وحدت نیوز(دادو)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سید مقاومت شہید علامہ سید حسن نصر اللہ اور شہید یحییٰ سنوار عالم اسلام کے عظیم ہیرو تھے۔ جن پر پوری امت مسلمہ کو ناز ہے۔ پاکستان کے عوام کو چاہئے کہ اس عظیم شہید کے چہلم کے موقع پر پورے پاکستان میں عظیم اجتماعات منعقد کرکے لشکر اسلام کے علمبردار کو زبردست خراج عقیدت پیش کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان یونٹ جوہی کے زیر اہتمام منعقدہ عظمت شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ تحریک آزادی فلسطین نے امت مسلمہ کو آپس میں جوڑ دیا ہے۔ حماس اور حزب اللہ کے سنی اور شیعہ قائدین اور جوانوں نے مل کر جس طرح سے اسلام دشمن سامراجی ممالک اسرائیل اور امریکہ کا مقابلہ کیا ہے۔ وہ بیداری امت اور اتحاد بین المسلمین کا عملی نمونہ ہے۔ امت مسلمہ اپنے اختلافات بھلا کر مجاہدین اسلام حماس، حزب اللہ اور انصار اللہ کا ساتھ دے۔ آج فلسطین اور تحریک آزادی فلسطین امت مسلمہ کے اتحاد اور بیداری کا مظہر بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارا چنار میں شیعہ سنی مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کے لئے مسلسل سازشیں جاری ہیں۔ پارا چنار کے شیعہ اور سنی مسلمانوں کو اپنی بیداری، ہوشیاری اور وحدت سے دشمن کی اختلاف اور انتشار پر مبنی سازش کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارہ جنار قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی رحمہ اللہ علیہ کی سرزمین ہے۔ جو ملت اسلامیہ پاکستان کے عظیم محسن اور اتحاد بین المسلمین کے علمبردار تھے۔ پارا چنار ہمارے دلوں میں بستا ہے اور ہمارے دل پارہ چنار کے غیور عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارا چنار کا محاصرہ ختم کرتے ہوئے پارا چنار پشاور شاہراہ کو پارہ چنار کے عوام کے لئے پرامن بنایا جائے۔ صوبائی اور وفاقی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پارا چنار میں دیر پا امن کے لئے سنجیدہ اقدامات کریں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور ملت جعفریہ کبھی بھی پارا چنار کے مظلوم عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ہم قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم کے منتظر ہیں، اگر قائد وحدت نے پارہ چنار کی طرف لانگ مارچ کا حکم دیا تو ملک بھر سے قافلے قائد وحدت کے حکم پر پارا چنار کا رخ کریں گے۔