وحدت نیوز (اسلام آباد) کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ملک کے مختلف شہروں میں اجتماعات اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔اسلام آباد، کراچی، لاہور، گلگت بلتستان، آزادکشمیر، ملتان، حیدرآباد، سجاول، کشمور،شکارپور، لاڑکانہ، جیکب آباد ودیگر اضلاع میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیئے گئے ۔ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی عہدیداران اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے یوم یکجہتی کشمیر کے پروگراموں میں شرکت کی۔
اسلام آباد میں مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما نثار علی فیضی نےکہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات اور کشمیری عوام سے ہمارا رشتہ روح اور بدن کا ہے۔کشمیر میں بے گناہ اور نہتے شہریوں پر بھارتی افواج کے بے رحمانہ تشدد کو پوری قوم اپنے بدن پر محسوس کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلہ کشمیر جب تک حل نہیں ہوتا تب تک پورے خطے کا امن خطرے میں رہے گا۔ عالمی امن کے لیے ضروری ہے کہ اس مسئلے کو فوری حل کیا جائے ۔کشمیر پر بھارت کے ظالمانہ تسلط کے خلاف پوری دنیا میں آواز بلند ہونا شروع ہو گئی ہے ۔
نثارفیضی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت سے کشمیری عوام کے حوصلے پسپا ہونے کی بجائے بلند ہو رہےہیں۔ خطے میں آزادی کے لیے جاری جدوجہد اپنے اہداف کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کر نے کے لیے پاکستان حکومت اقوام عالم پر زور دے۔ کشمیر ہماری اولین ترجیح اور کشمیری عوام کا حق آزادی ہمارا اولین مطالبہ ہے۔