وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ عبد الخالق اسدی نے پاراچنار کی صورتحال پر 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر اختر علیم کو خط لکھا تھا، جس پر بریگیڈیئر اختر علیم خان اختر اور علامہ عبد الخالق اسدی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ بریگیڈیئر نے علاقے کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے صورتحال سے علامہ عبدالخالق اسدی کو آگاہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم بالشخیل کی زمینوں کا پرامن حل نکالنے کیلئے کوشاں ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم رہنماء نے بریگیڈیئر اختر علیم کے 2017ء میں امن و امان کی ابتر صورتحال کو پرامن صورتحال میں تبدیل کرنے پر فرض شناسی کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ آپ کے بعد نئے آنے والے افسر بھی پارا چنار کے مسائل کا آپ کی طرح پرامن حل نکالنے کی کوششیں کرینگے۔ پاراچنار کو اسٹریٹجک حوالے سے خصوصی اہمیت حاصل ہے، لہذا پاراچنار میں امن و امان کا قیام بہت ضروری ہے۔
علامہ عبد الخالق اسدی کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ پاک سرزمین کے دفاع پہ کوئی آنچ آنے نہیں دے گی اور مادر وطن کے خلاف استکباری و وطن دشمن طاقتوں کی ہر سازش کا ناکام بنائے گی۔