وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ میں ائیرپورٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جمعیت علمائے اسلام (ف) سے وابستہ جید عالمِ دین، مفتی عبد الباقی نورزئی کی شہادت پر ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ یہ امر نہایت افسوسناک اور تشویشناک ہے کہ گزشتہ دو ماہ سے علمائے کرام کو مسلسل ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ہی نوشکی میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، جو ایک المناک سانحہ ہے۔ملک میں جاری اس دہشت گردی کی لہر پر قابو پانے میں حکومت اور متعلقہ ادارے مکمل طور پر ناکام نظر آتے ہیں، جو باعثِ تشویش ہے۔ اللہ رب العزت پاکستان اور اس کے عوام کی حفاظت فرمائے اور دشمنانِ وطن کو نیست و نابود کرے۔ الہی آمین