وحدت نیوز (اسلام آباد) ڈیرہ اسماعیل خان کے مظلومین کو آج آپ کی حمایت کی ضرورت ہے،ڈیرہ اسماعیل کئی دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار ہے، مائیں جوانوں کے لاشے دیکھ دیکھ کر تھک چکی ہیں، بہنوں کے اشک خشک ہوچکے ہیں، بوڑھے کاندھوں میں جوان بیٹوں کے مزید جنازے اٹھانے کی ہمت نہیں رہی، گھر یتیم بچوں سے بھر چکے ہیں، خواتین کے سہاگ روز اجڑ رہے ہیں، بھائیوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی تنظیم سازی کمیٹی کے رکن سید عدیل عباس زیدی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ آج ڈیرہ اسماعیل خان کے مظلومین پورے پاکستان کیطرف دیکھ رہے ہیں، جس طرح ہم سب نے ملکر پاراچنار کا محاصرہ توڑا، کوئٹہ سانحہ پر ملک گیر دھرنوں سے رئیسانی حکومت ختم کی، اب وقت آگیا ہے کہ پورے پاکستان کے شیعہ ڈیرہ اسماعیل خان کے مظلوم مومنین کی مدد کیلئے آگے بڑھیں اور جمعتہ المبارک کو ملک گیر احتجاج کے دوران پرامن طریقہ سے اپنی مضبوط آواز بلند کریں۔ نوجوان سوشل میڈیا پر بھرپور طریقہ سے اس ایشو کو اجاگر کریں، سیاسی و سماجی طبقات کو اپنا ہم آواز بنائیں، بیرون ملک پاکستانی اس انسانی المیہ پر اپنا رول ادا کریں، پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا کو متحرک کریں،تاکہ اس قتل عام کے سلسلے کو روکا جاسکے۔