برباد کیا اور تکفیریت کو پروان چڑھایا، اب پاکستان کو آل سعود کے الائنس میں لے جا رہا ہے، یہ ہمارے ملک، فوج اور عوام کے دشمن ہیں، ہماری فوج کو تقسیم کرنے کیلئے اس سفیانی الائنس میں شامل کیا گیا ہے، پاکستان کے حکمران ہوش کے ناخن لیں، ہم پاکستان کی جانب سے 39 ممالک کے الائنس میں جانے کی مخالفت کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیو ایم سندھ کے زیر اہتمام نشترپارک کراچی میں استحکام پاکستان و امام مہدیؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہمارے اوپر حملے کئے جاتے ہیں، کیونکہ ہم اس ملک کی سلامتی کیلئے لڑتے ہیں، قوم کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے کیس کو فوجی عدالتوں میں لے جایا جائے، ہمیں اُمید تھی کہ قاتلوں کو سزا ہوگی لیکن افسوس کہ تکفیریوں کو رعایت دی گئی، ہمارے حکمران اور ریاستی عدالتیں سب خاموش ہیں، ہم مایوس نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں ہمارے جوانوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، خواتین کی بے حرمتی اور چادر و چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ریاستی ادارے ہمارے لاپتہ افراد کو بازیاب کرائیں، اگر اُن کا کوئی گناہ ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے، یہ ظلم اب رُکنا چاہیے، مجھے پاکستان کی بااختیار عدالتوں، آرمی چیف، چیف جسٹس سے اُمید ہے کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے کارروائی کی جائے گی۔ مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے، ملک بھر میں جلوس عزاء اور مجالس پر پابندی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان غلط سمت میں جا رہا ہے، جن دہشتگردوں نے پاکستان کے استحکام کو داؤ پر لگایا، ریاستی اداروں، ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں اور ہزاروں پاکستانیوں کا قتل کیا، ان کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں طالبان دہشتگرد قاتل احسان اللہ احسان کو ہیرو بنا کر پیش کرنے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران احمق ہیں یا ان کے ساتھی، ڈان نیوز لیکس کے معاملے پر نواز شریف نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا ہے، وہ فوری طور پر استعفٰی دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی امریکہ، اسرائیل اور آل سعود چلا رہے ہیں، ہم کسی ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں ہونے دیں گے، ملک کو آل سعود کے ہاتھوں نہیں بیچنے دیں، پاکستان میں ظالم حکمرانوں کا راستہ روکنا ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کا شعوری استعمال کریں اور آنے والے عام انتخابات میں اُس شخص کو ووٹ دیں، جو بھارت، اسرائیل، امریکہ اور آل سعود کے خلاف ہو۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree