وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے ضلع کرم حلقہ 37-NA ری کاؤنٹنگ کیس کو خارج کرنا حق و سچ کی فتح ہے، مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک مرتبہ پھر سرخرو ہوئی ہے، سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے مجلس وحدت مسلمین کے ایم این اے انجینئر حمید حسین کے ری کاؤنٹنگ کیس کو ڈسمس کر کے عدل وانصاف کی پامالی کے متمنیوں کو مایوس کیا ہے، عدلیہ کی جانب سے بغیر دباؤ کے فیصلے ملکی استحکام کے ساتھ ساتھ عدلیہ کے وقار کا بھی باعث ہیں اور عوام میں اداروں پر اعتماد کا موجب بنیں گے، وطن عزیز سیاسی و معاشی حوالے سے جس نازک صورتحال سے گزر رہا ہے مزید تجربات اور غیر دانشمندانہ اقدامات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
کیس کی سماعت کے موقع پر سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین، انجینئر سید ظہیر نقوی و دیگر قائدین ہمراہ موجود تھے۔