جمہور کی رائے کچلی جارہی ہے سانحہ مشرقی پاکستان سے کوئی بھی سبق حاصل نہیں کیا گیا، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

15 دسمبر 2023

وحدت نیوز (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 16 دسمبر 1971ء سانحہ مشرقی پاکستان جیسے قومی سانحے کی مناسبت سے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے لیکن اس عمل کو روکنے کا واحد حل ایک قوم بننے میں ہی مضمر ہے، سانحہ مشرقی پاکستان سے سبق نہیں سیکھا گیا اور اس ملک کو نت نئے تجربات کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے، پاکستان آج بھی سیاسی، معاشی اور سماجی بے چینی کا شکار ہے، ہمارا ازلی دشمن بھارت ہم پر نظریں گاڑے ہوئے ہے، سن 71ء میں اس نے تعلیمی نصاب کے ذریعے مشرقی پاکستانیوں کی برین واشنگ کی تھی، آج وہ ہماری نئی نسل کو ثقافت اور تجارت کے نام پر ورغلا رہا ہے، اس کا امریکہ، اسرائیل اور دیگر ملک دشمن قوتوں سے گٹھ جوڑ خطرے کی گھنٹی ہے، تکفیریت کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں ناامنی اور دہشت گردی کے پے در پے واقعات سے ان قوتوں کے مذموم عزائم عیاں ہیں، ملک کی تمام چھوٹی بڑی اکائیوں سے کھلے دل کے ساتھ ڈائیلاگ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے دو لخت ہونے کے بعد بھی آرمی پبلک اسکول پشاور سمیت ملک میں کئی دلخراش واقعات رونما ہوئے ہیں لیکن ہمارے حکمران آج بھی اقتدار کی ہوس میں ملکی سالمیت و وقار کو پس پشت ڈال کر غلط سمت پر چل رہے ہیں، آئین پاکستان کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں، عوام مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں، حکمران اپنی عیاشیوں میں مبتلا ہیں، کراچی سے گلگت بلتستان تک کرکٹ کے علاوہ اور کوئی اقدام پاکستانیوں کو ایک قوم نہیں بنا سکا، نیشن بلڈنگ کے حوالے سے آج تک کوئی سنجیدہ کوششیں نہیں کی گئیں، سیاسی جماعتوں کو ٹکڑوں میں اور صوبوں تک محدود کرنے کی پالیسی فیڈریشن کو کمزور کر رہی ہے، ماضی میں غیر آئینی اقدامات کا شکار جماعتیں بھی آج اسی مکروہ کھیل کا حصہ بن کر ایک جماعت کے خلاف کمر کسی ہوئی ہے، یہ ملک ہمارا ہے اس میں بسنے والے ہم سب ایک ہی گلستان کے پھول ہیں لیکن یہ چمن ہندوستان کی آنکھ میں کھٹکتا ہے لہذا ماضی کے ان اندوہناک قومی سانحات سے سبق سیکھتے ہوئے ملکی یکجہتی کےلئے مؤثر اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree